لاری اڈہ کی شاہدرہ منتقلی اور خوبصورت پارک کی تعمیر

پنجاب حکومت لاہور کو خوبصورت بنانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑ رہی اور اب تک کافی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں وہاں پنجاب حکومت نے ایک اور اہم فیصلہ کر لیا ہے اور وہ یہ ہے کہ اب لاری اڈا شاہدرہ منتقل کیا جا رہا ہے اس سے پہلے سبزی منڈی کو یہاں سے منتقل کرنے کے احکامات جاری ہو چکے ہیں۔اس فیصلے سے شاہدرہ والوں کو کافی فائدہ ہو گا ۔پہلے میٹرو بس کا سٹاپ بھی شاہدرہ میں ہے اور اب لاری اڈا منتقل ہونے سے شاہدرہ والوں کی چاندی ہو جائے گی۔ان کے روزگار میں اضافہ ہو گا۔لیکن لاہور کے شہریوں کے لئے تھوڑا تکلیف کا باعث بنے گا۔کیونکہ لاری اڈا شہر سے باہر منتقل ہو جائے گا اس لئے لاہور شہر کے مسافروں کو اضافی سفر کی تکلیف اٹھانی پڑے گی خاص طور پر بچوں اور خواتین کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کیلئے سفر تکلیف کا باعث ہو گا۔

لاری اڈے کی منتقلی سے میٹرو بس پر بوجھ بڑھے گا اور زیادہ ترمسافر بس پر ہی سفر کو ترجیح دیں گے شاید اسی لئے حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ کیا ہو ورنہ پہلے سنا جا رہا تھا کہ اڈے کو ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کیا جانا تھا ۔شاہدرہ میں اڈے کی منتقلی سے مسافروں کو اضافی پیسے خرچ کر کے اڈے تک پہنچنا ہو گا لیکن اس کے بر عکس اگر دیکھا جائے تو لاہور شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے کچھ تکالیف اٹھانی ہی پڑتی ہیں۔کیونکہ موجودہ لاری اڈے کی جگہ ایک بہت بڑا پارک بنانے کا منصوبہ ہے ۔

یہاں پہلے ہی تفریح گاہیں موجود ہیں جن میں تاریخی بادشاہی مسجد،مینار پاکستان اور شاہی قلعہ قابل ذکر ہیں۔اور لوگ لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں کے لوگ اور تعلیمی اداروں کے طالب علم بڑی تعداد میں ان تاریخی مقامات کی سیر کو آتے ہیئں اس کے علاوہ دوسرے ممالک سے بھی لوگ اس تاریخی ورثہ کو دیکھنے آتے ہیں۔تو جب یہاں ایک خوبصورت پارک بن جائے گا اور یہ تمام تاریخی عمارات پارک سے منسلق ہو جائیں گی تو اس کو اور چار چاند لگ جائیں گے۔اور اس طرح ان تاریخی مقامات کی سیر کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

وزیر اعلیٰ لاہور کو خوبصورت بنانے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اور کافی حد تک لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ اور کچھ نئے منصوبے بھی بنائے جارہے ہیں جن سے لاہور دوسرے ممالک کے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہو گا۔اس پر میں وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی اس کاوش کو سراہتا ہوں۔گو کہ اس منصوبے سے کچھ لوگوں کو نقصان سے بھی دوچار ہونا پڑا لیکن تمام منصوبے وقت کی ضرورت تھے اس لئے انہیں مکمل کرنا ضروری تھا۔جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ اب لاہور شہرکی آبادی ایک کروڑ کے قریب ترین ہے اور اسی آبادی کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک کا بوجھ بڑھ گیا تھا اور آئے دن ٹریفک جام رہتی تھی اس مسئلے کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ نے شاہراہوں کو کشادہ کرنے کے منصوبے بنائے اور آج یہ منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جس سے ٹریفک بغیر کسی رکاوٹ کے رواں دواں رہتی ہے۔ لاہور کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ میری خواہش ہے کہ وزیر اعلیٰ صحت اور تعلیم پر بھی توجہ دیں تاکہ ان دو اداروں میں بھی ترقی ہو اور ہمارے لوگ بھی صحت مند اور تعلیم یافتہ بن سکیں۔

چلیں اپنے اصل موضوع کی طرف آتے ہیں شاہدرہ میں لاری اڈے کی تعمیر کے لئے حکومت وقت نے 303 کنال جگہ کا انتخاب کیا ہے۔اور اسے اسی سال یا رواں سال شروع کیا جا سکتا ہے۔مکمل ہونے کے بعد یہ بھی ایک جدید ٹرمینل بن جائے گا۔اور یہاں پر مسافروں کے لئے تمام سہولتیں میسر کی جائیں گی۔اور یہ ٹرمینل بھی لاہور کی خوبصورتی میں ایک اضافہ ہو گا۔ہماری دعا ہے کہ وزیر اعلیٰ صاحب اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کریں تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور روز گار میسر آ سکے۔
H/Dr Ch Tanweer Sarwar
About the Author: H/Dr Ch Tanweer Sarwar Read More Articles by H/Dr Ch Tanweer Sarwar: 320 Articles with 1925239 views I am homeo physician,writer,author,graphic designer and poet.I have written five computer books.I like also read islamic books.I love recite Quran dai.. View More