ترک وزیراعظم نجم الدین اربکان کا مختصر تعارف

(خلافت عثمانیہ کے سقوط کے بعد پہلی مرتبہ کسی اسلام پسند لیڈر کا یہاں حکمراں بننا)

پیدائش: ۲۹ اکتوبر ۱۹۲۶ء (سینوب، ترکی)
تعلیم: گریجویٹ۔
استنبول یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد وہیں پر اسپیشلسٹ کی حیثیت سے ان کی تقرری ہوئی۔ کچھ دنوں بعد یونیورسٹی کی طرف سے اسکالرشپ ملی اور یونیورسٹی نے آپ کو جرمنی کی آخن ٹیکنیکل یونیورسٹی میں بھیج دیا۔ وہاں جاکر آپ نے پروفیسر شیستھ کے ساتھ جرمن افواج کے لئے تحقیقاتی کام بھی کیا جس کی بناء پر آپ کو پی ایچ ڈی کی ڈگری ملی۔ چنانچہ یہیں پر آپ نے (ایندھن کو کس طرح صحیح طور پر استعمال کیا جائے) کے موضوع پر تحقیقاتی مقالے بھی لکھے۔

آپ ۱۹۵۳ء میں ترکی لوٹ آئے اور اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے، یاد رہے کہ اس وقت جناب ڈاکٹر پروفیسر اربکان کی عمر صرف ۲۷ سال تھی۔

مئی ۱۹۵۴ء سے نومبر ۱۹۹۵ء تک فوجی سروس انجام دی۔

۱۹۵۶ء میں ۲۰۰ ساتھیوں کے تعاون سے (جومش موٹرز) کے نام سے ایک کمپنی کی بنیاد رکھی تاکہ ترکی کے صنعت کاروں اور ترکی خام مال کی مدد سے موٹرز بنائی جاسکے۔

۱۹۶۰ء میں آپ پروفیسر بنے، اور ۱۹۶۶ء میں آپ ایوانہائے صنعت و تجارت کے صدر چنے گئے۔

۱۹۶۷ء کو آپ محترمہ نیرمین سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ جن سے اﷲ تعالیٰ نے آپ کو دو بیٹیاں اور ایک بیٹا عطا فرمائے۔

۱۹۶۹ء میں آپ نے سیاست کے میدان میں باقاعدہ حصہ لیا اور آپ قوینہ حلقۂ انتخاب سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

۱۴ جنوری ۱۹۷۰ء کو آپ نے نیشنل پارٹی کا اعلان کیا لیکن چار ماہ بعد اس پر پابندی لگا دی گئی۔

۱۹۷۲ء میں آپ نے قومی سلامتی پارٹی کی بنیاد رکھی۔ اس کے منشور کے تحت آپ نے انتخاب لڑا، اور قوینہ حلقہ انتخاب سے آپ ممبر نیشنل اسمبلی بنے۔

۱۹۷۴ء میں سب سے پہلی مشترکہ حکومت میں آپ نے حصہ لیا اور وزیر اعظم بولنت آجاوید کے ساتھ نائب وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ساتھ ہی آپ کو وزیرمملکت برائے اقتصادی معاملات کا قلمدان بھی عطا کیا گیا۔

۱۹۷۷ء میں بھی آپ نے ایک چار جماعتی مشترکہ حکومت میں حصہ لیا اور نائب وزیر کے عہدے پر فائز ہوئے۔

۱۹۷۸ء سے ۱۹۸۰ء تک آپ اپوزیشن لیڈر رہے۔

۱۹۸۰ء کے انتخاب کے بعد جناب ڈاکٹر پروفیسر نجم الدین اربکان اور دیگر تمام زعماء پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہوئی۔ اور ان کی پارٹی ’’قومی سلامتی پارٹی‘‘ دوسری تمام پارٹیوں کی طرح کالعدم قرار دی گئی۔

۱۹۸۷ء کے ریفرنڈم کے بعد آپ دوبارہ میدان سیاست میں کود پڑے۔ اور آپ اسلامی رفاہ پارٹی (جس کی بنیاد آپ نے ۱۹۸۳ء میں رکھی تھی) کے صدر منتخب ہوئے۔

اور الحمدﷲ اب ۸ جولائی ۱۹۹۶ء کو آپ ترکی کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ اس مشترکہ حکومت میں اسلامی رفاہ پارٹی کو وزارت عظمیٰ سمیت ۱۸ وزارتیں ملی ہیں جب کہ تانسوچلر کی پارٹی کو نائب وزارت عظمی سمیت ۳ وزارتیں ملی ہیں۔ اس حکومت میں وزارت عظمیٰ باری باری سے ہے۔ اول نصف مدت اربکان وزیراعظم رہیں گے اور نصف دوم میں تانسوچلر وزیر اعظم رہیں گی۔
حوالہ جات:
(۱) (المجتمع ، عدد: ۱۲۰۷)
(۲) (قضایا دولیۃ عدد: ۳۴۱)
(ماہنامہ الفاروق اردو، ربیع الأول، ۱۴۱۷ھ)

Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 887881 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More