اگر چاہے کہ زبان پاک ہوجائے
مندرجہ ذیل درود شریف کی دن رات کثرت کرنے سے انسان کی زبان پاک ہوجاتی ہے
اور اس کی ہر دعا بارگاہ رب العزت میں قبول ہوتی ہے اور اگر جمعہ کے روز
مدینہ شریف کی طرف منہ کرکے کھڑے ہوکر سو مرتبہ یا 111 مرتبہ پڑھے تو دین و
دنیا میں فلاح پائے گا اور بے شمار فضائل و برکات حاصل ہوں گے۔
درود پاک یہ ہے:۔ صَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِّی الاُمِّیِّ وَآلِہ صَلَّی
اللّٰہُ عَلَیہِ وَسَلَّمَ o
ایک ہزار دن کی نیکیاں
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ
وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے ا س درود شریف کو پڑھا اس نے ستر فرشتوں کو
ایک ہزار دن تک تھکا دیا۔ (سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں رحمتیں
اور پڑھنے والے کو اجروثواب پہنچا پہنچا کر) یعنی وہ نیکیاں لکھتے ہیں۔
درود شریف یہ ہے:۔
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّدًا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیہِ وَسَلَّم بِمَا
ھُوَ اَھلُہ۔
درود برائے مغفرت
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ تاجدار مدینہ صلی اللہ
علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جو شخص یہ درود پاک پڑھے گا اگر کھڑا ہے تو
بیٹھنے سے پہلے اگر بیٹھا ہے تو کھڑا ہونے سے پہلے اس کے گناہ معاف کردئیے
جائیں گے۔ درودشریف یہ ہے:۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَولٰینَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِہ
وَسَلِّم۔
آقا میں تیرا کہلائوں
حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت دین اسلام کی اصل بنیاد ہے۔ جو
شخص یہ چاہے کہ اس کے دل میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے پناہ
محبت پیدا ہوجائے تو اسے چاہیے کہ اس درودشریف کو کثرت سے پڑھے۔ اس کے ورد
سے ہر چیز کی محبت ترک ہوکر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت پیدا
ہوجائے گی اور جسے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت مل گئی اسے سب کچھ
مل گیا وہ فلاح پاگیا، دین ودنیا کی سعادتیں اُس کا مقدر ہیں۔ درود پاک یہ
ہے:۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَحَبِیبِنَا وَمَحبُوبِنَا
وَمَولَانَا مُحَمَّدٍ وَّبَارِک وَسَلِّم ط
اگر چاہے کہ خاتمہ ایمان پر ہو
بعض عارفین سے منقول ہے کہ جو شخص نماز مغرب کے بعد بات چیت کرنے سے پہلے
دس مرتبہ اس درود شریف کو پڑھے اس کا خاتمہ انشاءاللہ ایمان پر ہوگا۔
درودشریف یہ ہے:۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍٍ وَّعَلٰی آلِہ وَصَحبِہ
وَسَلِّم بِعَدَدِ کُلِّ حَرفٍ جَریٰ بِہ القَلَمُ۔
قبر میں دیدار مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے!
جو شخص اس درود شریف کو 33 مرتبہ پڑھے گا۔ اللہ تعالیٰ اس کی قبر میںمصطفی
صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درمیان سے حجاب دور فرمادے گا۔ درودشریف یہ
ہے:۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ وَسَلِّم وَبَارِک عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ صَلٰوةً
تَکُونُ لَکَ رَضِیً وَّلِحَقِّہ اَدَآئً۔
جنت میں جگہ دیکھ کر مرے گا!
جو شخص جمعہ کے دن ہزار بار مندرجہ ذیل درود شریف پڑھے گا تو وہ اپنی جگہ
جنت میں دیکھ کر پھر مرے گا۔ درود پاک یہ ہے:۔اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی
سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّآلِہ اَلفَ مَرَّةٍ
ایک درود ایک لاکھ سلام!
حضرت سید احمد انصاری رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ یہ درودشریف نورانی ہے
اور ایک لاکھ درود کے برابر ہے یعنی اس ایک درودشریف کا پڑھنا ایک لاکھ
درود شریف کے برابر ہے۔ مصیبتوں کو دور کرنے کیلئے اس کو پندرہ سو کی تعداد
میں پڑھا جائے۔ درودشریف یہ ہے:۔اَللّٰھُمَّ صَلِّ وَسَلِّم وَبَارِک عَلٰی
سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ نِ النُّورِ الذَّاتِی وَالسِّرِ السَّارِیِّ فِی
سَائِرِ الاَسمَائِ وَ الصِّفَاتِ ط
اگر بیماری سے نجات نہ ملتی ہو
اگر کسی شخص کو بیماری سے نجات نہ ملتی ہو تو اس درود پاک کی بدولت اسے
بیماری سے نجات مل جائے گی۔ اس کا کثرت سے ورد رکھنا بیماری سے چھٹکارے کا
آسان ترین طریقہ ہے اور اسے کثرت سے پڑھنے والا ہربرائی سے بھی نجات پائے
گا۔ درود شریف یہ ہے:۔بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ۔ اَللّٰھُمَّ
صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ اَفضَلَ اَنبِیَا ئِکَ وَاَکرَمِ
اَصفِیَائِکَ مَن فَاضَت مِن نُورِہ جَمِیعِ الاَنوَارِ وَصَاحِبِ
المُعجَزَاتِ وَصَاحِبِ المَقَامِ المَحمُودِ سَیِّدِ الاَوَّلِینَ
وَالاٰخِرِینَ۔
اگر کوئی چیز گم ہوجائے
اگر کسی شخص کی کوئی چیز گم ہوگئی ہوتو اسے چاہیے کہ رات سوتے وقت اس درود
پاک کو گیارہ سو مرتبہ پڑھے۔ انشاءاللہ خواب میں گم شدہ چیز کے بارے میں
اشارہ ہوجائے گا۔ ایسے ہی اگر کوئی شخص کسی ویرانے میں یا غیرممالک میں بے
یارومددگار ہوتو اسے چاہیے کہ اس درود پاک کو بعد نمازفجر گیارہ سو مرتبہ
پڑھے تو انشاءاللہ پردہ غیب سے مشکل حل ہوگی۔ درود پاک یہ ہے:۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَولٰنَا مُحَمَّدٍ عَدَدَ مَا کَانَ
وَ مَایَکُونُ وَعَدَدَ مَااَظلَمَ عَلَیہِ اللَّیلُ وَ اَضَائَ عَلَیہِ
النَّھَارُ۔
بشکریہ عبقری میگزین |