سمارٹ فون بنانے والی کمپنی سام سنگ الیکٹرونکس نے ایک
ایسا موبائل فون متعارف کروایا ہے جس کا ڈسپلے سکرین عام فونوں کے مقابلے
میں خم دار ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق گیلیکسی راؤنڈ نامی اس فون میں 5.7 انچ کی
سکرین لگائی گئی ہے۔
|
|
سام سنگ کے خم دار فون متعارف کرانے سے چند دن پہلے ہی اس کی حریف کمپنی
ایل جی نے آئندہ سال سے خم دار فون تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ڈیجیٹل ڈسپلے ٹیکنالوجی کا ارتقا خم دار سکرین کی جانب ہو رہا ہے۔ سام سانگ
اور اس کی کوریائی حریف ایل جی الیکٹرونکس خم دار ڈسپلے والے ٹی وی پہلے ہی
سے بنا رہے ہیں۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ خم دار فون صارفین کو ہوم سکرین آف ہونے کی صورت میں
بھی فون کے بعض فیچر آسانی سے استعمال کرنے میں مدد دے گی جیسا کہ تاریخ،
وقت اور مس کالز دیکھنا۔
اسی طرح صارفین ہوم سکرین آف ہونے کے باوجود فون پر میوزک ٹریک تبدیل کر
سکیں گے۔
گیلیکسی راؤنڈ کو ابتدائی طور پر جنوبی کوریا میں متعارف کرایا جائے گا۔
سام سنگ نے اس فون کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے کوئی اشارہ نہیں
دیا۔
سمارٹ فونز کی عالمی مارکیٹ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
|
|
سمارٹ فونز اب دنیا میں سب سے زیادہ بکنے والے فون ہیں۔ سی سی ایس انسائٹ
کے مطابق 2013 میں فروخت ہونے والے کل1.7 ارب فونز میں سے ایک ارب سمارٹ
فون ہوں گے۔
سمارٹ فون کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے کمپنیاں صارفین کو اپنی طرف متوجہ
کرنے کے لیے نئی مصنوعات لانے کی کوشش میں لگی ہیں۔
بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر خم دار فون بڑی تعداد میں
فروخت نہیں ہوں گے، لیکن یہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کا حربہ ہے۔
فراسٹ اینڈ سیولیوان فرم کے مینیجنگ ڈائریکٹر منوج میمن نے بی بی سی کو
بتایا: ’آج شاید ان فون کی وجہ سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی لیکن یہ
یقیناً مستقبل میں آنے والی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہے۔‘
انھوں نے کہا: ’انٹرنیٹ کے استعمال والی چیزوں کی مارکیٹ بڑھنے کی وجہ سے
لچک دار ڈسپلے کا کردار بہت اہم ہے۔‘
یہ اشارہ اس طرف ہے کہ گھروں اور دفتروں میں کمپیوٹر کے علاوہ بہت سی چیزیں
جلد ہی انٹرنیٹ سے منسلک ہوں گی۔
منوج میمن نے کہا کہ لچک دار سکرین کی مزید ترقی اور قیمت کم ہونے کی وجہ
سے شاید اس کی مارکیٹ مزید بڑھے گی۔ |