جشن عید میلادالنبی سیرت نبوی کی پیروی کے عہد کا دن

سردارالانبیا پیغمبر خدا نبی آخرالزماں محمد مصطفی ﷺ کی بعثت و ولادت کے جشن کی ملک بھر میں زوروشور سے جاری تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور آج جشن عید میلادالنبی پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی روایتی جوش و جذبے اور مذہبی عقیدت و مسرت سے منایا جارہا ہے چہار سو درود و سلام کی آوازیں گونج رہی ہیں اور پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی 12ربیع الاول کا جشن ولادت مصطفی منانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں جبکہ آج کے دن پاکستان کے تمام شہری ہر قسم کے تعصبات ‘اختلافات اور لسانیت و گروہ بندی سے بالاتر عشق مصطفی میں متحد و یکجا ہوکر اتحاد و یگانگت کا وہ حقیقی مظاہرہ کررہے ہیں جو مسلم اُمہ کی ضرورت اور پاکستان میں امن کی ضمانت ہے مگر دشمنان امن کی جانب سے جشن مصطفی ﷺ کی مخالفت اور جشن میلاد کے موقع پر دہشتگردانہ حملوں کی فکر و تاسف انگیز دھمکیوں کے باعث حکومت نے ملک بھر میں فول پروف سیکورٹی کے اقدامات کے بھرپور کوشش کی ہے اور پولیس و سیکورٹی اداروں کے ساتھ رینجرز و فوج کے جوان بھی اظہار عشق مصطفی ﷺ میں مصروف اہل ایمان کو تحفظ کی فراہمی کیلئے موجود ہیں تاکہ درود و سلام کی صداؤں کو بموں کے دھماکوں اور گولیوں کی تڑتڑاہٹ میں تبدیل کرکے جشن مصطفی ﷺ کی خوشیوں کو آہوں و سسکیوں میں بدلنے کی سازش کرنے والوں کو ناکام بنایا اور امن قائم رکھا جاسکے مگر اس بات سے قطعی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ امن و تحفظ کی ذمہ دار ریاست و حکومت ضرور ہوتی ہے مگر قوم کے اتحاد و یگانگت اور یکجہتی و تنظیم کے بغیر امن و تحفظ کا حصول ممکن نہیں ہے جبکہ اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرادی کے ساتھ نبی آخرالزماں محمد مصطفی ﷺ کی حیات طیبہ سے رہنمائی اور محبوب خدا کی پیروی و تعلیمات پر رضائے الہیہ کیلئے ناگزیر ہے اور رب کا فرمان ہے کہ ”اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو “۔ اور وہ یہ بھی فرماتا ہے کہ ”ہم نے محمد مصطفی ﷺ کو انسانوں کی رشدوہدایت و رہنمائی کیلئے آکری نبی بناکر بھیجا اور ان کے بعد نبوت کے تمام دروازے بند کردیئے “۔اور نبی ﷺ کا فرمان ہےکہ ” ایک انسان کا قتل پوری انسانےت کا قتل ہے“۔جو اللہ اور رسول یہ فرمارہے ہیں کہ اتحاد و یگانگت رب کی رضا کیلئے ضروری ہے اور قتل انسانی سے بڑا اور کوئی گناہ نہیں ہے تو پھر کیوں اُمت مسلمہ فرقہ بندیوں اور گروہ بندیوں میں رب اور رسول کے فرمان کی مخالف سمت رواں ہے اور کیوں اسلامی ریاست کے قیام کے طالب اسلام کے اصول کے برخلاف انسانوں کو بے جرم نشانہ بناکر قتل اور امن دشمن کا کردار اداکررہے ہیں ۔

آج کا جشن عید میلادالنبی ﷺ اگر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ خود احتسابی کے آئینے کے ساتھ مناکر یہ دیکھنے کی کوشش کی جائے کہ ہم اللہ کی مخلوق ہونے ‘ انسان ہونے ‘مسلمان ہونے اور اُمت محمدی میں شامل ہونے کا کس قدر حق ادا کررہے ہیں یا پھر کس قدر تیز رفتاری سے راندہ ¿ درگاہ ‘ ملعون و لعین اور دشمن آدم ‘ اسلام و ایمان ” ابلیس “ کی پیروی میں اس راہ کے مسافر ہیں جہاں تباہی و بربادی ‘ ناکمی و تشنگی اور جہنم کی آگ ہماری منتظر ہے تو شاید آج ہم اپنی تخلیق کے مقصد کو پہچان کر اللہ و رسول کی حقیقی اطاعت کی جانب لوٹ آئیں !

Imran Changezi
About the Author: Imran Changezi Read More Articles by Imran Changezi: 194 Articles with 130788 views The Visiograph Design Studio Provide the Service of Printing, Publishing, Advertising, Designing, Visualizing, Editing, Script Writing, Video Recordin.. View More