حسینی لائبریری اور ابن صفی کی یاد میں

مکتی گلی حیدرآباد میں چلتے ہوئے جانے کیوں مجھے حسینی لائبریری کی یاد آگئی۔ پھر اس جانب میرے قدم اٹھ گئے۔ لیکن اب وہاں حسینی لائبریری کی جگہ کھلونوں کی دکان ہے۔ جو حسینی بھائی کی اولاد چلا رہی ہے۔ حسینی لائبریری حیدرآباد کی مشہور لائبریری تھی۔ لائبریری جس کے کھلنے سے پہلے لوگ آکر بیٹھ جاتے تھے اور رات گئے تک یہ کھلی رہتی تھی۔ یہاں ہر طرح کی کتابیں تھیں۔ جاسوسی، ادبی، رومانی، ڈائجسٹ، رسالے اور اس زمانے میں پڑھنے والے بھی بہت تھے۔ حیدرآباد کی رونق ان لائبریریوں سے قائم تھی۔ جو گلی گلی میں کھلی ہوئی تھیں، لیکن حسینی بھائی اور ان کی اس لائبریری کی بات ہی اور تھی۔ ہم لائبریری کو کوئی کونہ پکڑ کر کھڑے کھڑے ہی پوری کتاب پڑھ ڈالتے۔ پھر ایک ساتھ ۵، ۵، کتابیں لے جاتے۔ ہماری صبح ان کتابوں سے ہوتی، جو ہم آنکھیں ملتے ہوئے بلا منہ دھوئے، بستر سے اٹھے پڑھنا شروع کردیتے اور والدہ محترمہ کی جانب سے مدح سرائی کے بعد بادل ناخونستہ طوہا کرہا بستر سے اٹھتے۔ حسینی بھائی کی لائبریری سے حیدرآباد کی کئی نسلوں علم و ادب حاصل کیا۔ جاسوسی ناولوں کے شوق ہی نے آگے تعلیم کے شوق کو پروان چڑھایا۔ ان جاسوسی ناولوں میں سب سے بڑا کمال ابن صفی کے ناولوں کا تھا۔ جس کے بارے میں دنیا کے معروف ناول نگار اگاتھا کرسٹی نے کہا تھا کہ، اگرچہ میں اردو نہیں جانتی لیکن مجھے برِ صغیر کے جاسوسی ناولوں کے بارے میں معلومات ہیں۔ وہاں صرف ایک ہی اصل ناول نگار تھا، ابنِ صفی: اردو کے جغادری نقادوں کی نظر میں جاسوسی ادب کی جو بھی اہمیت ہو، اس بات سے انکار ممکن نہیں ہے کہ آج تک اردو کے کم ہی کسی دوسرے ادیب کو پڑھا گیا ہوگا۔ جس قدر ابن صفی کو پڑھا گیا۔ ان کی کتاب آنے سے پہلے پڑھنے والے ایڈوانس کاپی بک کرایا کرتے تھے۔ ہمارے دوست افتخار جمیل جعفری کو یہ سرف حاصل ہے کہ انہوں نے ابن صفی سے نہ صرف ملاقات کی بلکہ انہیں نواب شاھ میں شکار بھی کھیلایا۔ وہ بتاتے ہیں کہ ابن صفی نے الااعظم اسکوئر میں ایک فلیٹ لے رکھا تھا جہاں وہ خاموشی سے لکھنے پڑھنے کا کام کرتے تھے۔ ابن صفی کی پیدائش 26 جولائی سنہ 1928ء کو الہ آباد ضلع یو پی کے چھوٹے سے شہر نارا میں ہوئی تھی۔ ان کا اصل نام اسرار احمد تھا۔ نارا سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر نوح ناروی ان کی والدہ کے قریبی رشتہ دار تھے۔ اس لیے ابن صفی کا خاندان بھی ادبی تھا۔ انہوں نے آٹھ سال کی عمر میں ”طلسمِ ہوش ربا“ کا مطالعہ کر لیا تھا۔ اس داستان نے جہاں ان کے ذہن میں تخلیقی اور تخیلاتی عناصر کی بنیاد ڈالی، وہیں اس کتاب کے محاورات اور تراکیب سے بھر پور زبان نے بھی ان کے ذہن کی تشکیل میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔ اپنے گھر میں انہوں نے اردو کی دیگر کلاسیکی کتابوں کے علاوہ ادب کی دوسری اصناف کی کتابوں کا بھی مطالعہ کیا۔ ایک روز انہیں عذرا اور عذرا کی واپسی جیسی دو کتابیں مل گئیں۔ یہ رائڈر ہیگرڈ کے ناول”شی“ کا ترجمہ تھی۔ ابن صفی نے اس کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور انہیں محسوس ہوا کہ اس طرح کی چیزیں تو وہ بھی لکھ سکتے ہیں اور اس کے بعد انہوں نے اسرار ناروی کے نام سے لکھنا شروع کر دیا۔ جب وہ ساتویں جماعت میں تھے تو انہوں نے ایک افسانہ”ناکام آرزو “کے نام سے لکھا، جو ممبئی کے ہفت روزہ رسالہ ” شاہد “ میں شائع ہوا ، جس کے مدیر عادل رشید تھے۔ ابن صفی نے شاعری بھی کی وہ جگر مراد آبادی کے طرزِ کلام سے متاثر تھے۔ انہوں نے اپنا شعری مجموعہ ”باز گشت “ کے عنوان سے ترتیب دیا تھا جو ان کی زندگی میں شائع نہ ہو سکا۔

آگرہ یونیورسٹی سے بی اے پاس کرنے کے بعد ابنِ صفی ایک اسکول میں استاد مقرر ہو گئے اور اپنا ذاتی ماہنامہ ” نکہت“ الہ آباد سے جاری کیا۔ اس کی اشاعت میں انہیں اپنے دوست عباس حسینی کا تعاون حاصل ہوا۔ نکہت کی شکل میں ابن صفی کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فطری حس مزاح کے اظہا رکا موقع ملا۔

انہوں نے نکہت میں ڈیڑھ سو سے زائد طنزیہ مضامین لکھے جن میں کچھ پیروڈیاں بھی تھیں۔ ان میں سے مضامین کا انتخاب کتابی شکل میں شائع ہوا جس کا عنوان ہے ”ڈپلومٹ مرغا“ اسے پڑھنے سے اندازہ ہو تا ہے کہ ابن صفی میں طنز و مزاح کی بے پناہ صلاحیتیں تھیں۔ لیکن آگے چل کر ابن صفی کو جاسوسی ناول نگار کی حیثیت سے شہرتِ جاوداں حاصل ہونے والی تھی اس لیے انہوں نے چند انگریزی جاسوسی ناولوں کا ترجمہ کرنے کے بعد خود ناول لکھنے شروع کیے اور مارچ سنہ 1952ء میں جب ابن صفی کا پہلا ناول ” فریدی اور حمید“ کے بنیادی کرداروں پر مشتمل ”دلیر مجرم“ کے نام سے الہ آباد سے شائع ہوا تو پھر انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ”فریدی اور حمید“ کے کردار پر مشتمل تقریباً 45 ناولوں کی زبردست کامیابی کے بعد سنہ 1955ﺀ میں انہوں نے عمران کا اچھوتا کردار تخلیق کیا۔ عمران، حمید، کرنل فریدی اور قاسم جیسے کرداروں کو انہوں نے زندہ جاوید بنا دیا۔ جاسوسی ناولوں کی تشکیل کا خیال ان کے ذہن میں یوں آیا کہ اس زمانے میں گھٹیا قسم کے رومانی اور جنسی ناولوں کا بازار میں سیلاب سا آگیا تھا اور اس زمانے کی نوجوان نسل تباہ ہو رہی تھی۔ اس وقت ابن صفی نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے جاسوسی ناول لکھنے شروع کیے کہ وہ نوجوان نسل کو فحش ادب کی طرف جانے سے روک دیں گے۔ انہوں نے جاسوسی دنیا میں ناول لکھنے شروع کیے تو اس نے مقبولیت کے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔ سنہ1952ء میں ابن صفی پاکستان چلے گئے۔ یہاں انہوں نے”عمران سیریز“ اور جاسوسی دنیا کے علاوہ ہر ماہ ایک ناول شائع کرنا شروع کر دیا۔ جلد ہی وہ وقت آگیا کہ وہ اردو کے چند سب سے زیادہ مقبول اور سب سے زیادہ پڑھے جانے والے ادیبوں میں شامل ہوگئے لوگ ان کے ناولوں کا بے چینی سے انتظار کرتے تھے۔ 1960ء میں ابن صفی شدید طور پر علیل ہو گئے اور تین برسوں تک وہ کچھ نہ لکھ سکے۔ صحت یابی کے بعد ان کا پہلا ناول”ڈیڑھ متوالے“ شائع ہوا اور اس کی اتنی زبردست پذیرائی ہوئی کہ پندرہ ہی دنوں کے بعد اس کا دوسرا ایڈیشن شائع کرنا پڑا۔ ابن صفی کے ناول جب ہندی میں ترجمہ ہو کر شائع ہوئے تو اس زبان میں بھی انہیں زبردست مقبولیت حاصل ہوئی پھر ان کے ناول بنگلہ، گجراتی، تامل اور تیلگو میں بھی چھپے اور اس زبان کے بھی قارئین نے ان کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔ اشاعتی دنیا میں شاید سرقہ کی اتنی بدترین مثال دوسری نہیں ملے گی جتنی ابن صفی کے ناولوں کے سلسلہ میں ملتی ہے۔ ابن صفی کے ناولوں کی مقبولیت دیکھتے ہوئے کچھ اور اصحاب نے اسی طرح کے ملتے جلتے ناموں سے ناول شائع کرنے شروع کر دئے۔ کسی نے این صفی نام رکھا تو کسی نے اببن صفی اور ان اصحاب کے بھی سینکڑوں ناول شائع ہو گئے یہاں تک کہ کانپور کے ایک دیدہ دلیر پبلشر نے تو ابن صفی کے نام سے ہی ناول شائع کرنا شروع کر دئے۔ ابن صفی لاکھ تردید کرتے رہے کہ یہ ناول ان کے لکھے ہوئے نہیں ہیں لیکن کون سنتا تھا۔ ابن صفی نے ڈھائی سو سے بھی زائد جاسوسی ناول لکھے اور صرف 52 سال کی عمر میں 26 جولائی 1980ء کو ان کا کراچی میں انتقال ہو گیا۔ اب بھی میں جب کبھی ابن صفی کا ناول ہاتھ میں لیتا ہوں تو پھر میں اپنی لڑکپن کی یادوں میں کھو جاتا ہوں۔ جہاں حسینی بھائی پان کھاتے ہوئے اپنی لائیبریری میں بیٹھے ہوئے نظر آتے
Ata Muhammed Tabussum
About the Author: Ata Muhammed Tabussum Read More Articles by Ata Muhammed Tabussum: 376 Articles with 392986 views Ata Muhammed Tabussum ,is currently Head of Censor Aaj TV, and Coloumn Writer of Daily Jang. having a rich experience of print and electronic media,he.. View More