بلدیاتی انتخابات اور مسلم لیگی حکومت کا دہرا معیار

سپریم کورٹ کے بار بار ہلانے اور جھنجوڑنے کے بعد نہ چاہتے ہوئے بھی تمام صوبائی حکومتیں بالآخر بلدیاتی الیکشن کروانے پر تیار ہوگئیں، پنجاب حکومت نے غیر جماعتی انتخابات کروانے کا اعلان کرکے دیگر جماعتوں کو ہلچل مچانے اور ہائیکورٹ میں جانے پر مجبور کردیا ہے جبکہ خود مسلم لیگی اراکین اسمبلی اورراہنما بار بار اس بات کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام مسلم لیگ ن پر اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ دیں گے اور پورے صوبے میں مسلم لیگ ن ہی کلین سویپ کرے گی۔ذرائع کے مطابق یہ بات بھی منظر عام پر آئی ہے کہ مسلم لیگ ن نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایک درخواست فارم متعارف کروایا ہے جس کے مطابق چیئرمین کے لیے دس ہزار، وائس چیئر مین کے لیے پانچ ہزار جبکہ جنرل کونسلر کے لیے دو ہزارروپے درخواست فیس رکھی گئی ہے، ان باتوں کو اگر دیکھا جائے تو پنجاب حکومت کی جانب سے غیر جماعتی انتخابات کا ڈھنڈورا صرف دوسری جماعتوں کو ورغلانے اور دھوکہ دینے کے لیے ہے اور اندرونِ خانہ مسلم لیگ ن اپنی جماعت کو مضبوط کرنے اور اپنے امیدواوں کو کامیاب کرنے کے لیے تگ و دو میں مصروف ہے اور بلدیاتی انتخابات سے قبل اراکین اسمبلی کو فنڈز اور دیگر پالیسیوں کا اجراء اس کی ایک بہت بڑی کڑی ہے جبکہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف حکومت کی اس روش اور غیر جماعتی انتخابات ڈھکوسلے کو عدالت میں چیلنج کیے ہوئے ہیں جو کہ ان کا حق ہے کیونکہ اس وقت نہ تو ملک میں مارشل لاء ہے اور نہ ہی کوئی ڈکٹیٹر یاآمر ملک پر مسلط ہے، وفاقی سمیت چاروں صوبوں میں جمہوری طریقہ انتخاب سے حکومتیں وجود میں آئی ہیں تو پھر بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی، غیر جمہوری فعل نہیں! جبکہ پیسے اکھٹے کرنے اور مال بنانے کے لیے پارٹی کا سہارا لیا جارہا ہے اور پارٹی سربراہان اپنی جیت کے دعوے کرتے نہیں تھک رہے۔ پنجاب حکومت کو اپنے اس طرزِ عمل پر غور کرنا چاہئے اور یا تو انتخابات کو جماعتی بنیادوں پر کروانے کا اعلان کرنا چاہئے یا پھر اپنے اراکین اسمبلی اور دیگر راہنماؤں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی پلیٹ فارم کو استعمال کرنے اور بیان بازیوں سے منع کردینا چاہئے، بصورتِ دیگر پنجاب حکومت کے قول و فعل میں تضاد ،اس کا کردار مشکو بنتا جارہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے شکوک و شہبات تقویت پکڑ رہے ہیں۔

Mushtaq Ahmed Shaikh
About the Author: Mushtaq Ahmed Shaikh Read More Articles by Mushtaq Ahmed Shaikh : 5 Articles with 3355 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.