سادگی اچھی چیز ہے

سادگی اچھی چیز ہے، جی ہاں! ہم جانتے ہیں کہ سادگی اچھی بلکہ بہت اچھی چیز ہے بھلا یہ بھی کوئی بتانے والی بات ہے ہم اتنے بھی نادان نہیں کہ سادگی کے معنی و مفہوم سے بھی نابلد ہوں آپ بھی نہ کمال کرتے ہیں کمال کرتے ہیں کوئی کرنے والی بات کریں یہ بھی کوئی بات کہی کہ "سادگی اچھی چیز ہے" بالکل درست یہ تو بہت ہی معمولی سی بات ہے کہ "سادگی اچھی چیز ہے"

مگر میرے عزیزو! کیا صرف ہمارے لئے یہ جان لینا ہی کافی ہے کیا اچھا ہے اور کیا اچھا نہیں ہے کیا ہم نے کبھی اس چیز کو اپنی عملی زندگی میں بھی اپنایا ہے جو اچھی ہے اور اسے ترک کیا ہے جو اچھی نہیں ہے کہ نہیں

محض کسی چیز کا یا کسی بات کا علم رکھنا ہی کافی نہیں ہوتا بلکہ اس اچھی چیز کو اس اچھی بات کو جسے ہم جانتے بھی ہیں اور مانتے بھی ہیں لیکن عملی زندگی میں لاگو نہیں کرتے انہیں اپنی زندگی کا معمول بنانا ہی اچھی بات ہے

کسی چیز کا علم ہونا بہت اچھی بات ہے مگر یہی اچھی بات اس وقت تک اچھی نہیں ہوتی جب تک کہ اس پر عمل نہ کیا جائے اچھی بات کو بے عملی کی نظر کر دینا اچھی بات نہیں بلکہ بہت بری بات ہے جب ہم یہ علم رکھتے ہیں کہ سادگی اپنانا اچھی بات ہے تو پھر ہم اسے عملی زندگیوں میں اپنانے سے گریزاں کیوں رہتے ہیں

ہم سب اس بات کا شعور رکھتے ہیں کہ ہمارا پیا را وطن آج کل کن مسائل کا شکار ہے تو ہم اپنے وطن عزیز کو ان مسائل سے نکالنے کی تدبیر کیوں نہیں کرتے جبکہ قاعدہ ہے کہ مرض کی تشخیص ہو جانے کے بعد معالج کے لئے مرض کا علاج قدرے آسان ہو جاتا ہے

جب ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ملک کس نوعیت کے مسائل کا شکار ہے تو پھر ہم اسے ان مسائل سے نکالنے کی تدبیر کیوں نہیں کرتے جب کہ ہم جانتے ہیں کہ ان مسائل کو ہمیں خود حل کرنا ہے ہم ہی اس کے معالج اور ہم ہی اس کے طبیب ہیں کوئی باہر سے آکر ہماری ڈوبتی کشتی کو بھنور سے نہیں نکالے گا ہمیں اپنی کشتی کو خود پار لگانا ہے

بظاہر معمولی نظر آنے والے بہت سے ایسے کام اور ایسی باتیں ہیں جنہیں ہم روز مرہ زندگی میں نظر انداز کر دیتے ہیں بنظر غائر ان کا جائزہ لینے سے اور ان پر عمل درامد کی صورت میں حاصل ہونے والے دور رس اور سود مند نتائج کے در ہم پر بخوبی وا ہوسکتے ہیں

انسان کی فطرت ہے کہ انسان جہاں اپنا فائدہ پاتا ہے "اس پنڈ ضرور جاتا ہے" تو پھر ہم کیوں نہ اس راستے پر گامزن ہوں جس پر ہماری انفرادی و اجتماعی صحت کا انحصار ہے ان ہی اچھی باتوں میں سے ایک اچھی چیز، ایک اچھی بات، ایک اچھا نظریہ اور ایک اچھا عمل سادگی اختیار کرنا بھی ہے اسے اپنی زندگی کا شعار بنائیں انشاء اللہ العزیز اپنی زندگی میں سادگی اختیار کرنے کے باعث آپ اپنی ذات میں اپنی زندگی میں خاطر خواہ بہتری محسوس کریں گے

اپنے معمولات میں سادگی کا چلن اپنائیں کہ سادگی ہمارے پیارے نبی پاک حضرت محمد علیہ الصلوۃ و السّلام کی سنت ہے اور اسی نسبت سے سادگی اختیار کرنا ہمارے لئے باعث ثواب اور باعث خیرو برکت بھی ہے

سادگی اختیار کرنے سے آپ اپنے بہت سے مسائل اور پریشانیوں کا باآسانی ازالہ کرسکتے ہیں انسانی زندگی میں سادگی کی اہمیت و ضرورت اور سادگی کے چلن سے حاصل ہونے والے فائدے کو آپ خود نا صرف مان جائیں گے بلکہ بہ سر و چشم تسلیم کریں گے کبھی اس مقولے پر عمل کرکے تو دیکھیں کہ "سادگی اچھی چیز ہے"
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 456977 views Pakistani Muslim
.. View More