سال نیا ہمارے عہد پرانے ہیں

راقم کی طرف سے پوری دنیا کے انسانوں خاص طور اہل پاکستان کو نیا سال مبارک ہو۔بہت سی نیک خواہشات اور دعاؤں کے ساتھ آپ کی خدمت میں پیش ہیں معلومات سے خالی لیکن اُمید بھرے خیالات ۔گزشتہ کئی صدیوں کی طرح اس سال بھی حکمرانی ظلم پسند ذہنیت کے نرخے میں رہی ۔ظالم حکمران کہاں سے آتے ہیں ؟اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی ضرورت کسی بھی مسلمان کو نہیں ہے کیونکہ اﷲ تعالیٰ نے پہلے ہی بتا دیا تھاکہ جیسی قوم ہوگی ویسے ہی حکمران مسلط ہوں گے۔کیاہم صرف نام کے مسلمان ہیں ؟آج ہمارے بہت سے اعمال ایسے ہیں جو ہمیں مسلمان ثابت کرتے ہیں لیکن ہم ان کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے اعمال بھی کرتے ہیں جن کے کرنے سے ہمارے وہ اعمال ضائع ہوجاتے ہیں جو ہمیں وباؤں یعنی بیماریوں،قحط و مصیبت ،ظالم حکمرانوں،غیر مسلم دشمنوں اور آپسی لڑائی جھگڑے اور قتل و غار ت سے محفوظ رکھتے ہیں۔ایسے حالات میں بیٹھ کرحکمرانوں کو بُرابھلا کہنے یا یہ سوچنے سے کہ ظالم حکمران کہاں سے آتے مصیبتوں سے جان نہیں چھوٹتی ۔کیونکہ ظالم حکمران نہ تو آسمان سے گرتے ہیں ،نہ زمین کھود کر نکالے جاتے ہیں ،نہ سمندروں کی گہرایوں سے دریافت ہوتے ہیں،نہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر اُگتے ہیں اور نہ ہی کوئی خلائی مخلوق ہیں ۔یہ ظالم حکمران بھی ہمارے طرح ماؤں کی کوکھ سے جنم لیتے ہیں اور یہ پیدائشی ظالم بھی نہیں ہوتے ۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ ظالم کس طرح بن جاتے ہیں؟کیاکوئی سکول ،کالج یا یونیورسٹی ہے جو ظلم و جبر کی تربیت دیتی ہے ان کو ؟اگر انسان اپنی ناقص عقل سے ان سوالات کے جوابات مانگیں گے تو ان سوالات کے جوابات ملنے کی بجائے بہت سے اور سوالات جنم لیں گے جو ہمیں گمراہی کی طرف بھی مائل کرسکتے ہیں ۔اس لیے بہتر یہی ہے مسلمان اپنے دین اسلام سے ان سوالات کے جوابات مانگ لیں ۔اوراگر غیر مسلم بھی اسلام سے کوئی فائدہ اُٹھانا چاہتا ہے تواسے بھی کھلی چھٹی ہے ۔وہ اس لیے اﷲ تعالیٰ نے اپنے آخری اور محبوب نبی حضرت محمدؐ کودوجہانوں کے لیے رحمت بنا کربھیجا ہے اور اسلام نہ صرف انسانوں بلکہ کائنات میں موجود تمام مخلوقات کے حقوق کا نگہبان ہے۔لیکن اگر ہم اپنے آپ کو مسلمان بھی کہیں اور وہ تمام اعمال بھی باقائدگی کے ساتھ دہراتے رہیں جن سے میرے اور آپ کے پیارے نبی حضرت محمد ؐ نے پناہ مانگی تو پھر ہم صرف نام کے مسلمان رہ جاتے ہیں۔حضرت عبداﷲ بن عمر ؓ سے رویت ہے کہ رسول اﷲﷺ نے فرمایا میں پناہ مانگتا ہوں پانچ چیزوں سے کہ تم ان کو پاؤ۔جب کسی قوم میں فحاشی ( یعنی شراب نوشی بدکاری ناچ گانا وغیرہ)اعلانیہ ہوں گے تو وہ طاعون یعنی وباؤں اور ایسی بیماریوں میں مبتلا ہوگی جوان سے پہلے لوگوں میں کبھی نہ ہوئی تھیں۔جب کوئی قوم ناپ تول میں کمی(یعنی تجارتی بدعنوانیاں ،چوربازای وغیرہ)کرے گی توان میں قحط مصیبت اور ظلم ہوگا۔جوکوئی قوم زکواۃنہیں دیتی تو اﷲ تعالیٰ ان پر بارانِ رحمت روک دیتا ہے،اگر جانور نہ ہوں تو کبھی ان پربارش نہ ہوتی۔جب کوئی قوم اﷲ اور اس کے رسولؐ سے عہد شکنی کرتی ہے تو اﷲ تعالیٰ غیر قوم سے ان کے دشمن کو ان پرمسلط کردیتا ہے جوان کے مال (یعنی دولت ،تجارت اور زرعت وغیرہ )کوزبردستی چھین لیتا ہے۔جب مسلمان حاکم اﷲ کی کتاب(یعنی قرآن کریم)پر عمل نہیں کرتے اور جو اﷲ نے نازل کیا ہے اس کواختیار نہیں کرتے(شریعت نافذ نہیں کرتے )تواﷲ تعالیٰ ان میں لڑائی کرادیتا ہے (یہاں تک کہ خانہ جنگی ہوجائے)قارئین محترم اگر ہم غور کریں تو یہ تمام برائیاں آج ہمارے معاشرے موجود ہیں اور وہ تمام مشکلات بھی موجود ہیں جن کے بارے میں اﷲ اور اُس کے رسول ؐنے پہلے ہی خبر دے دی تھی۔اگر ہم ان مشکلات (یعنی عذاب الٰہی )سے بچنا چاہتے ہیں توپھر نئے سال کوغیر اسلامی طریقوں کی بجائے اﷲ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوکرخوش آمدید کہنا چاہے ۔کم از کم مسلمانوں کو ہیپی نیوائیرنائٹ زنا،ناچ گانا،شراب نوشی ،ہوائی فائرنگ اور نشے کی حالت میں اپنے ہی قومی اثاثوں کی توڑ پھوڑکرکے نہیں منانی چاہے ۔اور یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اﷲ اور اُس کے رسولؐسے عہد شکنی نہیں کریں گے۔
سال نیا ہمارے عہد پرانے ہیں
جو روز قیامت تک نبھانے ہیں۔

آئیے آج پھر سے اپنے پرانے عہد دوہراتے ہیں کہ ہم لین دین میں ایمان داری سے کام لیں گے ،ناپ تول پورا کریں گے ،زکواۃ دیں گے،شراب نوشی،زنا کاری اور ناچ گانے سے دور رہیں گے اور دیگر تمام احکام الہٰی کو خوش دلی کے ساتھ مانیں گے ۔اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق و طاقت اور حقیقی مسلمان قیادت عطا ہو،اے اﷲ آنے والے نئے سال میں پاکستان کو پوری طرحٖ اسلامی ریاست بنا جس میں چاروں طرف بھائی چارے کی فضا ہو ،کوئی کسی پر ظلم نہ کرے (آمین)
 

Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 564918 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.