نیوزی لینڈ کے بلے باز کوری اینڈرسن نے ون ڈے کرکٹ کی
تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے
خلاف انہوں نے 47 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔
ڈوئچے ویلے کے مطابق کوئینز لینڈ میں کھیلے جانے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف
تیسرے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کے بلے باز کوری اینڈرسن نے
کُل 36 گیندوں پر ایک سو رنز بنا ڈالے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے
مشہور بلے باز بوم بوم آفریدی کا سترہ سالہ ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے۔ شاہد
آفریدی نے یہ ریکارڈ سن 1996 میں سری لنکا کے خلاف نیروبی میں کھیلتے ہوئے
قائم کیا تھا۔
|
|
شاہد آفریدی کلُ 37 گیندوں پر سنچری بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ اینڈرسن نے
مجموعی طور پر 14 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔
ایک روزہ میچوں میں چھکوں کے لحاظ سے اینڈرسن دنیا میں تیسرے نمبر پر
براجمان ہو گئے ہیں۔ پہلے نمبر پر بھارت کے روہت شرما ہیں۔ انہوں نے دو ماہ
پہلے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے 16 چھکے لگائے تھے۔ دوسرے نمبر پر
آسٹریلیا کے شین واٹسن ہیں، انہوں نے 2011ء میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلتے
ہوئے 15 چھکے مارے تھے۔
شاہد آفریدی کی حیرت
اپنے اس ریکارڈ کے ٹوٹنے پر شاہد آفریدی کی طرف سے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے
کہنا تھا کہ انہوں نے بدھ کی صبح سے پہلے کبھی بھی کوری اینڈرسن کا نام
نہیں سنا تھا۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے آفریدی نے بتایا،
’’ میں نے آج کی صبح سے پہلے اس کا نام کبھی بھی نہیں سنا تھا۔ میرے بھتیجے
نے اس کے اس نئے کارنامے کے بارے میں بتایا۔ میرے لیے سن 2014ء کی پہلی خبر
یہ تھی کہ میرا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ’’ لیکن مجھے کہنا پڑے گا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی
ہے اور اس کے لیے اینڈرسن تمام تعریف کے مستحق ہیں۔ 36 گیندوں پر سنچری
بنانے کے لیے آپ کو ایک سپر قسم کی کوشش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘
|
|
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ریکارڈ اسی لیے بنتے ہیں کہ انہیں توڑا جائے
اور وہ جانتے تھے کہ کسی دن ان کا یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا جائے گا۔ تاہم
آفریدی کا اپنے اس ریکارڈ کے بارے میں مزید کہنا تھا، ’’مجھے امید تھی کہ
میرا یہ ریکارڈ میری ریٹائرمنٹ تک قائم رہے گا۔‘‘
آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں توقع تھی کی یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل
یا آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر توڑنے میں کامیاب رہیں گے لیکن یہ توقع نہیں تھی
کہ ایک نیا کھلاڑی توڑ ڈالے گا۔
میچ کی تفصیل
نیوزی لینڈ نے اس تاریخی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 159 رنز سے مات دی ہے۔
نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی اس
سیریز کے تیسرے میچ کو بارش کی وجہ سے اکیس اوورز فی ٹیم تک محدود کر دیا
گیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن کے ساتھی بلے باز جیسی رائیڈر بھی اس
میچ میں سنچری بنانے میں کامیاب رہے، انہوں نے کرکٹ کی تاریخ کی چھٹی تیز
ترین سینچری بنائی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 21 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر
283 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔ اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ
وکٹوں کے نقصان پر صرف 124 رنز ہی بنا سکی۔ یہ سیریز فی الحال ایک ایک میچ
سے برابر ہے جبکہ دو بین الاقوامی ایک روزہ میچ ہونا ابھی باقی ہیں۔ |