انرجی ڈرنکس‘صحت کے لئے نقصان دہ شوق

گزشتہ کچھ عرصے سے نوجوانوں کے منہ سے انرجی ڈرنکس کی شان میں بہت سے قصیدے سنائی دے رہے ہیں بلکہ بعض نوجوان تو جب تک دن میں ایک مرتبہ انرجی ڈرنک نہ پی لیں خود کو کمزور محسوس کرنے لگے ہیں تاہم امریکی ماہرین کی ایک ٹیم کا کہناہے کہ کہ نوجوانوں اور بچوں میں انرجی ڈرنکس کا بہت زیادہ استعمال اُن کی صحت کو پیچیدگیوں کا شکار بنا سکتا ہے۔ ان مشروبات میں موجود کیفین اور دیگر عناصر نوجوانوں کی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔

امریکی ماہرین کی ایک ٹیم نے انرجی ڈرنکس کے مشہور برانڈز کے صحت پر اثرات سے متعلق درجنوں رپورٹوں کا تفصیلی مطالعہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مشروبات بیماریوں کے اچانک حملے، نظر کی خرابی اور دل کے امراض کے علاوہ گردوں اور جگر کی خرابی کا باعث بھی بنتے ہیں۔

سائنسی جریدے پیڈی ایٹرکس(pediatrics) میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کو میامی یونیورسٹی کے محققین نے مرتب کیا ہے۔ اس تحقیقی ٹیم کی قیادت کرنے والے ڈاکٹر اسٹیفن لیپشٹس کے مطابق اگرچہ نوجوانوں کے زیادہ تر گروپوں میں ان مشروبات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی شرح کم ہے لیکن کچھ نوجوانوں میں ان مشروبات کے استعمال کے انتہائی خراب اثرات بھی دیکھے گئے ہیں۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ امریکہ میں ہر سال نوجوان تقریباً9 نو بلین ڈالر انرجی ڈرنکس خریدنے پر صرف کرتے ہیں۔ نوجوانوں، بچوں اور بالغ افراد کی صحت سے متعلق تحقیق کرنے والے ڈاکٹروں کے مطابق ان انرجی ڈرنکس کو قانونی طور پرخاص طرح کے قواعد و ضوابط کا پابند بنایا جانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیق کی بھی اشد ضرورت ہے۔

مشروبات تیار کرنے والی کمپنیاں دعوے کرتی ہیں کہ اُن کے مشروبات دماغی اور جسمانی تندرستی اور کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتے ہیں اور اُس کے ساتھ ساتھ احساسات کو بھی تقویت بخشتے ہیں‘ تاہم محققین کا خیال ہے کہ ان اداروں کی طرف سے کئے جانے والے ایسے دعوﺅں کے بارے میں کئی طرح کے سوالات اُٹھائے جا سکتے ہیں۔

امریکی قانون کے مطابق یہ مشروبات چونکہ غذائی سپلیمنٹس سے آراستہ ہیں‘ اس لئے امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی ان کے تیارہ کنندگان سے ان مصنوعات کے انسانی صحت پر اثرات سے متعلق وضاحت طلب نہیں کر سکتی۔

اس مسئلے کے حل کے لئے لیپشٹس اور اُن کے ساتھی محققین نے انرجی ڈرنکس تیار کرنے والی کمپنیوں کی ویب سائٹس اور دیگر ذرائع سے بہت سی معلومات جمع کیں۔ کیفین میں انسانی صحت کو متاثر کرنے کی زیادہ صلاحیت ہوتی ہے۔اس رپورٹ میں حوالہ دیا گیا ہے کہ 2007ءمیں امریکہ میں کیفین کے بہت زیادہ استعمال کے پانچ ہزار واقعات سامنے آئے، جن میں سے 46 فیصد واقعات میں متاثرہ افراد کی عمریں اٹھارہ برس یا اس سے بھی کم تھیں۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 201 Articles with 309938 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.