محفلِ نعت لیلتہ النور - بارسلونا - سپین
(Muhammad Jawad Shayeq, London)
ماہِ جون میں اندلس کی سرزمین
میں یورپ کی تاریخی عظیم الشان محفلِ نعت لیلتہ النور کا انعقاد کیا گیا -
اس محفل کا انعقاد گدائے درِ رسولِ اکرم صلی الله علیہ وسلم ، جناب یاسر
علی نے بارسلونا کے مشہور اولمپک اسٹیڈیم کے سینٹ جورڈی ہال میں کیا - ایک
تحقیق کے مطابق پچھلے 40-50 سال میں دنیا بھر میں ہونے والی محافلِ نعت میں
آج تک اتنا دلکش ، خوبصورت ، جدید سہولیات سے آراستہ اور مہنگا ترین مقام
اس سے پہلے استعمال نہیں کیا گیا - اس پر نور روحانی اور وجدانی محفل میں
ملکِ پاکستان کے مشہور و معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ ثناخوان حضرات نے
شرکت فرمائ جن میں الحاج محمد اویس رضا قادری ، قاری شاہد محمود، حافظ غلام
مصطفیٰ قادری اور صابر سردار شامل تھے - اس محفل کی نقابت کے فرائض افتخار
رضوی نے سرانجام دیے - تلاوتِ کلامِ رحمٰن کی سعادت یو-کے سے تشریف لائے
زینت القراء جناب قاری جاوید اختر نے حاصل کی - انگلش میں معین جاوید اختر
نے خوبصورت بیان فرمایا -
یہ محفل اس لحاظ سے بھی خصوصیت کی حامل رہی کہ اس میں یورپ کے کئ ممالک سے
حاضرین نے بھرپور شرکت فرمائ جن میں برطانیہ سے سنی رضوی سوسائٹی اور
انٹرنیشنل نعت ایسوسی ایشن کے روحِ رواں جناب صاحبزادہ محمد خوشتر ، جناب
میاں طاہر نعیم اور ہالینڈ سے جناب نذیر انور علی کے علاوہ جملہ اراکین و
عشاقانِ رسولِ کریم صلی الله علیہ وسلم نے حاضری کی سعادت حاصل کی - اس
محفل میں تین خوشنصیبوں کو مدینہ شریف کی باادب حاضری کا پروانہ بھی ملا
اور پاکستان میں دو مستحق بچیوں کے جہیز کے سامان کا انتظام بھی سپین میں
مقیم صاحبِ ثروت پاکستانی بزنسمین نے کیا -
محفلِ لیلتہ النور میں دعوتِ اسلامی کے اراکین نے بڑھ چڑھ کر تعاون فرمایا
جبکہ راجہ حسن نعیم اور ان کے تمام احباب نے اس پر نور بزم کے تمام
انتظامات کو بخوبی سرانجام دیا - ساؤنڈ سسٹم اور ویڈیو کوریج کیلئے ہالینڈ
سے سنی رضوی سوسائٹی ٹیم اور برطانیہ سے نوید ساؤنڈ نے اپنی خدمات پیش کیں-
الله تبارک و تعالیٰ اس محفل میں شرکت کرنے والے اور اس نوری بزم کو سجانے
والے تمام مومنین مومنات ، مسلمین مسلمات پر اپنا خصوصی فضل و کرم فرمائیں
اور اس محفل کو ان سب کیلئے توشئہِ آخرت اور شفاعتِ رسولِ اکرم کا ذریعہ
بنائیں - آمین |
|