المصحف الامام اور رسم عثمانی

28مئی کے روز نامہ ’’جہان پاکستان ‘‘کراچی کے مین پیج پر مصحف شریف (قرآن کریم )میں طباعتی اغلاط کے متعلق دو کالمی خبر دیکھ کر افسوس ہوا،خبر میں پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ریما رکس یہ ہیں:’’چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہاہے کہ ہمارے ملک میں قرآن پاک میں غلطیاں ہورہی ہیں ،قرآن پاک کی اشاعت میں اگر اعراب کی غلطی رہ جائے تو پھر کیا رہ جاتاہے ، چائنا ڈیجیٹل قرآن بھیج رہاہے ، عدالت نے تاج کمپنی لمیٹڈسے قرآن پاک کی طباعت میں اعراب کی غلطیوں کے حوالے سے 15دن میں جواب طلب کرلیا، منگل کو چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ملک منظور پر مشتمل دورکنی بینچ نے تاج قرآن پرنٹنگ کمپنی کے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر محکمۂ اوقاف کے وکیل نے رپورٹ پیش کی، درخواست گزار عیسی خان ایڈووکیٹ کا موقف تھا کہ یہ کمپنی جعلی ہے اور اس کی رجسٹریشن کہیں نہیں ہوئی، تاہم کمپنی کے وکیل نے بتایا کہ کمپنی سندھ میں رجسٹر ڈ ہے اور پنجاب میں پبلشنگ کررہی ہیں ، اعراب میں غلطیاں ہورہی ہیں ، ہم نے جہاں جہاں پر قرآن پاک دیے ہیں ،ان سے واپس لے رہے ہیں ،جس پر چیف جسٹس نے کمپنی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ مان رہے ہیں کہ غلطیاں ہورہی ہیں ؟ محکمۂ اوقاف کے وکیل محمد سہیل کا موقف تھا کہ ڈی سی او کے ذریعے تمام قرآن پاک مارکیٹ سے اٹھا ئے جارہے ہیں ،بعد ازاں چیف جسٹس نے تاج کمپنی لمیٹڈ سے کیس میں پندرہ دن میں متعلقہ کمپنی سے جواب طلب کرلیا‘‘۔

ہمارے ملک میں قرآن کریم میں کی طباعت میں لفظی غلطیوں کا ارتکاب نہ صرف تاج کمپنی لمیٹڈ بلکہ تمام ناشران کررہے ہیں ،اور تسلسل کے ساتھ یہ عمل آخرت میں تو گناہ کبیرہ ہے ہی ، دنیا میں قانونی جرم بھی ہے ،طباعت کی ان اغلاط کو تحریف لفظی کے زمرے میں ڈالاجاسکتاہے، دوسری طرف ہمارے یہاں ہرکوئی مفتی ، عالم دین ، قاری اور مفسر قرآن بن بیٹھا ہے ، کسی کوقانون یا سند واجازت کی پرواہ نہیں ہے ۔حال ہی میں ’’جیو کہانی ‘‘ کے ایک پروگرام میں سورۂ کہف میں مذکور حضرت موسی علیہ السلام اور حضرت خضر علیہ السلام کے مشہور قصے کو صاف صاف شیخ سعدی اور حافظ شیرازی کی طرف منسوب کیاگیاہے ، اور پوری دنیا میں عوام کو اسی طرح غلط اور تحریف شدہ قصہ گوش گذار کرایاگیاہے ،ہمیں تعجب ہوتاہے کہ جیو کے خلاف آئی ایس آئی اور اہل بیت اطہار کی شان میں توہین پر مقدمات قائم کئے گئے ،جس پر اب وہ معافی بھی چاہتے ہیں ،لیکن تحریف قرآن تو ان دونوں سے بڑھ کر جرم ہے ،اس پر اس کا کوئی مواخذہ نہیں کیاگیا ،تاج کمپنی لمیٹڈ کی حرکت تحریف لفظی اور جیو کہانی کی حرکت تحریف معنوی ہے ، دونوں ایک سے بڑھ کر ایک جرم ہیں ، دونوں اسلام کی بنیادوں کو ہلادینے کی سازش اور دسیسہ کاری ہے ، دونوں پر ان دونوں اداروں کی سخت سرزنش اور آیندہ کیلئے اس قسم کی غلطیوں کے سد باب کے متعلق قانون سازی کا ہونا ازحد ضروری ہے ۔

جامع القرآن سید عثمان بن عفان ؓ نے جب صحابہ ؓ کے اجماع واتفاق سے قرآن کریم کو جمع کرنے کا عمل شروع کیا، تو اس کیلئے بہت بڑی مجالسِ مشاورت منعقد کی گئیں، کئی سالوں کی محنت کے بعد جب جمع قرآن کاکام مکمل ہوگیا، تو مسجد نبوی ﷺ میں کبار صحابہ ؓ کے سامنے وہ منقح نسخہ پیش کیاگیا ،جس کو رہنما نسخہ (المصحف الامام ) قرار دیا گیا ، اور بقیہ تمام غیر منقح نسخوں کو جمع کرکے انتہائی احترام کے ساتھ ایک پاک وصاف احاطے میں نذر آئش کیا گیا ، اس کے بعد المصحف الامام کے متعدد نسخے تیا ر کرکے مختلف شہروں میں انہیں ارسال کیا گیا ،یہ نسخہ المصحف الامام وہی ہے جس پر شہادت کے وقت حضرت عثمان کے خون کے قطرات پڑ گئے تھے ، یہ ترکی میں محفوظ تھا، وہاں سے مدینہ منورہ لایا گیا ، اوراسی کو بنیاد بناکر ’’ مصحف المدینہ ‘‘ جدید آلاتِ طباعت وکتابت کے ساتھ اُسی رسم عثمانی (خط عثمانی )میں تیار کرایا گیا، اس مہم کو مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے عالم اسلام کے نامور علماء ، مؤرخین ،خطا طین ،اور قراء پر مشتمل ایک انٹر نیشنل کمیٹی قائم کی گئی ،جس کی نگرانی میں ’’ مجمّع خادم الحرمین الشریفین لطباعۃ المصحف الشریف یعنی ہولی قرآن پرنٹنگ کمپلکس ‘‘،ادارے کی بنیاد رکھی گئی ۔

ہم نے اپنے یہاں کچھ رفقائے کارکو پچھلے دنوں پاکستانی طبع شدہ قرآن کریم اور رسم عثمانی والے نسخے المصحف الامام میں مطابقت ومخالفت کی جگہوں کو تلاش کرنے کا کہا، نتیجہ اتنا بڑا دھماکہ خیز تھاکہ شاید اس کا ہم تصور بھی نہیں کرسکتے تھے ، 20 پاروں پر تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ صرف ان پاروں میں 2000ہزار جگہوں میں رسم عثمانی سے اختلاف پایا جاتاہے ، جبکہ امت کا اجماعی واتفاقی فتوی یہ ہے کہ قرآن کریم کو نحووصر ف اور املاء وترقیم نہیں صرف اور صرف رسمِ عثمانی کے طرز پر لکھنا ضروری ہے ۔
بہر حال مصحف المدینہ والا رسم عثمانی کا جدید انداز سے خوبصورت نسخہ سال میں صرف قرآن پرنٹنگ کمپلکس مدینہ منورہ سے ایک کروڑ کی تعداد میں چھپتا ہے ،اس نسخے کے ہر پارے میں بیس صفحات ہوتے ہیں ،ہر صفحہ آیت سے شروع اور آیت ہی پر ختم ہوتاہے ،بیروت میں تجارتی بنیادوں پرہزاروں میں تعدادِطباعت اس پر مستزاد ہے،فلاش قرآن کریم بھی دنیا بھر میں یہی مقبول ہے،ڈیجیٹل بھی دنیا میں پچاس قاریوں کی تلاوت 20 تفسیروں ،سبعہ عشرہ قراء ات اور اردو انگریزی ترجموں کیساتھ نیٹ پر مصحف جامعۃ الملک سعود ،یا المصحف الالکترونی کے نام سے موجود ہے اوراسی متداول نسخے کو مأ خد بناکرپوری دنیامیں تحریف قرآن کے سازشوں کا سد باب ممکن ہے ۔

نوٹ : جناب منصور صاحب اور جناب نعیم الیاس صاحب آئیندہ کالمز حسبِ ارشاد بروقت ارسال کرنے کی کوشش کرینگے ،ان شاء اﷲ۔
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 878231 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More