یہ میرا پاکستان ہے !!

14 اگست صبح دس بجے مرکز اہل السنت والجماعت سرگودھا میں” استحکامِ پاکستان سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ مرکز کی وسیع و عریض عمارت اور پنڈال میں ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہرا رہے تھے ۔ مرکز اہل السنت کا تمام عملہ اپنی اپنی ذمہ داریاں بھی نبھا رہا تھا اور آزادی وطن کی مسرت ان کے چہروں پر چھلک رہی تھی ۔ سرگودھا شہر اور مضافات سے مذہبی ، سماجی اور سیاسی حلقوں نے نہ صرف اس میں بھر پور شرکت کی بلکہ اس اقدام کو” جذبہ حب الوطنی“ قرار دے کر خوب سراہا۔

استحکامِ پاکستان سیمینار کے اختتام پراستحکامِ پاکستان ریلی کا افتتاح تھا ۔ ریلی ٹھیک وقت مقرر پر مرکز اہل السنت والجماعت 87 جنوبی سے شروع ہوئی اور پورے شہر کا چکر لگاتے ہوئے کمپنی باغ سرگودھا میں جا کراس کا اختتام ہوا۔استحکام پاکستان سیمینار اور ریلی میں مذہبی اور سیاسی و سماجی قائدین نے وطن کی تعمیر ، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا اور اللہ کے حضور خوب دعائیں بھی مانگیں ۔

اس دوران میرے اور شرکاء کی سماعتوں نے جن الفاظ کو بارہا اپنے دامن میں پناہ دی وہ یہ تھے :
یہ تیرا پاکستان ہے۔۔۔۔۔۔۔ یہ میرا پاکستان ہے ۔

اس ترانے میں بانیانِ پاکستان کا تذکرہ بھی ملتا ہے اور اس ارضِ وطن کے لیے جانوں کی قربانی پیش کرنے والے شہدا کا ذکر خیر بھی موجود ہے ۔وقفے وقفے سے باسیانِ وطن کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے یہ نعرہ بھی بلند ہوتا رہا ۔
پاکستان کا مطلب کیا ؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔لاالہ الا اللہ
تیرا میرا رشتہ کیا ؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔محمدرسول اللہ

یومِ آزادی منانے والے متوالوں نے 1947 ء کا وہ 14 اگست بھی یاد کیا جب اس کو اغیار کی غلامی سے آزادی نصیب ہوئی ۔

جس آزادی کے لیے مسلمانوں نے ہندووں اور سکھوں کے جبر و جور کو برداشت کیا ، جس آزادی کے حصول کے لیے فرنگیوں کے تشدد اور جفاؤں کو سہا جاتا رہا ، جس آزادی کے لیے اسلام کی بیٹیوں کی عزتیں تاراج ہوئیں ، جس آزادی کے لیے دودھ پیتے بچے جان کی بازی ہارتے رہے ، جس آزادی کے لیے بوڑھوں کے ناتواں لاشے گرتے رہے ، جس آزادی کے لیے بہنوں کے سہاگ لٹتے رہے ۔ جس آزادی کے لیے مساجد گرائی جاتی رہیں ،قرآن جلائے جاتے رہے ، مدارس اور تعلیم گاہوں کو مسمار کیا جاتا رہا ، جس آزادی کے لیے قربانیوں کی داستانیں رقم ہوتی رہیں۔وہ آزادی ۔

ہاں !وہ آزادی ۔۔۔ جس میں ہمارے دین کا تحفظ ، ہمارے عقائد و نظریات کا فروغ ، ہمارے کلچر اور تہذیب کی بقاء تھی ، وہ آزادی جس میں ہمارے معاشرے کی آبرو محفوظ تھی ، وہ آزادی جس کے خیموں میں امن کے چراغ روشن کرنے تھے ، وہ آزادی جس کے محلات میں شعور و آگہی کی قندیلیں لٹکانی تھیں ، وہ آزادی جس میں علم کی شمعیں جلانی تھیں ، وہ آزادی جس میں محبت و ہم آہنگی کی معطر ہوائیں چلانی تھیں ، وہ آزادی جس میں اتحاد و اتفاق کی فصل کاشت کرنی تھی ۔ وہ آزادی جس میں اپنے خوابوں کی تعبیر پوری کرنی تھی ۔۔۔۔

اس آزادی کو انقلاب کے سفید ہاتھی روندنے آگئے ہیں ۔۔۔ اس آزادی کو مٹانے کے لیے کچھ مسخرے اب ”مارچ “کر رہے ہیں ۔ کچھ انقلابی نمودار ہوئے جنہوں نے اس ملک کی سالمیت پر شب خون مارا ، اور کچھ ”نیا پاکستان“ بنانے کے لیے اپنے مٹر گشت بلکہ کوچہ گشتی کو ”آزادی مارچ“ کہہ رہے ہیں ۔
” انقلاب“ کی بدصورت اور بدروح کو وہ مظلوم خاندان ہی بہتر جانتے ہیں جن کے گھروں سے جنازے اٹھے ۔ ان کے وہ ملک دشمن اور جان لیوا منصوبے منہ کھولے کھڑے ہیں،جس کی بھینٹ” ملک کے رکھوالوں“ کو بھی چڑھا دی گئی ۔

دوسری طرف بے حیائی کا وہ سونامی آیا کہ جس میں اسلام آباد میں 14 اگست سے تادم تحریر ، ناچ کلچر ، ڈانس کلچر ، موسیقی کلچر ، زنا کلچر اور اسلامی تشخص سے ”آزادی“ کلچر کے بھنور میں کئی عزتیں ڈوب گئیں ، مخلوط کلچر کی ہڑبونگ میں کتنے نوجوانوں نے دختران قوم اور حوا کی بیٹیوں کے سروں سے حیا ، عفت اور پاکدامنی کی چادر کو تار تار کیا اوراس کی غیرت کو پیوند خاک کیا ۔

ملک پاکستان میں خانہ جنگی کو فروغ دینے کے لیے یہودیت نے جن مہروں کی چال چلی ہے وہ ٹائی پتلون او رجبے ود ستار دونوں میں دیکھے جا سکتے ہیں ۔ ملک دشمن قوتوں کے ایجنٹ اپنے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔ ایک طبقہ اس کی جمہوریت اور آئین کا دشمن بنا ہوا ہے اور اس کے استحکام کو گزند پہنچانے کے لیے خود ساختہ غیر آئینی دفعات کو ”نافذ“ کرنے کے لیے اپنی جارحانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کو ”انقلاب“ کانام دے رہا ہے ۔ جبکہ دوسرا طبقہ” سول نافرمانی“ کا شور مچا کر اپنے اندر”خدا کی نافرمانی“ کا چور چھپانے میں مصروف عمل ہے ۔

میری قوم اسی” پرانے پاکستان“ میں رہنا چاہتی ہے جس کے لیے ان کے آباء و اجداد نے خون کے دریا عبور کیے ۔ ”انقلاب“ کی سرخ آندھیاں ”نئے پاکستان“ کا پیش خیمہ کبھی نہیں بن سکتیں ۔ 67 سال ہوچکے میری قوم کے کانوں میں جو نغمہ گونج رہا تھا وہ اب تلک اس کے کانوں میں گونج رہا ہے اور ہمیشہ گونجتا رہے گا ۔ کہ
یہ تیرا پاکستان ہے یہ میرا پاکستان ہے ۔
muhammad kaleem ullah
About the Author: muhammad kaleem ullah Read More Articles by muhammad kaleem ullah: 107 Articles with 120792 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.