دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کو اڑانے کی دھمکی

شاہین اختر

ہندو، ہندی ، ہندوستان کے نعرے کے ساتھ بی جے پی کی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دیدی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہماری نئی آنے والی حکومت کا واحد ایجنڈا پاکستان کو سبق سیکھانا ہے۔کرم ویر سنگھ سپیشل سیل دہلی پولیس کی جانب سے لکھے گئے اس خط میں نہ صرف پاکستانی سفارتخانے کو اڑانے بلکہ تمام سفارتکاروں کو ہلاک کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ آپ نائن الیون کو بھول جائینگے اور ہمارا اسی طرح کوئی بال بیکا نہیں کرسکے گا جس طرح سمجھوتہ ٹرین میں پاکستانیوں کو زندہ جلانے کے بعد بھی کسی کا بال بیکا نہیں ہوسکا۔ صرف یہی نہیں بلکہ پاکستان کو معیشت کا قبرستان بنانے کے لئے پاکستانی بچوں کو ہی انسانی بم میں تبدیل کرکے خودکش حملوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کردینگے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور مطالبہ کیاکہ ہائی کمیشن اور سفارتی عملے کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھارتی وزارت خارجہ سے کہاکہ بھارت میں موجود غیرملکی ہائی کمشنر ،سفارتخانوں اور سفارتی عملے کی حفاظت بھارت کی ذمہ داری ہے۔بھارتی حکومت اس ذمہ داری کو پوراکرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسلیم اسلم نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ چند روز قبل نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کو ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس کے بعد بھارتی حکام کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو ملنے پر دھمکی آمیز خطوط پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ دفترخارجہ نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے دھمکی آمیز خطوط کی مکمل تفصیل بھارتی دفتر خارجہ کو بجھوا دی ہے۔

’’ہندوستان میں رہنا ہے تو رام رام کہنا ہے‘‘ کا نعرہ لگانے والی آر ایس ایس کی سیاسی جماعت بی جے پی کی جیت کے فوراً بعد گجرات میں مسلمانوں کے گھروں پر حملے کیے گئے اور انہیں ہندوستان چھوڑ دو کی دھمکیاں دی گئیں۔ پاکستان کاوجود آج تک بھارت کو کھٹکتا ہے اوربی جے پی کی انتخابی مہم اور کامیابی تو پاکستان دشمنی پر ہی مبنی تھی۔

حالیہ لوک سبھا الیکشن یعنی 16ویں عام انتخابات میں میں بھی 7اپریل 2014ء کو بی جے پی نے اپنا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے دیگر باتوں کے علاوہ درج ذیل تین نکات کو اپنی انتخابی مہم کی بنیاد بنایا۔ ’’ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر تعمیر کیا جائیگا، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے لئے الگ پرسنل لاز ختم کرکے پورے بھارت میں مشترکہ سول کوڈ نافذ کیا جائے گا یعنی مسلمانوں کے شادی بیاہ اور وراثتی معاملات سے متعلق اسلامی روایات اور قوانین کو ختم کرکے اکثریتی طبقے کے یعنی ہندو قوانین نافذ کیے جائیں گے، بھارتی آئین کے آرٹیکل 370کو ختم کرکے جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کردیا جائیگا اور دوسرے عام بھارتی صوبوں کی طرح بھارتی صوبے کا درجہ دیدیا جائیگا‘‘۔ وکی لیکس کے مطابق دسمبر 2009ء میں راہول گاندھی نے بھارت میں متعین امریکی سفیر ’’ٹموتھی رومر‘‘ سے کہا تھا کہ ’’آنے والے دنوں میں زعفرانی ہندو انتہاء پسند عالمی امن کے لئے القاعدہ سے بڑا خطرہ ثابت ہونگے‘‘۔
Javed Bhatti
About the Author: Javed Bhatti Read More Articles by Javed Bhatti: 141 Articles with 95044 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.