سرد موسم کے متوازن کھانے

سردی کے موسم میں نظام ہضم بھر ُپور توانائی فراہم کرکے ہمیں فعال بنادیتا ہے ۔اس موسم میں کی گئی ورزشوں کے اثرات سارا سال جسم کو صحت مند اور توانا رکھتے ہیں اور جسم ٹھوس ہو جاتا ہے۔ سردی کے موسم میں زیادہ محنت مشقت کرنے کے لئے نسبتاً بہترخوراک کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ جسم کو مسلسل توانائی ملتی رہے۔

سردی کے موسم میں پید اہونے والے پھل ہمارے جسم اور ماحول کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اس موسم کی سبزیوں اور پھلوں میں موجود گلوکوز توانائی کا ایک بے حد اہم ذریعہ ہے۔گلوکوز جسم کے لئے وہی حیثیت رکھتا ہے جو کار کے انجن کے لئے پٹرول کی ہوتی ہے۔ اس موسم میں کمزور سے کمزور نظام ہضم والے شخص کا ہاضمہ طاقت ور ہو کر ہر چیز ہضم کرنے لگتا ہے۔

نمکیات اور حیاتین کے حصول کے لئے دالیں ‘ سبزیاں ‘گوشت اورانڈا ‘وغیرہ تو روزمرہ کی غذائیں ہیں ‘لیکن جسم کو اضافی حرارت اور توانائی پہنچانے کے لئے قدرت نے خشک میوے پیدا کئے ہیںجن میں ہر قسم کی غذائی افادیت ہوتی ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ خشک میوﺅں میں موجود وافر تیل جسم میں چربی پیدا کرنے کے بجائے جسم کو ٹھوس بناتا ہے۔ اس کے علاوہ ان میں قبض ختم کرنے والے ریشے دار اجزاءموجود ہوتے ہیں ۔میوے جسم کو حرارت اور توانائی فراہم کرتے ہیں ‘تاہم انہیں ہر حالت میں اعتدال سے استعمال کرنا چاہئے ۔جن افراد کی غذامیں وٹامن ای کی مقدار کم ہوتی ہے ان میں خون کے سر ُخ خلیات کی بیماری ہوتی ہے۔ یہ وٹامن بڑھا ُپے کو روکنے کے علاوہ جلد کو ملائم اور خوبصورت رکھتا ہے۔وٹامن ای کے حصول کے قدرتی ذرائع گندم‘ سلاد‘ آلو‘ بند گوبھی‘ چقندر‘ گاجر‘ بادام‘ اخروٹ ‘ پستہ‘ ِتل ‘ خوبانی‘ ناریل‘ مونگ پھلی‘ انڈہ‘ مچھلی‘ دودھ اورمکھن ہیں۔

مچھلی اگرچہ ایک حیوانی غذا ہے‘ لیکن حیوانی غذاﺅں کے بالکل برعکس اس میں موجود تیل جسم میں چربی پیدا نہیں کرتا۔ لحمیات حاصل کرنے کے لئے مچھلی سے بہترین غذا نہیں ہو سکتی۔ گائے اور مرغی کے گوشت کے مقابلے میںمچھلی میں زیادہ غذائیت ہوتی ہے۔مچھلی 3سے4گھنٹوں میں ہضم ہو جاتی ہے۔مچھلی کھانے سے کھانسی ‘نزلے اور خشک کھانسی میں فائدہ ہوتاہے۔ کمزو ربچوں کے لئے مچھلی کا استعمال بہت ضروری ہے۔ سردیوں میں مچھلی ہفتے میں ایک بار ضرور کھانی چاہئے ۔

دودھ کے بعد انڈے کو مکمل غذا قرار دیا جاتا ہے۔ گھی میں تلا ہوا انڈا بہت دیربعد ہضم ہوتا ہے۔ زیادہ اُبالے ہوئے انڈے میں غذائیت بہت کم رہ جاتی ہے اور اسے کھانے سے قبض ہوجاتا ہے۔انڈے کی غذائیت سے بھر ُپور فائدہ اٹھانے کے لئے آدھا اُبلاہوا انڈہ استعمال کرنا چاہئے۔

اخروٹ ایک نہایت غذائیت بخش خشک میوہ ہے۔ اس کی گری جاڑوں کی کھانسی میں خاص طور پر مفید ہے۔ اخروٹ کو کشمش کے ساتھ استعمال کرنا بہت فائدہ مند ہے‘اس کے استعمال سے دماغ طاقت ور ہو تا ہے لیکن اگر اس میوے کو اعتدال سے استعمال نہ کیا جائے تو یہ منہ میں چھالے اور حلق میں خراش پیدا کر دیتا ہے۔

بادام قوت حافظہ‘ دماغ اور بینائی کے لئے بے حد مفید ہے اس میں وٹامن اے اور وٹامن بی کے علاوہ روغن اور نشاستہ موجود ہوتا ہے۔ یہ اعصاب کو طاقت ور کرتا ہے اور قبض کو ختم کرتا ہے۔

سرد موسم میں بچے اور بو ُڑھے افراد کے مثانے کمزور ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بستر میں پیشاب کر دیتے ہیں۔ اس شکایت سے نجات کے لئے َتل کے لڈو بہترین غذا اور دوا ہیں۔ تل کے لڈﺅں کے استعمال سے بار بار پیشاب آنے کی تکلیف سے نجات مل جاتی ہے اور سردی بھی زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔اس مقصد کے لئے چلغوزے بھی بہترین ہیں۔سردیوں میں اس کا کثرت سے استعمال پیشاب کے بار بار آنے کی شکایت سے نجات دلاتا ہے۔ چلغوزے گردُے‘ مثانے اور جگر کو طاقت دیتے ہیں۔ اس کے کھانے سے جسم میں گرمی محسوس ہوتی ہے اور سردی کا اثر بہت کم ہوتا ہے۔ چلغوزے کھانا کھانے کے بعد کھائیں کیونکہ کھانا کھانے سے پہلے انہیں کھانے سے بھوک ختم ہو جاتی ہے۔

کشمش دراصل خشک کئے ہوئے انگور ہیں۔ چھوٹے انگوروں کو خشک کرکے کشمش تیار کی جاتی ہے جب کے بڑے انگوروں کو خشک کرکے مویز تیار کیا جاتا ہے۔ مویز کو عام طور پر منقا کہا جاتا ہے۔ صحیح لفظ مویز ہے‘کشمش قبض کا بہترین علاج ہیں۔ کشمش جسم کو توانائی فراہم کرتی ہے۔ بچوں کی کھانسی اور نزلے میں مفید ہے۔

پستوں میں بڑی مقدار میں روغن ہوتا ہے۔پستے جسم کو غذائیت پہنچانے کے علاوہ سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے حرارت بھی فراہم کرتے ہیں۔یہ قوت ِحافظہ‘ دل‘ دماغ اور معدے کے لئے مفیدہیں۔ پستہ کھانسی میں مفید ہے اور بلغم کو خارج کرکے پھیپھڑوں کو صاف رکھتا ہے۔سرما کا موسم صحت بحال کرنے اور جسم کو طاقت ور بنانے کا موسم ہوتا ہے۔

سبزیاں‘ دالیں وغیرہ اپنی روز مرہ غذا میں شامل رکھیں ‘البتہ حرارت اور توانائی کے لئے جہاں تک ممکن ہو میوے استعمال کریں۔ اگر آپ موٹاپے اورذیابیطس کے مریض نہیں ہیں تو سردیوں کے موسم میں دودھ میں چینی ڈال کر یا خالص شہد یا گڑ ُملا کر پئیں۔ اس معمولی غذائی نسخے کے استعمال سے بہت فائدہ پہنچے گا اور نظام ہضم مستعدی سے اپنا کام کرتا رہے گا۔میوﺅں اور پھلوں کے استعمال سے جسم سردی کے اثرات اور امراض سے بھی محفوظ رہتا ہے اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد سے پورا سال صحت مند رہا جاسکتا ہے ۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 201 Articles with 307506 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.