11مئی کوعلامہ احتجاجی اور
مسٹرسونامی ایک ساتھ..؟؟
جیساکہ سرہیرلڈولسن کا کہنا ہے کہ ”سیاست میں ہر ہفتہ ایک اہم ہفتہ
ہوتاہے“اوریہ ٹھیک ہے کہ ہمارے یہاں تویکدم ایساہی ہوتاآیا ہے کہ سیاست میں
ہر ہفتہ ایک نیااور اہم ہفتہ ہی ثابت ہواہے اَب اِسی کو ہی دیکھ لیجئے کہ
کوئی دوماہ قبل وزیراعظم نوازشریف نے عمران سے اُن کے گھر خودجاکر ملاقات
کی تو سیاسی حلقوں میں ایسامحسوس کیاجانے لگاکہ اَب جیسے نوازاور عمران
ماضی کی غلطیوں کو بُھولاکر پوری طرح بغلگیرہوگئے ہیں اور اَب اِن کے سینوں
میں موجوددل ایک ساتھ دھڑکیں گے اور اِن کے قدم بھی ایک دوسرے کو سہارادیتے
ہوئے ایک ساتھ اُٹھیں گے، اور یہی عمران خان ہی تھے جنہوں نے اپنی اسلام
آبادکی رہائش گاہ پر آئے وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کو یقین دلایا
تھاکہ اِن سمیت اِن کی ایک سالہ مدت پوری کرتی حکومت کو کسی بھی راستے سے
نقصان پہنچانے کی کوشش یا سازش کی گئی تو یہ نوازشریف کا ساتھ دیں گے
مگرپچھلے دِنوں جیسے ہی مولاناطاہرالقادری (مولانااحتجاجی )نے موجودہ ایک
سالہ نوازحکومت کو نکیل ڈالنے اور اِسے بھٹکنے سے پہلے ہی راہ راست پر لانے
کے لئے 11مئی سے حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا تو تب سے آج تک سب
سے پہلے علامہ کی آواز پر لبیک کہنے اور علامہ کی آوازسے آواز ملاکر اِن کا
ساتھ دینے کا وعدہ کرنے والے بھی پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان
ہی ہیں، ایسے میں سوال یہ پیداہوتاہے کہ وہ عمران خان کا کونساوریہ تھا جب
وزیراعظم نوازشریف سے جمہوریت کے خاطر ساتھ نبھانے اور ساتھ مرنے کا وعدہ
کیا تھا...؟اور آج عمران خان علامہ کے ساتھ نوازحکومت مخالف تحریک میں
ہراول دستے کا کرداراداکرکے یہ کیا کررہے ہیں...؟ایسالگ رہاہے کہ جیسے
عمران خان کسی دیوانے کی سیاست کا حصہ بن کر ایساویساکچھ کرنے جارہے ہیں...؟آج
جسے یہ خود بھی نہیں سمجھ پارہے ہیںمگرمجھ سمیت بہت سوں کو یہ یقین ہے کہ
جب اِن کی سمجھ میں آئے گاتوپانی اِن سمیت سب کی سمجھ سے بہت
اُونچاہوچکاہوگا،بہرحال ...!گیارہ مئی کا دن بھی کوئی زیادہ دورنہیں ہے ،تب
دیکھ لیں گے کہ کس کے سر پر کتنے بال ہوں گے...؟ ابھی سے کسی کو کسی بھی
لحاظ سے فکرمندہونے یا پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
آج اِس سے قطعاََ انکار نہیں ہے کہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کی حکومت کس
طرح اقتدار میں آئی ہے یہ بھی علامہ اور سونامی کے ساتھ ساتھ سب ہی جانتے
ہیں اور آج نواز حکومت کو کارکردگی کے لحاظ سے کسی بھی طرح تسلی بخش
قرارنہیں دیاجاسکتاہے مگراَب اِس کا یہ مطلب بھی نہ لیاجائے کہ حکومت خواب
خرگوش میں پڑی ہے، آج حکومت کو مُلک میں توانائی اور دہشت گردی جیسے مسائل
کے کنٹرول اور خاتمے کے لئے جتنے بھی وسائل درکارہیں وہ اِنہیں ضروربروئے
کارلارہی ہے اور اَب تک اِس سے جو سکاوہ جیسے تیسے کچھ نہ کچھ کربھی رہی
ہے،اوراَب تویہ بڑی حدتک خوش آئندہ امرہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے لوڈشیڈنگ
کی موجودہ صورتحال کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ
آئندہ چندروزمیں شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرکے 6گھنٹے اور دیہی علاقوں
میں 7گھنٹے کی سطح پر لائی جائے لوڈشیڈنگ کا حالیہ دورانیہ ناقابلِ برداشت
و قبول ہے اِسے فوری طور پر کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور اِس کے ساتھ
ہی اپنی حکومت کے ایک سال بعد وزیراعظم نوازشریف نے یہ بھی فرمادیاہے کہ
غیرفعال بجلی گھروں کو فوری دوبارہ فعال بنایاجائے جس کے لئے اُنہوں نے
متعلقہ محکموں کو ہدایات بھی جاری کردیں ہیںاورجہاں وزیراعظم نوازشریف نے
یہ کچھ کہاہے تووہیں اُنہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ لیکچ، چوری اور بدعنوانی
سے بچنے کے لئے بجلی گھروں کو ایندھن کی آسان فراہمی اور منتقلی ریلوے کے
ذریعے کی جائے“ اَب اپنی حکومت کے ایک سال بعد ہمارے بزنس مائنڈ وزیراعظم
نوازشریف اتناکچھ توکررہے ہیں مگر دھاندلی کا بہانہ بناکر اِن کی حکومت کے
خلاف مولانااحتجاجی (طاہر القادری )اور کاغذی سونانی(عمران خان )پھر بھی
گیارہ مئی سے سڑکوں پر نکل رہے ہیں ،اَب ایسابھی نہیں ہے کہ علامہ
طاہرالقادری اور عمران خان سمیت بہت سے حکومت مخالف لوگ خدانخواستہ کوئی
پاگل پوگل ہیں،بلکہ یہ اپنے اپنے شعبوں میں یقیناقابلِ احترام شخصیات ہیں
اگرچہ آج اِنہوں نے نوازحکومت کے خلاف گیارہ مئی سے احتجاج کرنے اور سڑکوں
پر نکلنے کا کوئی پروگرام ترتیب دے رکھاہے تو اِسے میں جمہوری تقاضے تو یہی
کہتے ہیں کہ نوازحکومت سیخ پاہونے اور علامہ احتجاجی اور مسٹرسونامی سمیت
اور دوسرو ں کے خلاف حکومتی میشنری اور طاقت کا استعمال کرنے کے بجائے
اِنہیں اپنا احتجاج کرنے دے اور دیکھے کہ عوام حکومت کے ساتھ ہیں یا علامہ
اور مسٹرسونامی عمران خان کے ساتھ ہیں اوراگر عوام اِن دونوں کے ساتھ ہیں
تو پھر حکومت خاموشی سے خوداپنا اقتدار چھوڑدے اور اگر حکومت
(طنزاََخدانخواستہ )یہ محسوس کرے کہ عوام اِس کے ساتھ اور اِس کے حق میں
ہیں تو پھر وہ کرے جیساقانون کہتاہے اور پھر جمہوریت کو اِس طرح بچائے کہ
مُلک کے غریب عوام کو مہنگائی سمیت اِسے درپیش دیگر مسائل سے نجات دلائے
اور مُلک میں جمہوری اور جمہوریت کے پودے کو پروان چڑھائے... ورنہ حکومت
اتناضرورسوچ لے کہ اِس نے ایک سال کے عرصے میں غریب عوام کے لئے کچھ نہیں
کیاہے تب ہی تو عوام علامہ احتجاجی اور مسٹرسونامی کے ساتھ نکل کھڑے ہوئے
یہاں راقم الحرف کا خیال یہ ہے کہ آج اگرحکومت نے خالصتاََ نیک نیتی سے ایک
سال کے عرصے میں عوام کی فلاح وبہبودکے خاطر کچھ کیاہوتاتوکوئی بھی غریب
امریکا پلٹ علامہ اور خالی پیلی مسٹرسونامی کے پیچھے نہ ہولیتے...بہرکیف
..!اگروزیراعظم نوازشریف نے ابھی اپنااور اپنی ایک سالہ حکومت کا خودسے
احتساب نہ کیا توپھر یقینا11مئی کو احتجاج روکنانوازحکومت کو خطرے سے
دوچارکرسکتاہے، لہذاضرورت اِس امر کی ہے کہ نوازشریف علامہ احتجاجی اور
سونامی کے احتجاج کو نہ روکیں...اور یہ حکمت اختیارکرتے ہوئے سرکاری اور
نجی ملازمین تنخواہوں میں 50سے80فیصدفوری اور حقیقی اضافے کا اعلان کرکے
علامہ احتجاجی اور سونامی کے احتجاج کو ناکام بنادیں...ورنہ ..ورنہ....سمجھ
لیں کے 11مئی یا اِس کے بعد حکومت وزیراعظم کے ہاتھ سے گئی ۔)ختم شُد)
|