رابطۃ العالم الاسلامی(۲)

رابطہ سے ہماری شناسائی کی بنیاد (الفاروقعربی کی ادارت ہے،اس میں اضافہ1990ء میں رابطہ کی جانب سے عالمی سطح پر منعقدہ ادبی مقابلۂ مضمون نویسی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے سے ہوا،1992ء میں رابطہ کی طرف سے اسلام آباد میں ایک کانفرنسبعنوان:(المؤتمرالعالمي الاول للعلماء)کا انعقاد ہوا،جس میں راقم بھی مدعو تھا،پھرہمارے مضامین رابطہ کے مجلات وجرائد میں شرفِ طباعت واشاعت پاتے رہے،مراسلت بھی جاری رہی،بلکہ بعدمیں لبنان کے مجلۃ’’التقوی‘‘ میں کالم نویسی اور ان کی طرف سے’’ ادبی ایوارڈ‘‘کاباعث بھی یہی رابطہ ہے، اﷲ تعالی ہمارے اس ’’رابطے ‘‘کومز یدمربوط اور مستحکم فرمادیں۔

رابطہ عالمِ اسلامی کے عظیم الشان سیکریٹریٹ (الامانۃ العامۃ)کا بیرونی منظر
تمام مسلم ممالک کے پرچم عمارت پر لہرارہے ہیں۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹریٹ میں:
صبح نو بجے کے قریب میں نے مولوی اسامہ مکی کو بلایا ،وہ اپنی کار لائے ،اور ہم رابطۃ العالم الاسلامی کے (الأمانۃ العامۃ)جنرل سیکرٹریٹ چلے گئے ،وہاں گیٹ پر ہم سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ رکھ لیا گیا ،اور ایک بیج دیا گیا کہ اسے جیب پر لگا یا جائے ،چنانچہ چندہی لمحوں بعد ہم اپنے دوست مجلۃ (الرابطۃ) کے مدیرالتحریر منیر حسن منیر کے آ منے سامنے کھڑے تھے ،عرب دنیامیں میرے مضامین پر تصویر اور ان کے بھی مضامین پر تصویر کی وجہ سے بلا کسی تعارف کے وہ اپنی سیٹ سے اٹھ کرہمارے استقبال کوآگے بڑھے اور ہم ایک دوسرے سے انتہائی پُر تپاک انداز میں بغلگیرہوئے ،وہاں ڈاکٹر أبو زید صاحب بھی تشریف فرماتھے ،جو چیف ایڈیٹر(رئیس التحریر) ہیں ،ان سے بھی بہت خوشگوارماحول میں گفتگو ہوئی ۔

منیر حسن منیر پہلے ہفت روزہ ’’العالم الاسلامی ‘‘کے مدیر التحریر رہے ہیں ،اور اب مجلۃ ’’الرابطۃ ‘‘کے مدیرالتحریرہیں،نہایت خلیق ، متواضع اور پورے عالم کے حالات کے ساتھ ساتھ مسلم اقلیات،استعماری سازشوں اور مسلم دنیا میں دینی ودنیوی تعلیم پر نہایت عمیق اور دقیق معلومات کے حامل ہیں ۔
’’مدارالسارعۃٰ‘‘کے نام سے ان کے مضامین چھپتے ہیں ،جومجلہ’’ الرابطہ ‘‘اور ’’العالم الاسلامی ‘‘کے علاوہ دیگر مجلات و جرائد کی بھی زینت بنتے ہیں،پاکستان میں بھی ان کے مضامین وتجزیئے اردو میں ترجمہ ہوتے رہتے ہیں ۔

ان کے بعد ہم نے شیخ محمد بن ناصر العبودی سے ایک مفصل ملاقات کی ،پھرشیخ عبد الحمید اللبنانی کی معیت و رہنمائی میں جناب ڈاکٹر سعد الشہرانی چیف ایگزیکٹیو’’الملتقیٰ العالمي للعلماء والمفکرین المسلمین،برابطۃالعالم الاسلامي ‘‘کے آفس گئے ،جہاں عربی قہوہ اور کھجوروں کے علاوہ اس ملتقیٰ کیلئے رکنیت کے دوفارم ہم نے وصول کئے ،جن میں سے ایک ہم نے شیخ سلیم اﷲ خان صاحب کے لئے اورایک اپنے لئے پُرکرکے دیدئے،دکتورسعدشہرانی صاحب نے کہا کہ آپ صرف ممبر نہیں ،بلکہ مزید ممبر سازی کا کام بھی ہماری شرائط کے مطابق اپنے ملک میں کرینگے ،اس پر انہوں نے ایک تحریر لکھ کر ہمیں دی، جس پر ہم نے ان کاشکریہ ادا کیا۔

ہم نے ان سے یہ بھی عرض کیاکہ ہم دکتور عبداﷲ بن عبد المحسن الترکي(جنرل سیکرٹری رابطہ عالم اسلامی )سے بھی ملاقات کرنا چاہتے ہیں ،انہوں نے فرمایا کہ بالکل، آیئے نماز کا وقت ہے ،وہ نماز میں آتے ہیں اور امامت خود کراتے ہیں ،وہیں پر بہت آسانی سے ملاقات ہو جائیگی ۔
ڈاکٹر عبداﷲ بن عبد المحسن الترکی سے ملاقات:

چنانچہ ہم مسجد گئے ،ڈاکٹر صاحب بھی پہنچ گئے ،سنتیں پڑھیں ،نماز کی امامت انہوں نے خودکرائی،جماعت کے بعد اطمینان اور سکون سے سنتیں اور نوافل ادا کرکے ملنے والوں کی طرف متوجہ ہوئے،ہماری طرح بہت سے لوگ ملاقات کے لئے تشریف لائے تھے،ہم بھی ملے ، نہایت محبت ،شفقت اور مہربانی سے پیش آئے،ہم نے شیخ صاحب کا بھی بتایا کہ وہ بھی حرم کے قریب تشریف فرما ہیں ،انہوں نے فرمایا کہ ملاقات کا کیا طریقہ ہے ؟ ہم نے تفصیل بتائی،کہا کہ جمعرات تک ہم سفر میں ہوں گے ،جمعرات اور جمعہ تو عام چھٹی ہے ،ہفتے کو ہم کوئی پروگرام ترتیب دیکررابطہ کریں گے،تاکہ’’ رابطہ‘‘کاصدرِوِفاق وصدراتحادِتنظیمات ِ مدارسِ دینیہ پاکستان سے باضابطہ رابطہ ہوجائے ،ہم نے انہیں اپنانمبردیدیااور چلے آئے ۔

مندرجہ ذیل معروف حضراتِ علماء اور عظیم شخصیات بالترتیب رابطہ کے ناظمین اعلی رہے:شیخ محمدسرور الصبان،شیخ محمد بن صالح القزاز،شیخ محمدبن علی الحرکان،ڈاکٹر عبداﷲ عمر نصیف،ڈاکٹر احمد محمد علی،ڈاکٹرعبداﷲ بن صالح العبید اورڈاکٹر عبداﷲ بن عبدالمحسن الترکی۔

ان میں سے ہر بزرگ ایک سے ایک ہے،کیونکہ رابطہ کی نظامتِ علیا کے لئے ہر ایرے غیرے کاانتِخاب نہیں ہوتا، بلکہ کسی مشہور،معتمد اورمعتبر شخصیت کا چُناؤ ہوتاہے،چنانچہ موجودہ امین عام دکتور ترکی ہی کو لیجئے ،کہ سابقہ نہیں ان کے حالیہ مناصب جن پر وہ بیک وقت فائز ہے وہ بیس(۲۰)سے زائدہیں۔مثلاً:
۱)صدراسلامک یونیورسٹیز مانیٹری فنڈ
۲)صدر الندوۃالعالمیۃ للشباب الاسلامی
۳) صدر رابطۃالجامعات الاسلامیۃ الدولیہ
۴)چیئرمین انٹرنیشنل اسلامک کونسل(لندن)
۵) صدر جنرل سیکریٹریز کونسل کنگ فیصل یونیورسٹی چاڈ
۶) صدر جنرل سیکریٹریز کونسل اسلامک سینٹر آف ایڈنبرا
۷)صدر انٹر نیشنل کونسل برائے امتحانات اسلامک اینڈ اربک سکولز
۸)صدر مدرسین وصدرنصابی کمیٹی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد
۹) ممبرخصوصی رابطۃالادب الاسلامی العالمیۃ

اس کے علاوہ تقریباً گیارہ(۱۱) بین الاقوامی لیول کے مختلف اداروں کے مرکزی بورڈز میں ڈاکٹر صاحب ایک سرگرم ممبر کے طورپرکام کررہے ہیں،جبکہ ان کے سابقہ عہدوں میں سے سعودی وزارتِ مذہبی امور،مشیرقصرشاہی، رکن کبار علماء بورڈمملکتِ سعودی عرب اورجامعۃالامام محمد بن سعودالاسلامیۃبالریاض کی نظامتِ علیا۔اس سے قاری ان کی شخصیت کی ہمہ گیریت اور فعالیت کا اندازہ بآسانی لگا سکتاہے۔
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 878095 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More