موبائل سنگ زندگی

موبائل فون آج کی وہ ایجاد ہے کہ اس سے ہر خاص و عام بلا تفریق مستفید ہوتے ہیں۔ مستفید ہونے کے لئے موبائل فون ہونا ضروری ہے۔ ضروری تو آج کے دور میں اور بھی بہت کچھ ہے مگر اس کچھ میں موبائل سب سے ضروری ہے۔ ضروری کو استعمال آج ہر کوئی کررہا ہے اور اندھا دھند کررہا ہے۔ اندھا دھند کرنے میں اکثر راہ جاتا بینا بھی نابینا کی مانند ٹکرا جاتا ہے۔ ٹکرا جا نے میں اگر میسج ریپلائی ذمہ دار ہو تو دونوں فریقین سکرین سے نظریں ہٹا کر ایک دوسرے کو گھورنے کا رسک لے ہی لیتے ہیں۔ رسک لینے میں خیال رکھا جاتا ہے میسج ٹائپنگ ہاتھ سے نہ چھوٹے۔اگر چھوٹ جائے تو فون کے دوسری طرف والا روٹھ نہ جائے فون کے اس طرف والے کی پرواہ کسے ہے؟

پرواہ تو خیر سب سے ذیادہ اس کی کی جاتی ہے جو مفت لوڈ کرا دے۔ اک موبائل کا لوڈ دوسرا لائف کا لوڈ دونوں بہت مہنگے ہوتے جارہے ہیں۔مہنگے ہونے پر بھی اُ ٹھا ہر کوئی دل و جان سے رہا ہے۔ جان ہر ایک کی رہتی اُس کے موبائل میں ہے۔ موبائل خواہ کتنے کا ہی کیوں نہ ہو آپ کی جان پھنسی اسی میں رہتی ہے۔ آپ خود اسی میں دھنسے رہتے ہیں۔ دھنستے دھنستے ہنستے بھی رہتے ہیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ اگر کوئی ہنستا ہوا دیکھ لے بطور خاص جب موبائل ہو ساتھ تو آس پاس کے لوگ ایک مشکوک اور بھرپور نظر آپ پر ضرور ڈالتے ہیں۔ عمر، رنگ، نسل، کی تفریق کے بغیر۔ بغیر تفریق کی وجہ بھی یہ ہے کہ حالات اور خیالات ایسے ہو گئے ہیں کہ آپ اور موبائل جتنے پاس پاس ہوں گے آس پاس افراد کے خیالات اُتنے ہی خراب ہوں گے۔

خراب ہوا موبائل تو بالکل ہی ناقابل برداشت ہے جبکہ کچھ خراب انسان کے ساتھ تو پھر بھی آپ گزارہ کر ہی سکتے ہیں۔ گزارہ روٹی، کپڑا، مکان اور موبائل کے بغیر ناممکن ہے۔ناممکن تو بہت کچھ ہے مگر سب سے مشکل ہے موبائل کے بغیر گزارہ کرنا اسی لئَے تو نئی حکومت نے اور کچھ کیا یا نہیں مگر موبائل سروس کو دوبارہ کبھی بھی عارضی معطل نہ کرنے کا فیصلہ سب سے عمدہ کیا ہے۔

عمدہ فیصلے کرنے کے لئے مشاورت کرنا بے حد ضروری ہوتی ہے اسی ضرورت کو مد نظظر رکھتے ہوئے موبائل پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں اور اگر تو دیکھا جائے تو یہ جو فیصلہ کیا گیا ہے نائٹ پیکجز بند کرنے کا یہ کچھ ٹھیک نہیں ہے کیونکہ جتنے دل دکھ اور ٹوٹ جائیں گے اس فیصلے سے ان کا وبال کس پر ہو گا۔۔۔ ذرا سوچئے

sana
About the Author: sana Read More Articles by sana: 231 Articles with 295062 views An enthusiastic writer to guide others about basic knowledge and skills for improving communication. mental leverage, techniques for living life livel.. View More