روزہ

 کھانا پینا اور جنسی تعلقات چھوڑنے ہی سے روزہ کامل نہیں ہوتا بلکہ روزہ کو فواحش ،منکرات اور ہرطرح کے گناہوں سے محفوظ رکھنا لازم ہے ،روزہ منہ میں ہو اورآدمی بدکلامی کرے ،یہ اس کے لئے زیب نہیں دیتا۔اسی لئے تو سرور عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا : (جب تم میں سے کسی کا روزہ ہو، تو گند ی باتیں نہ کرے ،شورنہ مچائے ، اگر کوئی شخص گالی گلوچ یا لڑائی جھگڑا کرنے لگے تو (اس کو گال گلوچ سے جواب نہ دے بلکہ ) یو ں کہہ دے کہ میں روزہ دار آدمی ہوں، (گالی گلوچ کرنا یا لڑائی کرنا میرا کام نہیں) ۔(بخاری 255ج 1)

حضرت ابوہریرۃ ؓ سے روایت ہے ،فرمایا نبی ﷺ نے : بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جن کے لئے (حرام کھانے یا حرام کام کرنے یا غیبت کرنے کی وجہ سے )پیاس کے علاوہ کچھ بھی نہیں او ربہت سے تہجد گزار ایسے ہیں جن کے لئے (ریاکاری کی وجہ سے ) جاگنے کے سوا کچھ نہیں ۔( مشکاۃ المصابیح 177 )۔

اﷲ تعالیٰ نے قرآن کریم میں’’ أیاماً معدوداتٍ‘‘ فرماکر ،یہ بتایا، کہ یہ چند دن کے روزے ہیں ، روزوں کو رکھ لینا کوئی ایسا مشکل کام نہیں ہے ، مریض اور مسافر کے لئے آسانی بیان فرمائی ،کہ وہ اپنے ایام مرض اور ایام سفر میں روزہ نہ رکھیں، رمضان گزر جانے کے بعد دوسرے دنوں میں اتنی ہی گنتی کر کے روزے رکھ لیں ، یعنی چُھوٹے ہوئے روزوں کی قضا کرلیں ، اسکی توضیح کے لئے علما سے رجوع کیاجائے۔

یہ جو قرآن میں فرمایا : ’’وعلی الذین یُطیقونہ فدیۃ، طعام مسکین ‘‘ (کہ جو لوگ روزہ رکھنے کی طاقت رکھتے ہیں ان پر فدیہ ہے، ایک مسکین کے کھانے کا )یہ ابتدائی حکم تھا،( سنن ابوداؤد صفحہ 74ج 1) پر ہے کہ جب رسول ﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تو (ہر ماہ ) تین دن کے روزے رکھنے کا حکم فرمایا، پھر رمضان کے روزوں کا حکم نازل ہوگیا ، لوگوں کو روزہ رکھنے کے عادت نہ تھی ، اور روزہ رکھنا ان کے لئے بھاری کام تھا، لہذا یہ اجازت تھی کہ طاقت ہوتے ہوئے بھی جو شخص روزہ نہ رکھے ،وہ ہر روزہ کے بدلہ ایک مسکین کو کھانا کھلادے ، پھر آیت کریمہ : ’’فمن شھد منکم الشھر فلیصمہ ‘‘ نازل ہوئی (گویاطاقت ہوتے ہوئے روزہ نہ رکھنے کی اجازت منسوخ ہوگئی )، اور سب کو روزہ رکھنے کا حکم ہوا، البتہ مریض اور مسافر کے لئے اجازت باقی رہی ،کہ وہ رمضان میں روزہ نہ رکھیں اور بعدمیں روزہ رکھ لیں ۔ (مسند امام احمد میں صفحہ 246ج 5)۔

ایک روزے کی قضا کافدیہ اور اسی طرح عید الفطر کا صدقۃ الفطر امسال 100سو روپیہ مقررہواہے۔
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 819431 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More