لوڈ شیڈنگ ختم ؟ کیوں جھوٹ بو لتے ہو

اِس وقت اخبارات کاڈھیر میرے سامنے پڑا ہے ۔تمام اخبارات میں شہ سرخیوں کے ساتھ یہ خبر شائع ہو ئی ہے کہ’’ ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔‘‘جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ حسبِ معمول جاری ہے ۔اگر یہاں پشاور میں لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی تو وثوق سے یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ دیہا توں میں یقینا بجلی کی لوڈ شیڈنگ زور و شور سے جاری و ساری ہو گی۔لوڈ شیڈنگ عوام کے لئے ایک بڑا عذاب تو یقینا ہی ہے مگر بقولِ غالبؔ ؂رنج سے خو گر ہو جائے انساں تو مِٹ جا تا ہے رنج۔مشکلیں اتنی پڑیں مجھ پہ کہ آسان ہو گئیں۔ یہ مصیبت چونکہ عرصہ دراز سے عوام بردشت کرتے چلے آ رہے ہیں اس لئے اب اس مشکل کے عادی ہو گئے ہیں۔مگر ایک اور تکلیف دہ  بات جو عوام پر حکمرانوں نے نازل کی ہو ئی ہے وہ ان کا ہر بات میں ہر بار مسلسل جھوٹ بولنا ہے ۔دور کیوں جا ئیے ! سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف کے زمانہ اقتدار سے اگر ہم اپنے حکمرانوں کا جھوٹ گننا شروع کر دیں تو حیرانگی ہو تی ہے اور ہمیں پاکستانی عوام کے فولادی جسم اور سخت جاں ہو نے پر بھی حیرت ہونے لگتی ہے جو اپنے حکمرانوں کے اتنے بھاری بھرکم جھوٹ کے پلندوں کو برداشت کرتے چلے آ رہے ہیں۔امریکہ نے جب پہلا فضائی ھملہ ڈمہ ڈولا پر کیا تو صدر مشرف حکومت نے عوام سے یہ کہ کر جھوٹ بولا کہ یہ حملہ اپنے ہی ائیر فورس نے کیا ہے ، امریکہ کے ڈرون حملوں کی نہ صرف یہ کہ ا جازت دی بلکہ ائیر بیس بھی دئیے مگر اپنے عوام سے یہ بات چھپاتے رہے۔ پھرزرداری اور ان کے حلیف جماعتوں کے اقتدار کا سورج چمکا، تو انہوں نے مشرف کی پا لیسی جاری رکھی ،عوام کے سامنے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے رہے اور امریکہ کو تھپکی دیتے ہو ئے کہتے رہے کہ آپ ڈرون حملے جاری رکھیں۔اس وقت پانی و بجلی کے وزیر نے عوام کو تسلی دیتے ہو ئے دعویٰ کیا کہ فلاں تاریخ تک بجلی کی لو ڈشیڈنگ ختم کر دی جا ئیگی مگر عملا کچھ بھی نہ ہو ا ، ان کی پانچ سالہ دورِ حکومت ختم ہو گئی مگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہو سکی ۔ اس کے بعد نواز شریف کی باری آئی،انتخابات سے پہلے ان کی طرف سے عوام کے سامنے جھوٹ کے ا نبار لگادئیے گئے، کہا گیا ’ اگر ہمیں اقتدار مِلا تو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دینگے، ملک میں امن قائم کریں گے، مہنگائی، بے روز گاری کا خاتمہ کریں گے وغیرہ وغیرہ، مگر آج حالت یہ ہے کہ لوگ مایوسی کا شکار ہیں،نواز شریف کے تمام وعدے جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔بلکہ الٹا گنگا بہہ رہی ہے ،عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی بجا ئے آ ئے روز مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیرا عظم نواز شریف امریکہ کے دورے پر گئے تو عوام کو بتا یا گیا کہ امریکی صدر اوباما سے ڈرون حملے روکنے کی بات کی گئی ہے مگر ابھی ان کے دورے کی دھول بھی نہیں بیٹھی تھی کہ امریکہ نے نہ صرف یہ کہ ڈرون حملہ کر دیا بلکہ یہ بیان بھی داغ دیا گیا کہ پاکستان کے وزیر اعظم نے صدر اوباما سے ڈرون کی بات تک نہیں کی ، بات ان کی درست تھی کیونکہ دونوں صدور کے ملاقات کے بعد جو مشترکہ پریس ریلیز جاری کیا گیا ، اس میں ڈرون حملوں سے متعلق ذکر ہی موجو د نہ تھا۔جو اس بات کا ثبوت تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے قوم سے جھوٹ بولا۔طالبان سے مذاکرات کا ڈول ڈالا گیا تو بتایا گیا، مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، حکیم ا ﷲ محسود کے ہلاکت کے فورا بعد وزیرِ داخلہ چو ہدری نثار نے بیان دیا کہ اگلے دن مذاکرات شروع ہو نے تھے مگر طا لبان کا بیان آیا کہ ہمیں تو مذاکرات سے متعلق علم ہی نہیں تھا۔

یہ چند ایک ایسی مثالیں تھیں جس سے یہ واضح ہو تا ہے کہ ہمارے حکمران عوام سے مسلسل جھوٹ بو لتے چلے آ رہے ہیں۔اب موٗقر روزنامہ جات میں یہ شہ سرخی دیکھ کر دل خوشی سے جھوم اٹھا کہ ’’ ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ، این ٹی ڈی سی کے مطابق شارٹ فال کم ہو کر صرف 1200میگاواٹ رہ گیا ہے لہذا ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے ‘‘لیکن اس خبر کی سیا ہی ابھی خشک ہی نہیں ہو ئی تھی کہ لو ڈ شیڈنگ نے اپنا چہرہ دکھا دیا۔عوام اپنے ان جھو ٹے حکمرانوں سے پو چھتی ہے ، آ خر کب تک جھوٹ بولتے رہوگے؟ کب تک آپ کا جھوٹ چلتا رہے گا ؟ برداشت کی بھی کو ئی حد ہو تی ہے،جس دن عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اس دن حکمرانوں کو شاید چھپنے کی جگہ بھی نہیں مِل سکے گی۔لہذا حکمرانوں سے اپیل ہے کہ خدا را ! اب عوام سے جھوٹ بولنا بند کر دیجئے۔۔۔
roshan khattak
About the Author: roshan khattak Read More Articles by roshan khattak: 300 Articles with 285052 views I was born in distt Karak KPk village Deli Mela on 05 Apr 1949.Passed Matric from GHS Sabirabad Karak.then passed M A (Urdu) and B.Ed from University.. View More