قلب و نظر کی وُسعت تو اور بھی
بہت سی اقوام میں پائی جاتی ہوگی مگر اِن دونوں کے ساتھ ساتھ اگر کسی کو
معدے کی وُسعت دیکھنا ہو تو ہماری طرف دیکھے۔ کون سی چیز ہے جو ہم نے چھوڑی
ہے؟ کھانے پینے کے معاملے میں پاکستانی قوم کا شعار یہ ہے کہ ع
جو آئے آئے کہ ہم ’’منہ‘‘ کشادہ رکھتے ہیں!
حیرت تو ترقی یافتہ اقوام پر ہے کہ اُن کے افراد اگر کوئی بھی ایسی ویسی
چیز کھالیں تو اُن کی جان پر بن آتی ہے۔ ایسی ترقی کس کام کی کہ انسان ڈھنگ
سے کچھ ہضم بھی نہ کرسکے؟ اِدھر ہم ہیں کہ خواہ کچھ کھالیں، کچھ اثر نہیں
ہوتا!
محققین اور ماہرین کھانے پینے کے بارے میں پتا نہیں کیا کیا کیا بکتے رہتے
ہیں۔ اگر اُن کے بیانات اور ہدایات کی روشنی میں کھانے پینے کو معمول بنایا
جائے تو دو دن بھی ڈھنگ سے جینا مشکل ہوجائے۔ کبھی کسی چیز میں خوبیاں ہی
خوبیاں گنواتے ہیں اور کچھ دن بعد اُسی چیز میں دُنیا بھر کے عیب جَڑ دیتے
ہیں۔ جو لوگ اخبارات میں کھانے پینے سے متعلق تحقیق کے نتائج پڑھ کر کوئی
چیز کھانے کی طرف مائل ہوتے ہیں وہ کبھی کبھی منہ کا نوالہ بھی ایک طرف
رکھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں! مزے میں وہ لوگ ہیں جو کھانے پینے سے متعلق کسی
بھی تحقیق کے نتائج نہیں پڑھتے۔ بہتر یہی ہے کہ کھانے پینے کی راہ پر بے
تکان بڑھتے جائیے اور منزل کا معاملہ اُس پر چھوڑ دیجیے جس نے کھانے پینے
کی اشیاء تخلیق کی ہیں!
مرزا تنقید بیگ کا شمار اِس دُنیا (بلکہ کائنات) کے اُن لوگوں میں ہوتا ہے
جو کھانے پینے کے معاملے میں اِنکار کے قائل ہی نہیں۔ ہضم کرنے کی بات آ
جائے تو لفظ ناممکن اُن کی لغت میں شامل ہی نہیں کیا گیا! یہی سبب ہے کہ وہ
تقریبات میں تمام ڈِشیں خوب جی بھر کے معدے میں اُنڈیلتے جاتے ہیں اور آخر
تک ڈکار نہیں لیتے۔ جب مرزا کھا رہے ہوتے ہیں تو لوگ محوِ تماشا رہتے ہیں
کہ اُن کا ’’آخر‘‘ آخر کب آئے گا! کھانے پینے کے معاملے میں مرزا نے ہمیشہ
فیض احمد فیضؔ کے اُصول پر عمل کیا ہے یعنی جو چلے تو جاں سے گزر گئے!
ہم نے جب کبھی مرزا کو یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ زیادہ کھانے سے صحت پر
شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، ہمیں اُسی طرح منہ کی کھانی پڑی ہے جس طرح
اسٹینڈ اپ کامیڈین منہ کی کھاتے ہیں! کھانے پینے کے معاملے میں مرزا کا
بنیادی اُصول یہ ہے کہ کسی اُصول کو گلے نہ لگایا جائے۔ اگر کبھی یہ کہہ کر
ڈرایا جائے کہ فلاں چیز جسم سے موزونیت نہیں رکھتی اور اُس کے کھانے سے
طبیعت میں تکدّر بھی پیدا ہوسکتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ اچھا ہے، پیٹ کے
کیڑے مر جائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی فرماتے ہیں کہ جو چیز جسم کے لیے
موزوں نہ ہو وہ زیادہ نقصان نہیں پہنچا سکتی کیونکہ وہ پیٹ میں زیادہ دیر
رہے گی ہی نہیں! اِن معاملات میں مرزا کے پاس ایسے ایسے اور اِتنے دلائل
ہیں کہ اُن سے ٹاکرہ ہو تو ماہرین دُم دباکر بھاگ نکلیں!
اخبار ہمارے سامنے پڑھا تھا جس میں خبر چھپی تھی کہ شہر کے مختلف علاقوں
میں گدھے کا گوشت دَھڑلّے سے فروخت ہو رہا ہے اور بعض ہوٹل والے بھی یہ
گوشت استعمال کر رہے ہیں۔ یہ خبر پڑھ کر ہم جو سکتہ طاری ہوا وہ تو کبھی
گدھوں کو گنجائش سے دُگنا بوجھ اُٹھے دیکھ کر بھی طاری نہ ہوا تھا! ذہن
تسلیم کرنے کو تیار نہ تھا کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ پالتو گدھے کا گوشت
کھانے یا کھلانے کی واضح شرعی ممانعت کے باوجود کوئی اپنے مومن بھائیوں کو
یہ گوشت کھلادے!
گدھے کے گوشت والی خبر ہمارے لیے حیرت انگیز تھی، مرزا کے لیے نہیں۔ اُن کے
لیے تو خیر اب کوئی بھی خبر حیرت انگیز نہیں کیونکہ اُنہوں نے حیرت میں
مبتلا ہونا ترک کردیا ہے۔ کسی بھی عجیب سی خبر کو پڑھنے یا سُننے کے بعد
اُن کی طبیعت موج میں آجاتی ہے اور وہ اُس سے لطف کشید کرنے لگتے ہیں! فی
زمانہ ایک کھرے پاکستانی کی یہ بھی ایک واضح نشانی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کل کو
یہی ہماری قومی شناخت میں تبدیل ہوجائے!
مرزا کہتے ہیں کہ پاکستانی قوم نے دیگر بہت سے معاملات کی طرح اب کھانے
پینے کے حوالے سے بھی ناجائز و ناجائز کے بارے میں سوچنا ترک کردیا ہے۔ جب
معدہ ’’لکڑ ہضم، پتھر ہضم‘‘ ٹائپ کا ہو تو کیا جائز اور کیا ناجائز۔ لوگ
سوچتے ہیں کہ جب دوسرے بہت سے معاملات میں ذہن کو اُلجھن میں مبتلا نہیں
رکھا جاتا تو کھانے پینے کے معاملات میں اِسے کیوں تکلیف دی جائے؟ مرزا کا
بھی یہی فلسفہ ہے۔ واضح رہے کہ مرزا ہر معاملے میں اپنا فلسفہ رکھتے ہیں
اور اِس فلسفے کو وہ عموماً دنیا کی نگاہوں سے پوشیدہ رکھتے ہیں کیونکہ
افشا ہوجانے پر فساد برپا ہونے کا خدشہ ہے!
جب ہم نے مرزا کو بتایا کہ شہر میں گدھے کا گوشت فروخت ہو رہا ہے تو وہ
بولے۔ ’’اِس شہر میں، بلکہ اِس ملک میں کیا ہے جو فروخت نہیں ہوتا؟ جب شرم
و حیا اور غیرت ہی ’مارکیٹیبل کوموڈٹی‘ بن گئی تو اور کسی چیز کو کیا
روئیے؟ پوری قوم ’ھل من مزید‘ کی نفسیات پر عمل پیرا ہے۔ پیٹ بھرنے سے غرض
ہے۔ اب گوشت مُردار کا ہو یا حرام جانور کا، اِس سے کسی کو کچھ غرض نہیں۔
لوگ آسانیاں چاہتے ہیں۔ زندگی کو آسان بنانے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ
ناجائز و ناجائز اور حرام و حلال کے پھیر میں پڑنے سے گریز کیا جائے!‘‘
ہم معترض ہوئے کہ یہ تو صریح سہل انگاری ہے۔ زندگی اِس طرح تو نہیں گزاری
جاسکتی۔ اِس پر مرزا نے صراحت کی۔ ’’زندگی نہ صرف یہ کہ گزر رہی ہے بلکہ
کچھ زیادہ سُکون سے گزر رہی ہے۔ تم جیسے لوگ دوسروں کو آسانی سے پُرسکون
زندگی بسر کرتے ہوئے دیکھ کر بس کُڑھتے ہی رہتے ہیں۔ کیا کھایا جائے اور
کیا نہ کھایا جائے، یہی سوچ سوچ کر تم لوگ کچھ کھاتے نہیں ہو اور دوسروں کے
کھانے پینے پر بھی نظر رکھتے ہو۔‘‘
ہم نے سمجھانے کی کوشش کی کہ قوم کو پالتو گدھے کا گوشت کھلانا ایسا معاملہ
نہیں جسے نظر انداز کردیا جائے۔ معاملہ شرعی نوعیت کا ہے۔ اِس پر مرزا نے
کہا۔ ’’اگر کوئی یہ کہے کہ قوم کو کتے بلی کا گوشت کھلایا جاتا رہا ہے تو
میں آنکھ بند کرکے اِس بات کو درست مان لوں گا۔ آج ہم ایک دوسرے جو نوچ نوچ
کر کھا رہے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ یہ درندوں کے گوشت ہی کا اثر ہو۔ مگر یہ
بات میں نہیں مان سکتا کہ قوم کو گدھے کا گوشت کھلایا جارہا ہے۔‘‘
ہم نے حیران ہوکر پوچھا کہ اِس خبر کو درست ماننے میں تامّل کیوں ہے تو
مرزا نے سلسلۂ کلام آگے بڑھا۔ ’’اگر بعض عاقبت نا اندیش لوگ ہمیں گدھے کا
گوشت کھلا رہے ہوتے تو آج ہم میں گدھوں والی کوئی تو خصلت پائی جاتی۔‘‘
ہم نے بتایا کہ قوم بیشتر معاملات میں گدھے پن ہی کا مظاہرہ کر رہی ہے
مثلاً حالات کے ڈنڈے سہہ رہی ہے مگر بوجھ اُٹھائے جارہی ہے۔ اور یہ کہ اِس
قوم کا بُودا پن بھی گدھے پن سے مماثل ہے۔
مرزا بولے۔ ’’اگر ہمیں دھوکے سے گوشت کھلایا جارہا ہوتا آج ہم میں محنت و
مَشقّت سے تھوڑی بہت تو رغبت ہوتی۔ ہم یوں تن آسانی کو گلے لگاکر سُکون سے
ایک طرف نہ بیٹھے ہوتے، بھاگ دوڑ کر رہے ہوتے اور محنت کے ذریعے اپنا
مُقدّر سنوارنے کی کوشش کر رہے ہوتے! قوم کی ہڈ حرامی اور محنت سے بیزاری
صاف کہہ رہی ہے کہ کسی نے اِسے گدھے کا گوشت نہیں کھلایا۔‘‘
مرزا کی یہ دلیل اِتنی مضبوط تھی کہ ہم نے اپنے دلائل کو کمزور تسلیم کرتے
ہوئے مُہر بہ لب ہونے میں عافیت جانی۔ |