’’صبح صادق کے وقت دود ھ پی لینا‘‘
٭اگر کوئی شخص صبح صادق کے و قت دودھ پی کر روزہ رکھ لے تو اس پر روزہ کی
قضاء ہے یا کفارہ۔؟(مومن خان،نوشہرہ)
جواب:۔اگر روزہ رمضان کا ہواورصبح صاد ق ہو جانے کا اس کو علم ہو اور پر
بھی دودھ پی لیاتو قضاء اور کفارہ دونوں لاز م ہیں اور اس کو صبح صادق
کاعلم نہ ہو اور اس نے یہ سمجھ کر سحری کھائی کہ ابھی صبح نہیں ہوئی تو صرف
قضاء لازم ہے کفارہ واجب نہیں ہے۔(ردالمختار،جلد ۲،صفحہ ۱۴۷،۱۴۹،باب ما
یفسد الصوم)
’’آذانِ جمعہ کے بعد غیر مسلم کو دکان پر بٹھانا‘‘
٭میں جمعہ کی آذان سے پہلے میں مسجد چلا جاتا ہوں مگر دوکان کھلی رہتی ہیں
غیرمسلم ملازم مال فروخت کرتا ہے کیا اس میں کوئی قباحت ہے ۔؟(امین خان
،مردان)
جواب:۔غیر مسلم ملازم جس پر آذانِ جمعہ سن کر تیاری واجب نہیں ہے وہ آپ کی
دوکان کھلی رکھے تو ناجا ئز نہیں ہے لیکن احتیاط اور جمعہ کی فضیلت یہ ہے
کہ آذا ن ِاوّل کے ساتھ دوکان بند کر دی جائے تاکہ غافل قسم کے لوگوں کو اس
سے غلط فہمی نہ ہو،دوکان بند رکھنے میں جمعہ کے دن کی عظمت اور شان و شوکت
میں اضافہ ہو گا،مدارس اسلامیہ بند رہتے ہیں تو اگر ایک گھنٹہ دوکان بند
رہے تو کیا نقصان ہو جائے گا ۔(فتاویٰ رحیمیہ،جلد۵،صفحہ۲۹)
’’نماز کے بعد بلند آواز سے کلمہ پڑھنا‘‘
٭فرض نماز کے سلام پھیرتے ہی لا الٰہ الّااﷲ با آواز بلند کہنا
کیساہے۔؟(شیر خان، نوشہرہ)
جواب:۔یہ بھی جائز ہے لیکن آہستہ پڑھنا افضل ہے(فتاویٰ دارالعلوم
دیوبند،جلد۲،صفحہ۱۶۹)
دوسرے قول کے مطابق باآواز بلند کلمہ شریف پڑھنا مباح ہے مگر اس کو لازم کر
لینا درست نہیں (کفایت المفتی،جلد ۳،صفحہ ۲۸۴)
ذکر اﷲ اور خاص کر لا الٰہ الاّ اﷲ کی حدیث شریف میں فضیلت آئی ہے ذکر بلا
شبہ آہستہ اور زور سے ہر طرح پڑھنا جائز اور موجب ثواب ہے مگر فرض نمازوں
کے بعدخصوصیت سے التزام کرنا اور اس کو واجب اور ضروری سمجھنا اور نہ کرنے
والوں پر ملامت کرنا شرعاً ثابت نہیں۔لہٰذا نفس ذکر جائزہے اور التزام منع
ہے بعض دفعہ مسجد میں مسبوق(یعنی جس کی رکعت رہ گئی ہو)ہوتے ہیں زور سے ذکر
کرنے سے ان کو تشویش و پریشانی لاحق ہوتی ہے اس لئے افضل و بہتر یہ ہے کہ
آہستہ ذکر کیا جائے تاکہ ثواب میں کمی نہ ہو اور کسی کو تشویش واذیّت بھی
نہ ہو ۔(فتاویٰ محمودیہ،جلد۳،صفحہ۱۳۹)
’’ایئر پورٹ پر نماز کا حکم‘‘
٭ایئر پورٹ پر نمازمیں قصر ہو گا یا اتمام۔؟(پشاوری،پشاور)
جواب:۔جس جگہ ائیر پورٹ حدودِشہر میں داخل ہو تووہاں پر قصر کے احکامات
شروع نہیں ہونگے اور اتمام یعنی پوری نماز پڑھنا لازم ہے ہاں وہاں سے چلنے
کے بعدمسافر شمار ہو گا تو پھر قصر پڑھے گا۔(فتاویٰ محمودیہ،جلد۱۴،صفحہ۲۳۸)
’’قرض دی ہوئی رقم پر زکوٰۃ ‘‘
٭اگر کچھ رقم کسی کو قرض دی ہوئی ہو تو اس رقم پر زکوٰۃ دینی ہو گی یا
نہیں۔؟(امام الدین،کارخانوں)
جواب:۔جی ہاں اس رقم پر ہر سال زکوٰۃ واجب ہے البتہ آپ کو یہ اختیار ہے کہ
ہر سال جب دوسرے مال کی زکوٰۃ دیتے ہیں اسی کے ساتھ قرض پر دی ہوئی رقم کی
زکوٰۃ دیا کریں اور یہ بھی اختیار ہے کہ جب قرض وصول ہو جائے تو گزشتہ تمام
سالوں کی زکوٰۃ جو اس قرض کی رقم پر واجب ہوئی تھی وہ یک مشت ادا کریں۔(آپ
کے مسائل،جلد۳،صفحہ۳۵۱)
’’منہ بولے بھائی کے ساتھ حج کرنا‘‘
٭ایک لڑکی نے منہ بولے بھائی کے ساتھ حج کیا ،کیا یہ اس کا محرم ہے،اور اس
کے ساتھ نکاح جائز ہے۔؟(بندہ خدا،مردان)
جواب:۔کسی اجنبی کو بھائی بنانے سے وہ محرم نہیں بن جاتااس لئے اس سے نکاح
جائز ہے،عورت کا بغیر محر م کے سفر پر جانا گناہ ہے،حج تو ہو جائے گا لیکن
عورت گنہگار ہو گی، منہ بولا بھائی محرم نہیں ہوتااور اس کو محرم ظاہر کرنا
غلط بیانی ہے۔(آپ کے مسائل ،جلد۴،صفحہ۸۵)
’’اہلِسنت والجماعت کاصحیح مصداق‘‘
٭اہلِ سنت والجماعت کاصحیح مصداق کون ہے حالانکہ ہرایک اپنے کواہلِسنت کہتے
ہیں۔؟(ناصرخان،بونیر)
جواب:۔اہلِسنت والجماعت درحقیقت ایسے لوگوں کو کہاجاتاہے جن کے اعتقادات
اور اعمال و مسائل کا محورحضوراکرمﷺکی سنّتِ صحیحہ ہواورصحابہ کرامؓکے
آثارِمبارکہ ہوں اوراپنے عقائداوراصولِ حیات اور اخلاق و عبادات میں اسی
راہ پر چلتے ہوں جس پر حضورِاکرمﷺاور صحابہ کرام ؓ تمام عمر چلتے رہے اس
راہ کے بر خلاف راستے کو بدعت اور اس پر چلنے والوں کو مبتدعین
کہاجاتاہے۔(عقائدِاہلِسنت والجماعت’مدلّل‘،صفحہ۲۱،۲۲) |