"کبھی الوداع نہ کہنا "

سورج کی آخری کرنیں سعودی عرب کے خوبصورت شہر ابھاء کے بلندوبالا پہاڑکی چوٹی کو چوم کرالوداع کہتے ہوئے ہم پردیسیوں کو وطن سے دُوری کا ایک دن مزید کم ہونے کا احساس دلا رہی تھیں۔لیکن اُنہیں کیا معلوم کہ ہم وطن سے دور بسنے والوں کے دل میں شاید اﷲ نے ماں جیسا دل رکھ دیا ہے ۔کہ جیسے ماں کو اپنی اولاد کے ہردکھ اور درد کا غیب سے اشارہ مل جاتا ہے۔ایسے ہی ہر روز ہم پردیسیوں کے دل اپنے وطن کے ایک ایک شہری کے لئے دھڑکتے ہیں اور کوئی بھی حادثہ یا بری خبرہمارے دل و جان تک کوگھائل کردیتی ہے۔ آج میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہواکہ ایک عجیب سی بے چینی میرے رگ و پے میں سمانے لگی ۔میں اسی بے چینی کی کیفیت میں شکستہ قدموں سے چلتاہوارہائش پر پہنچاتو اک الم ناک حادثہ کی خبر نے جیسے جسم سے جان ہی نکال لی اورمجھ پرسکتہ کی کیفیت طاری کردی۔

اک کرب ناک حادثہ کے بعد ٹیلی ویثزن کی سکرین پرعمران خان کے سر سے بہتا خون اوربے ہوشی کے عالم میں ہسپتال منتقلی کے مناظرنے پوری پاکستانی قوم پر سکتہ طاری کیا ہوا تھا ۔ دُنیا بھر سے عمران خان کی صحت ، تندرستی و سلامتی کی دُعاؤں اورخواہشات کے موصول ہوتے پیغامات دیکھ کرمیں سوچ رہا تھا کہ عمران خان کی غریبوں سے سچی ہمددردی اور خیرخواہی کا پیغام پاکستان کے جن لوگوں تک نہیں پہنچ پایا تھا،عمران خان نے قوم کی خاطر اپنا خون بہا کر پاکستان کی سلامتی ، نئے پاکستان ،پاکستانی قوم سے ہمددردی اور خیرخواہی کا یہ سچا پیغام چندساعتوں میں دُنیا بھر کے انسانوں تک پہنچا دیا!

عمران خان واقعی ایک بہادر لیڈر ہیں جو بُرے سے بُرے حالات میں بھی جنگ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ عمران خان نے قوم اور ملک کے لئے بے مثال قربانیاں دیں۔عمران خان نے بجاکہا کہ وہ اپنی زندگی کے 17سال پاکستان کے لئے لڑے۔لیکن اس بارتو عمران خان صاحب آپ نے حد ہی کردی اور اس سے بھی بڑی بات یہ کہ انتہائی تکلیف اور درد کی حالت میں بھی ایک ایک غریب اور بے سہارا پاکستانی کی خیرخواہی کے لئے آپ کے پیغام نے پوری دُنیا کو محو حیرت کردیاہے۔جنون کی حد دیکھیں کہ عمران خان انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں ہے ۔ایسی حالت میں بھی اپنی فکر نہیں بلکہ فکر ہے تو پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور بے بس قوم کی حالت بدلنے کی ۔دُنیا عمران خان کی صحت و سلامتی کی دعا کررہی ہے اور عمران خان ایسے حال میں بھی قوم سے کہہ رہا ہے کہ آپ نے اپنے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑنی ہے اور فیصلہ کرنا ہے ایسے ہی چلتے رہناہے یا نیا پاکستان بنانا ہے۔ ایک ایسا ملک جس میں آپ کی عزت ہو اور جس میں آپ انسانوں کی طرح رہ سکیں، جہاں عدل و ا نصاف ہو۔ عمران خان قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے قوم سے التجا کرتا ہے ۔ (ترجمہ-:حقیقت یہ ہے کہ اﷲ کسی قوم کے حال کو نہیں بدلتاجب تک وہ خوداپنے اوصاف کو نہیں بدل دیتی۔ (القرآن 13.11)

عمران خان پاکستان بھر کے نوجوان اورپوری قوم تمھارے ساتھ ہے اور آخری جیت تمہاری ہی ہوگی لیکن اس بار تمھاری جنگ بہت بڑی ہے کیونکہ اس بار غربت ،بے روزگاری، بدامنی ،بدحالی، کرپشن اور پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔ اس قوم کو تیری ضرورت ہے قوم کو تبدیلی کی آس اوراُمید دے کر کبھی ساتھ نہ چھوڑنا،اپنے پرامیدجوانوں کو اور اپنی قوم کوکبھی الوداع نہ کہنا کہ یہ قوم اب مزید کسی صدمہ کی متحمل نہیں۔ ملاوٹ اور بے ایمانی کے اس دور میں تیرے جیسے سچے جذبہ والے سچے لیڈر کم ہی ملتے ہیں۔
آخر وہ وہ کیا چیز ہے جوتمھارے اندر اس قوم کے لئے ہمدری اور ذمہ داری کا احساس جگاتی ہے۔ جوتمہیں تھکنے نہیں دیتی، جوتجھے سونے نہیں دیتی۔ شاید تمہیں بھی نہیں معلوم کہ یہی چیز تمہیں دوسروں سے ممتاز کرتی اور خصوصی بناتی ہے۔ وہ ہے اپنے وطن سے ،اپنی قوم سے تمھاری محبت اور عمران خان تم نے اس قوم کی خاطر اپنے جسم پر زخم کھا کر اس قوم سے اپنی سچی محبت کا اظہار کردیا ہے کہ تجھ جیسے ایک عظیم اور سچے انسان کے پیار نے اس قوم کو احساس سے دوچار کردیاہے ۔یہی وجہ ہے کہ اس حادثہ کے بعد پاکستان کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں نے احساس کیاکہ ایک دوسرے سے سیاسی اختلافات اور طریقہ کار پر تو اعتراض ہو سکتا ہے لیکن انہیں ایک دوسرے سے ذاتی دُشمنی یا ذاتی اختلاف بالکل نہیں۔اس حادثہ کے بعد عمران خان اور پوری قوم سے اظہار یکجہتی کے لئے سیاستدانوں کا 8مئی کو جلسوں اور سیاسی سرگرمیوں کا منسوخ کرنا بھی انتہائی خوش آئندو قابل ِ تحسین عمل تھا۔ محترم میاں محمدنوازشریف، میاں شہباز شریف ، مریم نوازشریف،سیدمنور حسن، آصف علی زرداری، بلاول بھٹوزرداری، مولٰنا فضل الرحمن، اسفندیار ولی خان سمیت تما م سیاستدان ، ساری پاکستانی قوم اور دُنیا بھر سے عمران خان کو چاہنے والے تحریک انصاف کے چیئرمین ،محترم عمران خان کی سلامتی اورصحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ ہماری بھی دُعا ہے کہ اﷲ رب العزت اپنے کرم سے عمران خان سمیت میرے پیارے وطن پاکستان کے ہرخاص وعام پر کرم فرمائے اور میرے پورے پاکستان میں بسنے والے ہرامیروغریب کو صحت ، تندرستی اور سلامتی عطا فرمائے ۔

اے رب العزت ہمارے گناہوں کو معاف فرما اور ہمارے ملک پاکستان سمیت پُورے عالمِ اسلام میں امن سکون عطاء فرما ۔
آمین ثم آمین یارب العالمین۔
اللَّھُمَّ الرْحَم ْاُمَّۃَ مُحمَّدِِرَحْمَۃََعَامَۃ ً ۔ اللَّھُمَّ اَصْلِحْ اُمَّۃَ محمدِِﷺ
MUHAMMAD AKRAM AWAN
About the Author: MUHAMMAD AKRAM AWAN Read More Articles by MUHAMMAD AKRAM AWAN: 99 Articles with 83463 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.