پاکستان کے چند خوبصورت ترین سیاحتی مقامات

اگر خوبصورتی کے حوالے سے بات کی جائے تو دنیا میں پاکستان کا کوئی ثانی نہیں-پاکستان کی دلکشی اور خوبصورتی ہمیشہ سے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب رہی ہے- اگرچہ اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ گزشتہ چند سالوں میں دہشت گردی کی وجہ پاکستان میں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کمی ضرور واقع ہوئی ہے لیکن پھر بھی پاکستان کی خوبصورتی کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا- پاکستان میں بے شمار دلفریب مقامات موجود ہیں ان میں جھیلیں، پہاڑ، قدرتی نہریں ، دریا وغیرہ سرِفہرست ہیں۔ آج ہم پاکستان کے صرف ایک پہاڑی خطے گلیات میں واقع چند خوبصورت ترین سیاحتی مقامات کا ذکر کریں گے-گلیات دو صوبوں یعنی خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں پھیلا ہوا ہے اور یہ صرف اس خطے کی خوبصورتی کی ایک جھلک ہے ورنہ یہاں اور بھی متعدد پرکشش مقامات موجود ہیں-
 

image
چھانگلہ گلی گلیات کا ایک حسین ترین لیکن خطرناک مقام بھی ہے٬ کیونکہ یہاں کی سڑک انتہائی تنگ ہے اور اس پر صرف ماہر ڈرائیور ہی گاڑی چلاسکتا ہے- یہ سڑک ایک گول چکر یا موڑ کی صورت میں گھومتی ہوئی اوپر جاتی ہے-لیکن سطح سمندر سے 2559 میٹر کی بلندی پر واقع اس مقام کو قدرت نے حسن بھی بے پناہ دیا ہے-
 
image
ٹھنڈیانی اپنے نامی کی مانند ایک ٹھنڈا مقام ہے اور گلیات کے خطے میں واقع ہے-یہ خوبصورت مقام سطح سمندر سے نو ہزارفٹ بلند کی بلندی پر ہے- اس مقام پر موجود جنگل انتہائی گھنے ہیں جبکہ یہاں ہر طرف برف کی سفیدی ہی سفیدی دکھائی دیتی ہے-
 
image
گھوڑا گلی سطح سمندر سے 1691 میٹر کی بلندی پر واقع ہے- گلیات میں واقع یہ پہاڑی علاقہ خوبصورت تو ہے ہی لیکن یہاں کی سب سے منفرد چیز 1100 فٹ لمبی چیئرلفٹ ہے-
 
image
باڑہ گلی پاکستان کا ایک خوبصورت ترین مقام ہے جو گلیات میں واقع ہے اور سطح سمندر سے 2350 میٹر بلندی پر ہے- اس مقام پر چیڑ اور دیودار کے سدا بہار درختوں کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے-
 
image
خانسپور نامی یہ مقام ساڑھے سات ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور یہاں موسم سرما میں برفباری عام ہے جبکہ موسم گرما میں یہاں کا موسم معتدل رہتا ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے-
 
image
نتھیا گلی کا شمار پاکستان کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے جہاں ہر سال موسم گرما میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے- اس مقام کی دلکشی دیکھ کر بلاشبہ اسے پاکستان کی جنت کہا جاسکتا ہے-
 
image
چھرہ پانی نامی یہ خوبصورپ مقام بھی گلیات کا ہی ایک حصہ ہے- اس مقام پر ایک انتہائی تیز رفتار ندی موجود ہے جس میں پہاڑوں سے آنے والا پانی بہت زیادہ ٹھنڈا ہوتا ہے- اس کی خوبصورتی کی وجہ سے سیاح اس مقام پر ضرور رکتے ہیں-
 
image
ڈونگا گلی بھی گلیات کا ایک خوبصورت ترین سیاحتی مقام ہے جو سطح سمندر سے 8200 فٹ کی بلندی پر واقع ہے- اس مقام پر سرسبز پہاڑ بھی موجود ہیں اور میٹھے پانی کے چشمے بھی- اور یہی دونوں نعمتیں اس مقام کے حسین ہونے کی وجہ ہیں-
 
YOU MAY ALSO LIKE:

Natural beauty is un matched. Pakistan have world most beautiful places for visit, specially at its best in northern areas of Pakistan. Every part of these areas has beauty and charm.