میڈیاکی آزادی وتحفظ میں ہی وطن عزیز کی تعمیرو ترقی پوشیدہ ہے !

 حق کہنا ہر انسان پر فرض ہوتا ہے اسی طرح سے سچ اور حقائق تک رسائی بھی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور حق و فرض کے اس قانون قدرت کو متوازن رکھتے ہوئے معاشرے کی فلاح و ترقی کیلئے سب سے زیادہ دیانتداری و فرض شناسی سے کام کرنے والا شعبہ ذرائع ابلاغ یعنی میڈیا کا ہے ۔میڈیا ایک ایسی طاقت ہے جو معاشرے کے کمزور و محکوم طبقات کی آواز کو ارباب اختیار و اقتدار تک پہنچاکرکمزوروں کی مضبوط ڈھال اور تلوار کا کردا ر ادا کرتے ہوئے ظلم ‘ جبر ‘ نا انصافی ‘ حق تلفی ‘ کرپشن اور استحصال کیخلاف جدوجہد کے ذریعے انصاف ‘ مساوات ‘ امن اور اخوت کے گلاب کھلاتا ہے جن کی خوشبو سے وہ مہک اٹھتی ہے جو ریاستی عوام کوتحفظ کا احساس عطا کرکے ان میں حب الوطنی کے جذبات کو متحرک کرتی اور انہیں وطن عزیز کی تعمیرو ترقی میں اپنے فعال و دیانتدارانہ کردار کی ادائیگی پر معمور کراتی ہے جس سے ملک وقوم کی ترقی ممکن ہوتی ہے جبکہ میڈیا کی نشاندہی پر ارباب اختیار و عدلیہ کا کردار تخفیف تجاوز اختیار کے خاتمے کا باعث بنتا ہے جو معاشرتی مسائل وپریشانیوں سے تحفظ کی فراہم کرتاہے جبکہ ادارو ں کی کارکردگی ومعیار میں اضافے اور اپنی حدود میں رہتے ہوئے فرائض کی ادائیگی کے اسباب پیدا کرتا ہے !

پاکستانی میڈیااپنی حدود و قیود سے پوری طرح بہرہ مند و آشنا ہے اور ناکافی وسائل و سہولیات ‘ لاحق خطرات اور میڈیا کو تابع بنانے کی استحصالیوں کی سازشوں کے باوجود مکمل دیانتداری ‘ فرض شناسی اور حب الوطنی کے جذبات سے مغلوب عوام کو ریاستی جبر ‘ ریاست کو آمریت کے خدشات و خطرات ‘ تعصبات و دہشتگردی کے خاتمے ‘ قانون کی پاسداری کے شعور کی فراہمی ‘ تعلیم و صحت کے مسائل کے حل ‘ بیروزگاری ‘ مہنگائی و غربت کے خاتمے ‘ کرپشن سے نجات اور تمام اداروں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کے قیام کیلئے ”جیو “ اور “جینے دو “ کی پالیسی کے تحت دشمنان پاکستان و عوام سے حالت ”جنگ “ میں ہے اور اس جنگ کا مقصد مذہبی ‘ اخلاقی ‘ معاشرتی و ثقافتی اقدار کے تحفظ کے ساتھ آئین و قانون کی عملداری کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ ہے مگر بوسیدہ و فرسودہ نظام کو ہتھیار ِحکمرانی کی طرح استعمال کرنے والے عوام و پاکستان دشمنوں کیلئے میڈیا کی یہ حب الوطنی ‘ جیو اور جینے دو کی پالیسی اور جرائم و استحصال کیخلاف جنگ بری طرح کھَل رہی ہے اور اس پر مختلف بہتان و الزامات لگاکر عوام کو میڈیا کیخلاف ورغلانے ‘ اکسانے اور ”مقدس گائے “ کی تحقیر “ کے نام پر سزا کے ذریعے غلام بنائے جانے کی سازشیں سَوا ہوچکی ہیں جو یقینا کسی بھی طور نہ تو ملک و قوم کے مفاد میں ہیں اور نہ ہی خود ریاست و ریاست کے محافظوں اور آئین و قوانین کی تشریح ‘ تحفظ اور عملداری کو یقینی بنانے کے ساتھ انتظام و انصرام کے ذمہ داروں کے حق میں ہے کیونکہ پاکستانی میڈیا کا نصب العین بھی دیگر ریاستی اداروں کی طرح استحکام و ترقی اور خوشحالی پاکستا ن ہے اسلئے میڈیا کو دیوار سے لگانے یا اسے ”بند گلی “ میں لے جانے کی ہر کوشش نہ صرف خود ریاست ‘ ریاستی اداروں اور ان کے محبانہ نظریات و کاوشوں کیلئے زہر قاتل ثابت ہوگی بلکہ لامتناہی مسائل کے اس باب کو بھی پھر سے وَا کردے گی جسے فوج و ایجنسیوں کے محبانہ کردار ‘ سیاستدانوں کی کاوشوں و کوششوں اور عوام کی طاقت و قربانیوں سے بڑی مشکل سے بند کیا گیا ہے اور اگر یہ باب پھر سے وَا کیا گیا تو یقینا یہ قومی سلامتی کیلئے خطرات و خدشات کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے اسلئے قومی سلامتی کیلئے جہاں تمام اداروں کااستحکام اور اپنی اپنی حدود میں رہ کر دیانتداری سے فرائض کی ادائیگی قومی مفاد میں ہے وہیں ایک موثر ضابطہ اخلاق کے تحت میڈیا کی آزادی بھی ناگزیر ہے جبکہ اس ناگزیریت سے صرف نظر و پہلو تہی مخالفان پاکستان و دشمنان پاکستان کی امیدوں کے بَرلانے کے اسباب پیدا کرسکتی ہے !
Imran Changezi
About the Author: Imran Changezi Read More Articles by Imran Changezi: 194 Articles with 147226 views The Visiograph Design Studio Provide the Service of Printing, Publishing, Advertising, Designing, Visualizing, Editing, Script Writing, Video Recordin.. View More