بل گیٹس بمقابلہ پاکستانی

ایک پاکستانی نے ایک عدد کمپیوٹر خریدا اور اس میں کچھ خرابیاں پائیں گئیں۔ اِن خرابیوں کو دور کرنے کیلئے وہ کمپیوٹر ایکسپرٹ کے پاس گیا مگر پھر بھی مسئلہ جوں کا توں رہا۔ کمپیوٹر ایکسپرٹ نے اُسے مشورہ دیا کہ آپ یہ باتیں مائیکرو سافٹ کمپنی کے نوٹس میں لائیں۔ اتفاق سے پاکستانی کا رابطہ بذریعہ آن لائن کمپیوٹر چیٹ مائیکروسافٹ کے بانی چیئرمین بل گیٹس سے ہو گیا۔ بل گیٹس کی حس مزاح اور موضوعات پر دلچسپ تقاریر اور مثالیں اکثر اوقات اخبارات کی زینت بنتی ہیں۔ جس کی ایک مثال یہ ہے کہ ایک تقریب میں انہوں نے لوگوں کو اُس وقت حیران و پریشانی میں مبتلا کر دیا جب انہوں نے ایک ڈبیہ میں بند مچھر فضاء میں چھوڑ دیئے اور کہا کہ ملیریا مچھروں سے پھیلتا ہے اور میں یہ مچھر یہاں چھوڑ رہا ہوں کہ صرف غریب لوگوں کو ہی اس مرض سے مرنے کیلئے نہیں چھوڑا جا سکتا۔ بل گیٹس کی اِس حرکت اور بیان سے پورے مجمع میں سکوت اور اضطراب طاری ہو گیا جو کہ امراء اور دیگر معزز شخصیات پر مشتمل تھا تاہم بعد میں بل گیٹس نے یقین دلایا کہ اِن مچھروں میں ملیریا لگانے والے جراثیم موجود نہیں ہیں۔ اسی طرح ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس سے پوچھا گیا کہ کمپیوٹر یا سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے Control+Alt+Deleteکے مجموعے کا استعمال کیوں ضروری ہے؟ تو بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ہم اس کیلئے ایک KEYیا ایک بٹن بھی استعمال کر سکتے تھے لیکن اُس وقت جس شخص نے یہ کلیہ بنایا، غلط بنایا، یہ ایک علطی تھی۔ اس جواب پر حاضرین نے بل گیٹس کو تالیاں بجا کر خوب داد دی اور محظوظ بھی ہوئے۔ پاکستانی کمپیوٹر صارف اور بل گیٹس کے درمیان کمپیوٹر چیٹ پر کیا گفتگو ہوئی، آپ بھی ملاحظہ فرمائیں۔

پاکستانی: ڈیئر مسٹر بِل!ہم نے اپنے گھر کیلئے ایک کمپیوٹر خریدا ہے جس میں کچھ خرابیاں ہیں جو آپ کے علم میں لانا ضروری سمجھتا ہوں۔
بل گیٹس: ویری گڈ!مجھے بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستانی انتہائی ٹیلنٹڈ ہیں۔ ہمارے مائیکرو سافٹ میں سب سے پہلی غلطی بھی ایک پاکستانی نے ہی پکڑی تھی جس کے ہم انتہائی مشکور ہیں۔ آپ بھی باری باری ان غلطیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ہم انہیں درست کر سکیں۔

پاکستانی: ڈیئر !آپ کے کی بورڈ (Key Board) کے لیٹر کی ترتیب صحیح نہیں ہے۔ صحیح ترتیب والاکیبورڈ کب لانچ ہوگا؟
بل گیٹس: جناب اس کا حل انتہائی آسان ہے۔ آپ کیبورڈ کے سارے بٹن اُتار کر خود ہی انگریزی حروف تہجی کی ترتیب سے لگا دیں۔۔۔!

پاکستانی: وہ تو میں لگا ہی دوں گا مگر یہ بتائیں آپ کی ونڈوز میں اسٹارٹ (Start)کا بٹن ہے اسٹاپ (Stop) کا کیوں نہیں؟
بل گیٹس: جناب جب ونڈوز اسٹارٹ ہو جائے تو پھر اسٹاپ نہیں ہوتی۔۔۔!

پاکستانی: اچھا تو پھر آپ نے شاید مینو میں رَن (Run) کا بٹن بھی اسی مقصد کیلئے بنایا ہوگا؟
بل گیٹس: ارے بھائی ! شکر کرو کہ ’’رن‘‘ کا بٹن بنایا ہے ورنہ ہماری ٹیم کا ایک رُکن تو اِس کی جگہ ’’رن مرید‘‘ کا بٹن لگانے لگا تھا۔۔۔!

پاکستانی: مگر اِس بٹن کو دیکھتے ہی میں کمپیوٹر سے اُٹھ کر باہر کی طرف Runningکرتا ہوں لیکن اس کے بعد Sitیا Stayکا بٹن نہیں ہے۔ اس لیے بعض اوقات کافی دیر تک دوڑتے رہنا پڑتا ہے تاوقتیکہ میری وائف کمپیوٹر بند نہ کر دے۔
بل گیٹس: جناب عالی ! ورزش تو صحت کیلئے انتہائی مفید ہے مگر زیادہ دوڑنے سے انسان تھک جاتا ہے۔ Sitکا بٹن ایک بار غلطی سے ٹرائل ورژن میں ڈالا تھا لیکن میرے ایک اسسٹنٹ نے پروگرامنگ کے دوران اس بٹن پر فرسٹ لیٹر کے بعد ایچ ایڈ کر کے شِٹ (Shit) کر دیا تھا تو ہم نے غلطی ٹھیک کرنے کے بجائے غلطی کو ہونے سے ہی روک دیا ہے۔۔۔!

پاکستانی: شِٹ (Shit)سے یاد آیا ہم شٹ ڈاؤن (Shut Down) کا بٹن جب بھی کلک کرتے ہیں تو اس کے بعد کمپیوٹر میں کچھ بھی لکھنے پڑھنے کے قابل نہیں رہتے۔
بل گیٹس: جناب یہ واقعی انتہائی اہم مسئلہ ہے، اس لیے ہم اپنے نئے آنے والے ونڈوز کے ورژن میں شٹ ڈاؤن (Shut Down) کی جگہ شٹ اَپ (Shut Up)کا فیچر متعارف کروانے جا رہے ہیں جو کہ دبانے سے صارف اور کمپیوٹر دونوں آپس میں شٹ اَپ شٹ اَپ کھیلیں گے اور کوئی اس وقت تک نہیں بولے گا جب تک اسکرین پر اسپیک اَپ کا میسج نہیں آئے گا۔۔۔!

پاکستانی: بِل صاحب!اب آپ ہمیں شٹ اَپ، شٹ اَپ کے کھیل پر لگا رہے ہیں مگر آپ کی ونڈوز میں موجود Heartsنامی گیم میں کئی بار کمپیوٹر سے جیت چکا ہوں۔ برائے مہربانی تصدیق فرمائیں کہ آپ ہمیں کب تک انعامی رقم عنایت فرمائیں گے؟ اور یہ بھی بتائیں کہ آپ اپنی جیتی ہوئی رقم وصول کرنے ہمارے غریب خانے پر کب تشریف لائیں گے؟
بل گیٹس: Heartsگیم میں آپ جتنی بھی رقم جیتے ہیں ،پروگرام کوڈنگ کی کاپی رائٹس کے حساب سے اس کا 125پرسنٹ مجھ کو جاتا ہے، لہٰذا آپ اپنا جیتا ہوا اماؤنٹ نکال کر میرا حساب مجھ کو بھیج دو۔۔۔!

پاکستانی: ارے آپ تو ارب پتی بادشاہ ہیں! مشہور ہے کہ اگر آپ کی تمام دولت کو ڈالر کے نوٹوں میں تبدیل کر لیا جائے تو انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے 713بوئنگ طیارے استعمال ہوں گے اور اگر ان نوٹوں کو لمبائی سے ترتیب دیا جائے تو ان کی لمبائی زمین اور چاند کے درمیانی فاصلے سے چودہ گنا زیادہ ہوگی۔ پھر بھی آپ مجھ سے چھوٹی سی انعامی رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں؟
بل گیٹس: میں اس طرح کی چھوٹی چھوٹی انعامی رقمیں جمع کرکے زمین سے چاند تک ڈالرز کا پندرھواں ٹریک بناؤں گا۔۔۔!

پاکستانی: بہت اچھے جناب!یہ بتائیں جب کیبورڈ میں ANY KEY کا بٹن ہی نہیں تو پھر کمپیوٹر کیوں مانگتا ہے؟
بل گیٹس: اس بیچارے کمپیوٹر کو بھی مانگنے کی عادت پڑ گئی ہے۔۔۔ ہر وقت کچھ نہ کچھ مانگتا رہتا ہے۔۔۔ اس کا یہی علاج ہے کہ۔۔۔۔ کہہ دو بابا معاف کرو۔۔۔!

پاکستانی: ہم مِس ورڈ (Ms Word) تو استعمال کرتے ہیں مگر مسٹر ورڈ (Mr Word)کب ریلیز ہوگا؟
بل گیٹس: مسٹر ورڈ (Mr. Word) بھی آئے تھے اس دنیائے رنگ و بو میں مگر بیچارے جلد ہی عدم کو سدھار گئے۔۔۔!

پاکستانی: ’’انا ﷲ و انا الیہ راجعون‘‘۔۔۔ ایک شک ہے کیا کوئی ’’ری اسکوٹر‘‘ دستیاب ہے؟ ری سائیکل (Re-cycle)تو ہے کیونکہ ہمارے گھر میں ایک پرانا اسکوٹر ہے اور سائیکل نہیں ہے۔
بل گیٹس: ’’ری اسکوٹر‘‘ کا بٹن ہم نہیں ڈال سکتے بلکہ ہم تم لوگوں کو غریب سے غریب تر کرنے کیلئے ’’ری سائیکل‘‘ کا بٹن بھی نکالنے کا سوچتے ہیں۔۔۔!

پاکستانی: جناب آپ بِل گیٹس ہی اچھے لگتے ہیں بِل کلن ٹُن بننے کی کوشش نہ کریں ، اور یہ بتائیں کہ فائنڈ (Find) کا بٹن بھی صحیح کام نہیں کر رہا ہے۔ میری بیوی پرسوں گھر کی چابی کہیں بھول گئی میں نے ’’فائنڈ‘‘ کیا مگر کچھ نہ ملا، یہ کہیں ’’بگ‘‘ تو نہیں؟
بل گیٹس: فائنڈ (Find) کا بٹن بالکل ٹھیک ہے، چابی نہ ڈھونڈنے کی وجہ یہ ہے کہ کمپیوٹر کسی شخص کی تلاشی نہیں لے سکتا۔ وائف سے چابی لے کر ٹیبل پر رکھیئے اور فائنڈ کا بٹن دبائیے۔ آپ نے ہندی فلموں میں اکثر دیکھا ہوگا کہ بیویاں چابی کیسے چھپاتی ہیں۔۔۔!

پاکستانی: بِل صاحب! میرے بچے نے مائیکروسافٹ ’’Word‘‘ تو سیکھ لیا ہے اب وہ مائیکروسافٹ ’’Sentence‘‘ سیکھنا چاہتا ہے۔ برائے مہربانی مطلع فرمائیں کہ آپ یہ سہولت کب تک فراہم کرینگے؟
بل گیٹس: مائیکروسافٹ ’’Sentence‘‘ اس سال فروری کی 30تاریخ کو لانچ کرنے کا پروگرام تھا مگر یہ تاریخ اس سال تو نہیں آئی۔ جیسے ہی آئے گی ، اِسے لانچ کر دیا جائے گا۔۔۔!

پاکستانی: اچھا جناب!مجھے یہ پوچھنا ہے کہ آپ کا نام Gatesہے تو آپ Windowsکیوں بناتے ہیں؟
بل گیٹس: بھئی گیٹس اور ونڈوز میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔۔۔!

پاکستانی: میرا آخری سوال یہ ہے کہ آخر مائیکروسافٹ ونڈوز کا نام ونڈوز کیوں ہے؟ اگر ونڈو ہی کو بیچ میں لانا تھا پھر کھڑکی (ونڈو) کے بجائے کھڑکیاں (ونڈوز) کیوں استعمال کیا گیا؟
بل گیٹس: جس طرح میرا نام بل گیٹس ہے یعنی ’’گیٹ‘‘ نہیں ’’گیٹس‘‘ ہے اسی طرح ونڈوز کا نام ’’ونڈو‘‘ نہیں ’’ونڈوز‘‘ رکھا گیا۔۔۔!

Najeem Shah
About the Author: Najeem Shah Read More Articles by Najeem Shah: 163 Articles with 180927 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.