بسم اﷲ الرحمن الرحیم
فیروزاحمدندوی،نمائندہ خصوصی بصیرت آن لائن متحدہ عرب امارات
اﷲ تعالی نے زمزم کے پانی میں کئی خاصیتں پیدا کی ہیں جہاں ایک طرف اس پانی
میں جدید سائنسی ریسرچ کے مطابق بہت سارے دنیاوی فائدے ہیں وہیں دوسری جانب
یہ پانی غیر مسلموں کے ہدایت کا سبب بھی بنتا ہے اور لوگ اس فائدے کو دیکھ
کر خود بخود حلقہ اسلام میں داخل ہوجاتے ہیں ۔
ایک سری لنکاکی مسیحی خادمہ جو سعودیہ عرب کے شہر حائل کے شمالی حصہ میں
ایک سعودی فیملی کے گھر میں کام کرتی تھی اسے تقریبا ۱۵ سال سے بھی زیادہ
سے مرگی کا مرض لاحق تھا ، ایک دفعہ اس سعودی فیملی نے اس کو کہا کہ تم چند
ہفتے زمزم کے پانی کو پابندی سے پیو ان شاء اﷲ تمہارے مرض میں افاقہ ہوگا،
اس کے مطابق وہ مسیحی خادمہ تقریبا چند ہفتے تک زمزم کا پانی اپنے اوپر
لازم کرلی اور اسے پابندی سے پیتی رہی اﷲ کا کرناایسا ہوا کہ وہ مرگی کے
مرض سے شفا یاب ہوگئی اور پھر وہ سوچنے لگی کہ آخر اس پانی میں اﷲ نے
ضرورکوئی خاصیت رکھی ہے ۔
مسیحی خادمہ نے اپنے کفیل سے دریافت کیا کہ پانی کہاں کاہے اور اس میں کیا
خاصیت ہے ؟ کفیل نے کہا کہ یہ پانی مکہ مکرمہ میں ملتا ہے اور وہاں غیر
مسلموں کا جانا ممنوع ہے ۔ اس نے سوچا کہ یہ پانی جب اس قدر قیمتی ہے اور
اس میں اتنا زیادہ فائدہ ہے تو اسلام کے دیگرمعاملوں اور عبادات کی کیا
خاصیت ہوگی؟ یہ سوچ کراس نے اسلام قبول کر لیا اور اسی وقت گھر کے تمام
افراد کے سامنے کلمہ شہادت لاالہ الا اﷲ محمد رسول اﷲ اپنی زبان سے ادا کی۔
یہ دیکھ کر سب لوگوں نے جو اس وقت کفیل کے گھر میں موجود تھے تہلیل وتکبیر
بلند آواز سے کہا اور بہت خوش ہوئے ۔
کفیل کی زوجہ ام عبد الرحمن کا کہنا ہے کہ خادمہ جس کانام اسلام لانے سے
پہلے راجو تھا وہ اس وقت اسلام لائی جب اس کو زمزم کا پا نی پینے کی وجہ سے
مرگی کی مرض میں سدھار آنا شروع ہوا ، اس نے مجھ سے مطالبہ کیا کہ میں مکہ
جاؤں گی اور وہاں سے خوب زیادہ پانی لاؤنگی ۔ ام عبد الرحمن اس سے کہتی ہے
کہ مکہ مکرمہ جانا غیر مسلموں کے لئے حرام ہے ،اس کے بعد اس خادمہ نے اسلام
قبول کر لیا اور اپنا نام راجو سے بدل کر فریدہ رکھ لیا۔
ام عبد الرحمن مزید کہتی ہیں کہ ہم لوگ اس کو مکتب جالیات (دعوت وارشاد کے
لئے قائم کیاگیا ادارہ جوغیرمسلموں اور نومسلموں کو اسلام کی دعوت اور
انہیں اسلام کی بنیادی تعلیم دیتاہے) جو وسط حائل میں واقع ہے لے گئے تاکہ
وہاں باضابطہ اسلام قبول کر لے۔ مکتب جالیات میں کچھ اسلامی کتابچے بھی ان
کو دیئے گئے تاکہ وہ خودبھی اسلام کے بارے میں پڑھے اور سمجھے۔ |