برکاتَ اسم اعظم (٢) مجموعہ خیر وبرکت

الحمد للہ رب العالمین ۔ الصلاۃ والسلام علیک یا رسول اللہ وعلٰی اٰلک واصحابک یا رحمۃ اللعالمین۔
اسمِ اعظم حاصل کرنے والوں کے تعداد بہت ہے، ای میلز، پیغامات اور کالز کے ذریعے احباب رابطہ کرتے ہیں، جب میرے مضامین پڑھتے ہیں تو سبھی کو شوق ہوتا ہے کہ وہ اوراد و وظائف حاصل کریں مگر وظائف کا اہتمام و احترام بہت کم لوگ کر پاتے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وظائف کا بھر پور فائدہ حاصل کرنے سے محروم رہتے ہیں۔ جب ہم دنیا کے کسی افسر کے سامنے پیش ہوں تو ہم صاف لباس، خاموش زبان، نیچی نظریں اور ادب و احترام کا عملی نمونہ بن جاتے ہیں۔۔۔ مگر۔۔۔ جب اللہ تعالٰی کا ذکر کریں تو ہم جان چھڑاتے ہیں اور اجازت چاہتے ہیں کہ مصلٰی پر بیٹھنے کی بجائے چلتے پھرتے پڑھ لیں، وقت بھی مقرر نہ ہو اور تعداد بھی کم از کم ہو، پھر توجہ اور ارتکاز سے ذہن بھی خالی۔۔۔ ایسی حالت میں وظائف کے بھرپور فوائد کی امید نہ رکھیں۔

جب تک جسمانی طہارت نہ ہو گی روحانی طہارت بھی نصیب نہیں ہو سکتی، وضو تمام عبادات کی کنجی ہے، غسل اور وضو کے مکمل احکام سیکھئیے تاکہ آپ جو عبادت کریں وہ قبول ہو۔ امام المسلمین سیدنا امام الشاہ احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ جو فرض عبادات ادا نہ کرے اس کی نفل عبادات قبول نہیں ہوتیں۔ لہٰذا پہلے پانچ فرض نمازیں ادا کریں پھر وظائف اور نوافل کی طرف جائیں۔

وظائف کوئی ایسی چیز نہیں ہیں جس سے پیٹ بھرا جاسکے اور نہ ہی یہ بھوک مٹانے کے کام آتے ہیں۔ اس لئیے زیادہ وظائف طلب نہ کریں ۔ میں کئی ایسے بزرگوں کو جانتا ہوں جو فرض عبادات کے علاوہ صرف چند ایک تسبیحات کرتے ہیں اور اسی سے اپنی اور اپنے چاہنے والوں کی زندگیوں میں فیض لٹا رہے ہیں۔ قرآن کریم کی کوئی ایک آیت یا اسمأ الحسنٰی میں سے کوئی ایک اسم ہی تمام حاجات کے لئیے کافی ہو سکتا ہے مگر اس کے لئیے ارتکاز، توجہ، یقین اور اعتماد درکار ہے۔

برکاتِ اسمِ اعظم کے اس سلسلہ میں آج جن اسمأ کا ذکر میں کر رہا ہوں یہ کسی بھی مسلمان کی زندگی کی تمام حاجات و مسائل کے لئیے کافی و شافی ہیں۔ خاندانِ قادریہ رضویہ کا معمول ہے ۔ ا مام المسلمین، نائبِ غوث الاعظم، امامِ عشق و محبت، کشتہ عشقِ رسالت، مجدؔدِ دین و ملت میرے آقائے نعمت سیدنا الشاہ احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے تمام مریدین کے لئیے یہ وظائف تجویز فرمائے ہیں۔ الوظیفۃ الکریمہ میں بھی درج فرمایا ہے۔ میں نے کئی اسلامی بھائیوں اور بہنوں کو یہ وظائف دئیے، شادی، نکاح، صحت، روزگار، اولاد، فساد و فتنہ الغرض ہر حاجت و مشکل میں کافی و شافی اور مؤثر پایا۔ الحمد للہ عزوجل
دشمنوں پر غلبہ پانا، رزق میں فراوانی، اٹکے ہوئے کاموں کا نمٹانا، جادو و بد اثرات، خاندانی جھگڑا و فساد، اولاد کے مسائل، نکاح میں رکاوٹ، اہلِ خانہ و مخلوق میں عزت کا حصول، اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول، گناہوں سے نجات الغرض انسان کی پیدائش سے لے کر موت تک اور پھر قبر میں پیش آنے والے مراحل تک۔۔۔ ہر کام میں یہ وظائف مجرب و مؤثر ہیں۔ جو کوئی ان وظائف کو اپنا معمول بنا لے گا اس کے ہر کام کا سبب غیب سے پیدا ہو گا، حاجات کی برآوری ہو گی، ذہنی و قلبی سکون و طہارت ملے گی، اللہ تعالٰی کی معرفت نصیب ہو گی، دین و دنیا میں اقبال بلند ہو گا اور اس کی زندگی مجمع خیر و برکات ہو گی بفضلہ تعالٰی عزوجل۔

وظائف کی ترکیب یہ ہے۔
نمبر1: نمازِ فجر کے بعد یہ وظیفہ ایک سو بار پڑھیں۔ یہ سرکار اعظم ﷺ کا عطا کردہ تحفہ ہے۔ اس سے بڑھ کر کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔
سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم وبحمدہ استغفر اللہ
نمبر2: نماز فجر سے قبل یا بعد ایک سو مرتبہ کلمہ طیبہ اس ترتیب سے پڑھیں۔
لا الٰہ الا اللہ محمد الرسول اللہ۔ صلی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ واصحابہ وسلم
اس سے کلمہ شریف کے ساتھ ساتھ ایک سو بار درود شریف کا ثواب بھی پائیں گے۔ انشأ اللہ عزوجل۔
نمبر3: پنج گنج قادریہ۔ پانچوں نمازوں کے بعد کے اسمأ الحسنٰی۔
فجر کے بعد: یا عزیز یا اللہ۔۔۔ ایک سو بار
ظہر کے بعد: یا کریم یا اللہ۔۔۔ ایک سو بار
عصر کے بعد: یا جبؔار یا اللہ۔۔۔ ایک سو بار
مغرب کے بعد : یا ستؔار یا اللہ ایک سو بار۔ اور مغرب کے بعد ایک بار سورہ واقعہ۔ فاقہ ، رزق سے نجات اور گھر میں برکت کا نزول۔
عشأ کے بعد: یا غفؔار یا اللہ۔۔۔ ایک سو بار
یہ وظائف اپنی زندگی کا معمول بنا لیں، پھر دیکھیں ہر بگڑا ہوا کام کیسے بنتا ہے، انوار و رحمت کے نظارے آپ خود کریں گے مگر۔۔۔ ایک بات یاد رکھیں۔۔۔ وظائف کسی لالچ میں نہ کریں۔ کوئی صلہ یا جزا نہ مانگیں۔۔۔ خالق و مالک کی رضا پیش نظر رکھیں۔۔۔ بس اس کا نام حرزِ جاں بنا لیجئیے باقی کے معاملات اس کی رحمت پر چھوڑ دیں اور یاد رکھنے کی بات یہ بھی ہے کہ وہ اپنے بندے کے ساتھ ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہے، اس بات کی سمجھ آ گئی آپ کو؟

ایک گزارش ہے کہ بہت سارے لوگ ای میلز یا پیغامات سے اپنے روحانی مسائل کا حل طلب کرتے ہیں، بعض اوقات جواب میں تاخیر ہو جاتی ہے، اس پر آپ سے معافی کا طلبگار ہوں۔ میرے ایڈمنز و معاونین کو دعاؤں میں یاد رکھیں جو اپنے قیمتی وقت کا عطیہ کرتے ہیں اور روحانی مشن میں میری معاونت فرماتے ہیں۔

ہماری روحانی خدمات مکمل طور پر مفت، فی سبیل اللہ ہیں، کسی قسم کی قطعاً کوئی فیس طلب نہیں کی جاتی الحمد للہ۔ یہی طریقہ ہمارے شیخِ کامل رحمۃ اللہ علیہ کا تھا، آپ دعا فرمائیں کہ یہ خدمت جاری و ساری رہے اور ہم مزید احسن انداز میں اسے جاری رکھ سکیں۔ آمین
ہمارا فیس پک پیج: https://www.facebook.com/iftikharulhassan.rizvi
Email: [email protected]
Skype: mi.hasan
Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 236629 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More