شاہ جہان کا خنجر، سترہ لاکھ پاؤنڈ میں

مغل حکمران شاہ جہاں کا سونے کا ذاتی خنجر لندن میں سترہ لاکھ پاؤنڈ (تقریباً اکیس کروڑ ستاسٹھ لاکھ) میں نیلام ہوا ہے۔ نیلامی کرنے والے عالمی ادارے بونہمز نے بتایا کہ خنجر اندازے سے تین گنا زیادہ قیمت میں خریدا گیا۔

شاہ جہاں کے اس ذاتی خنجر پر ان کا نام کندہ ہے اور اس کی تاریخ سن سولہ سو انتیس اور تیس کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ بونہمز کی پریس ریلیز کے مطابق خنجر کی دھار پر شاہ جہاں کا شاہی رتبہ، تاریخ اور جائے پیدائش کندہ ہے اور یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ ان کا ذاتی خنجر تھا۔

خنجر بیلجیم کے شہری ژاک دیزینفان کے پاس تھا جنہوں نے اسلامی، ہندوستانی اور جنوب مشرقی ایشیا سے فن کے نمونے جمع کرنے میں پانچ دہائیاں صرف کی ہیں۔ دیزینفان کا تعلق برسلز کے ایک امیر خاندان سے ہے جن کی فرانس میں ٹیکسٹائیل ملیں ہیں۔

بونہمز کے مطابق دیزنفان کا نوادرات کا خزانہ اس وقت منظر عام پر آیا جب شاہ ایران انیس سو انہتر میں ان کے گھر گئے۔

مغل شہنشاہ شاہ جہاں دنیا بھر میں تاج محل بنوانے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ بونہمز کے جریدے میں مؤرخ ولیم ڈیلرمپل نے لکھا ہے کہ شاہ جہاں کو خوبصورت اور نادر اشیاء کا شوق تھا اور اس کا ذکر اس دور میں ہندوستان جانے والے کئی لوگوں نے کیا۔

YOU MAY ALSO LIKE: