عوام ! تمناؤں میں الجھے ہیں

جمہوریت کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتاہے۔لیکن اگر جمہوریت کا موازنہ کیا جائے تومعلوم ہوگا کہ جمہوری نظام عجب چیز ہوتی ہے اس میں الیکشن تو بطورِ خاص اپنی ایک اہمیت رکھتے ہیں۔ اور ہمارے یہاں تازہ تازہ الیکشن ہوئے ہیں اور پھر حکومت سازی بھی ہوئی، جمہوری اصولوں کے مطابق اقتدار کی منتقلی بھی ہوئی، مگر عوام کے مسائل ابھی تک عوام تک منتقل ہوناشروع نہیں ہوئے۔ الیکشن کا اصل میں ایک خاص موسم ہوتاہے جب ہرپارٹی کے درخت پر وعدوں کے پھل پھول اس قدر دکھائی دیتے ہیں کہ جیسے ابھی الیکشن ہوئے اور سارے مسائل کا خاتمہ……لیکن یہ پھول نہ کبھی کھلتے ہیں اور نہ یہ پھل کبھی کسی کے ہاتھ لگتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہر قومی سیاسی پارٹی دل کھول کروعدے وعید کرتی ہے،صرف ایک مثال یہاں پر تحریرکروں گاکہ الیکشن سے پہلے کئی پارٹیوں نے یہ وعدہ کیاکہ مزدوروں کی کم از کم تنخواہ پندرہ ہزار کر دی جائے گی۔لیکن جیتنے والی پارٹی نے بجٹ میں اس معاملے کو اُجاگر ہی نہیں کیا۔ہاں پنجاب سرکار نے بجٹ میں یہ کہاکہ بتدیج یہ تنخواہ پندرہ ہزار کر دی جائے گی۔کیا الیکشن سے پہلے کے وعدوں میں بتدریج کا لفظ استعمال کیاگیاتھا۔شاید نہیں!پتہ نہیں کیوں عوام سے خم ٹھونک کر وعدے کئے جاتے ہیں اور بعد میں انہیں اُسی کسمپرسی میں چھوڑ دیاجاتاہے۔پارٹیاں وعدوں کی برسات توکرتی ہیں لیکن ایک بوند بھی یہاں بسنے والے عوام کے لئے نہیں ٹپکتا۔عوام آج بھی زبوں حالی کا ماتم کرنے پر مجبورہیں۔آج موجودہ ماحول اور اقتدار عوام کے لئے عملی اقدامات کرنے میں بہت سازگارلگتاہے اگر حکومت خلوصِ دل سے چاہے تو ترقی وخوشحالی کا سفر شروع کیاجا سکتاہے اور صدقِ دل سے اس سمت میں اگر قدم اٹھایاجائے تو لازمی ہے کہ نتیجہ اچھا ہی برآمد ہو گا ورنہ ایسے تمام وعدوں کے بارے میں یہی کہنا پڑے گاکہ:
تمناؤں میں اُلجھایا گیا ہوں
کھلونے دے کے بہلایا گیا ہوں

پاکستان نے ابھی تک جمہوریت تودیکھی ہے مگر جمہوریت کے ساتھ ساتھ منصوبہ بندی کو اختیار نہیں کیا،اس وقت ساری دنیا کی نگاہیں اس تجربہ کے نتائج کو دیکھنے میں لگی ہیں۔آپ دیکھئے کہ چین ، ہندوستان اورپھربنگلہ دیش تینوں نے انیسویں صدی میں سیاسی اور اقتصادی انقلاب کا راستہ اپنایا۔تینوں بڑی آبادی والے بڑے ملک ہیں۔تینوں کو وراثت میں غریبی،جہالت اور پس ماندگی کاسامنا تھا۔اس وقت سے دنیا کے حالات کا جائزہ لینے والے، تینوں ملکوں کی ترقی کا موازنہ کرتے رہتے ہیں۔لوگوں کا عام تصوریہ ہے کہ چین نے کم عرصہ میں زیادہ ترقی کی ہے۔دنیا کے بازاروں میں چینی مال چھایا ہواہے اور ہر جگہ باآسانی ملتاہے۔ہندوستان اور بنگلہ دیش نے بھی ترقی کی ہے مگر چین کے مقابلے میں یہ دونوں ممالک پیچھے نظر آتے ہیں۔تجارت،کھیل اور سیاست کے میدان میں چین ایک بڑی طاقت بن کر اُبھرا ہے۔اگر یہ ممالک ترقی کر سکتے ہیں توکیا ہمارا ملک ترقی کے منازل طے نہیں کر سکتا۔پتہ نہیں ہم اور ہمارے ارباب کی آنکھیں کب کھلیں گی۔کب ہم اس دوڑ میں شامل ہونگے۔کب یہاں کے عوام کی تقدیر بدلے گی،کب یہاں امن و امان ہوگا،کب یہاں بے روزگاری ختم ہوگی،کب یہاں لوڈ شیڈنگ کا عذاب ختم ہوگا،کب یہاں فرقہ واریت اور مسلکیت کا بیج بوناختم ہوگا،کب دہشت گردی تھمے گی،خدا کرے کہ اُس دن کا سورج جلد ہی طلوع ہو اور ہم بھی ترقی کی شاہراہیں عبور کر سکیں۔ہماری کرنسی کا حال دیکھئے کہ کل ہی میری ملاقات ایک ریسرچ اسکالر سے ہوئی جو بنگلہ دیش کا رہنے والاہے مگر شہرِ قائد سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے حصول میں سرگرداں ہے اور ساتھ ہی ساتھ یہاں کوئی جاب بھی کرتاہے تاکہ روزی روٹی کا معاملہ بھی چلتا رہے۔کل اس شخص نے کہاکہ پہلے پاکستان سے پچاس ہزار روپئے اپنے ملک بھیجتاتھا تو وہاں ایک لاکھ روپیہ گھر والوں کو ملتا تھامگر اب پچاس ہزار بھیجوں تو تیس ہزار ہی ملتاہے۔یہ ہوگیا ہے ہماری کرنسی کا حال!خدا ہمارے حال پر اپنا خاص رحم و کرم فرمائے۔

موجودہ پاکستان کا غریب اب پہلے جیسا تو نہیں مگر پھر بھی وہ چاہتا ہے کہ اس کے زندگی کی ترجیحات میں تبدیلی آئے۔ یہاں کا غریب دال روٹی کھانے والا اور موٹا کپڑا پہننے والا غریب ہے اس کا رہن سہن نہیں بدلا ، اس کے آرزؤیں اور ارمان نہیں بدلے ہیں وہ بھی اچھا کھانا اور اچھا پہننا چاہتا ہے ، وہ بھی اچھی زندگی بسر کرنا چاہتا ہے، وہ زندہ رہنے کے لئے اس کے علاوہ اچھا مکان، بہتر علاج اور بہتر تعلیم کی سہولت چاہتاہے۔آئندہ اقتصادی منصوبہ بناتے وقت ان باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوگاجس سے غریبوں کی حالت بدلی جا سکے۔بحث و مباحثے تو ان غریبوں کے حالات بدلنے کے لئے چلتے ہی رہتے ہیں مگر اس پر عملی کاروائی دیکھنے میں نہیں آتی اس طرف بھی ارباب کو سوچنا پڑے گا تاکہ ان کی زندگی میں سدھار آ سکے۔ایک طرف توغریب آدمی اچھا کھانے پینے کے بارے میں سوچتاہے،مگر ملک میں ان کے لئے کوئی نہیں سوچتاہے،ملک کے لیڈروں نے یہ بھی خواب دکھایاتھا کہ آزاد پاکستان میں امیر اور غریب کا فرق مٹ جائے گا۔مگر یہ خواب ابھی تک حقیقت کے قرب کو چھوتا ہوادکھائی نہیں دیتا۔اگر غریبوں کی آمدنی بڑھے گی تو ان کے ارمانوں کے مطابق ان کے اخراجات بھی بڑھیں گے ، کاش کہ اس طرف کسی حکومت نے توجہ دی ہوتی تو آج حالات یکسر تبدیل ہوتے۔غریبوں کے درد کا یہ شعر خوب توجہ دلاتاہے۔
کس طرف جاؤں، کدھر دیکھوں، کسے دوں آواز
اے ہجومِ نامرادی دل بہت گھبرائے ہے

ویسے بھی مہنگائی نے ہر طبقہ کی ناک میں دم کر رکھاہے۔ہر بندے کی زبان پر ایک ہی بات ہے مہنگائی نے مار ڈالا ،آج عالم یہ ہے کہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے مگر نہ کوئی بولنے والا ہے اور نہ اس سلسلے میں کسی کو دلچسپی اور رغبت ہے۔نتیجہ یہ ہے کہ ہر طبقے کے لوگوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔اس بے لگام مہنگائی کے زمانے میں لوگوں کو گھرکا خرچ چلانامشکل ہوچکاہے اور حکومت دس فیصد کا نظرانہ دے کر سمجھ رہی ہے کہ ان کے مسائل حل کر دیئے۔کھانے پینے کی اشیا سے لے کر پہننے اوڑھنے کی تمام چیزیں بلکہ یوں کہہ سکتے ہیں کہ سوئی سے لے کرجہاز تک تمام چیزیں غریب اور متوسط طبقہ کی دسترس سے باہر ہو چکی ہیں۔معمولی تنخواہ پانے والا شخص اپنے گھر والوں کاپیٹ کس طرح پال سکتاہے جبکہ اسی تنخواہ میں بچوں کو پڑھانا لکھانا بھی ہے،گھریلو اخراجات بھی پورے کرنے ہوتے ہیں اور میڈیکل بھی برداشت کرنا پڑتاہے۔مگر افسوس اس طرف کوئی توجۂ خاص نہیں ڈالتا۔بصورتِ دیگر ہر ایسے معاملات کے بعد مرثیے پڑھے جائیں، کھوکھلے بیانات جاری ہوں، گرما گرم قرار دادیں منظور ہوں اور زندگی لگے بندھے معمولات کی راہوں پر چلتی رہے تو ہم اصلاح احوال کی امیدکیسے کرسکتے ہیں،جن خواہشوں اور قرار دادوں کے پسِ پشت عوامی طاقت نہ ہو،انہیں ٹھوکروں پر رکھا جانا چاہیئے،آنکھوں کا سرمہ نہیں بنایاجاناچاہیئے۔اختتامِ کلام بس اتنا! کہ خدا ہمارے حکمرانوں اور بیورو کریسی کو ایسی توفیقِ خدمت مرحمت فرما ئے جس سے غریبوں کا بھلا ہو سکے۔آمین
Muhammad Jawaid Iqbal Siddiqui
About the Author: Muhammad Jawaid Iqbal Siddiqui Read More Articles by Muhammad Jawaid Iqbal Siddiqui: 372 Articles with 338314 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.