والدین کے ساتھ بھلائی کرتے رہو

 قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے’’اے یحییٰ کتاب مضبوط تھام اور ہم نے اسے بچپن ہی سے نبوت دی۔اور اپنی طرف سے مہربانی اور ستھرائی اور وہ کمال ڈر والا تھا۔اور اپنے ماں باپ سے اچھا سلوک کرنے والا تھا،زبردست و نافرمان نہ تھا۔اس پر مریم نے بچہ کی طرف اشارہ کیا ،وہ بولے ہم کیسے بات کریں اس سے جوپالنے میں بچہ ہے،بچہ نے فرمایا میں ہوں اﷲ کا بندہ اس نے مجھے کتاب دی اور مجھے غیب کی خبریں بتانے والا(نبی)کیااور اس نے مجھے مبارک کیا میں کہیں ہوں اور مجھے نماز و زکواۃ کی تاکید فرمائی ،میں جب تک جیوں اور اپنی ماں سے اچھا سلوک کرنے والا اور مجھے زبردست بد بخت نہ کیا (سورۃ مریم)اور تمھارے پروردگارکاارشاد ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرواور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرتے رہو،اگر ان میں سے ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کوپہنچ جائیں توان کواُف تک نہ کہنا اورنہ انہیں جھڑکنااور ان سے بات ادب کے ساتھ کرنااور عجزونیازسے ان کے آگے جھکے رہواور ان کے حق میں دعا کروکہ اے پرودگار جیسا انہوں نے مجھے بچپن میں(شفقت سے)پرورش کیا توبھی ان پررحمت فرما(سورۂ بنی اسرائیل)قارئین محترم گزشتہ روز خبر ملی کہ پیرومرشد پیرسید عرفان احمد شاہ المعروف نانگا مست کے والد محترم اورسیدہ عظمیٰ گیلانی ایڈووکیٹ کے سُسر سید ممتاز احمد شاہ قضائے الٰہی سے وفات پاگئے ۔سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں گزشتہ روز اُن کی نماز جنازہ آبائی گاؤں40/12-Lچیچہ وطنی میں ادا کی گئی۔سید محمد اصغرشاہ ایم این اے،ڈاکٹر محمد یعقوب،وسیم فاروق شاہد صدر پنجاب یونین آف جرنلیسٹ، جمیل قیصرایڈمنسٹیٹر روزنامہ پاکستان، ڈاکٹر محمد رضا ایڈووکیٹ چیرمین پاور گروپ آف لائرز، محمدناصر اقبال خاں مرکزی صدرہیومن رائیٹس موومنٹ ،،میاں محمد صدیق ایڈووکیٹ ، وسیم نذر چیف ایڈیٹر پاک نیوز لائیو،زاہد شفیق سب ایڈیٹر روزنامہ خبریں، ڈاکٹرسرجن محمد اظہر،رانا محمد سلیم ایڈووکیٹ صدر راجپوت لائرز فورم ، محمد ناصر خاں ایڈووکیٹ صدر میولائرزفورم ،ڈاکٹر محمود احمد ملک ایم ایس چیچہ وطنی،رضوان بلوچ چیرمین امن کمیٹی ضلع جھنگ،شیخ محمد حسین جرنلیسٹ قصور،ناظم ملک روزنامہ جہان پاکستان ،جمیل احمد ملک جرنلیسٹ،علی رضا سندھو صدرپریس کلب چیچہ وطنی ،مشتاق احمد سلطانی چیرمین رحمانی ویلفیئرکے علاوہ سماجی و سیاسی ،مذہبی شخصیات نے اظہار تعزیت اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے قرآن خوانی اور دُعا کی۔خبر پڑھ ایسی کیفیت طاری ہوئی جسے لفظوں میں بیان کرنا ناممکن ہے۔راقم لاہور اور پیرومرشد چیچہ وطنی میں تھے ۔بے چین و بے قرار ہوکر قرآن کریم کھول کر سکون و راحت تلاش کرنے لگا تووالدین کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کے احکام پڑھ کر وہ باتیں سمجھ آنے لگی جو پہلی کبھی نہ آئی تھیں۔خالق کائنات کے بعد انسان پروالدین کااحسان سب سے زیادہ ہوتا ہے ۔والدین اولاد کی پیدائش سے پرورش تک بڑی مشکلات سے گزرتے ہیں۔ایسی مشکلات جن کا اس وقت اولاد تصور بھی نہیں کرسکتی ۔ اس لیے اﷲ تعالیٰ نے اپنی شکرگزاری کے ساتھ ساتھ والدین کی شکرگزاری کابھی حکم دیا ہے ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ’’میرا بھی شکر کرتا رہ اور اپنے ماں باپ کا بھی‘‘والدین جتنی مشکلات اپنی اولادکے لیے اُٹھاتے ہیں۔ اس کے صلے میں انسان کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ اپنے والدین کی خدمت کرے اس طرح انسان صرف والدین کی خدمت ہی نہیں کرتا بلکہ اپنے خالق (اﷲ تعالیٰ)اور اس کے رسول سرکار دوعالم حضرت محمد ؐ کے احکامات پر عمل بھی کرتا ہے جو یقیناانسان کے لیے دنیا و آخرت کی بھلائی کا سبب ہے ۔ارشاد نبوی ہے کہ ’’وہ شخص ذلیل ہوا،ذلیل ہوا جس نے والدین کا بڑھاپا پایا اور دونوں( یا ان میں سے ایک جوبھی زندہ ہو)کی خدمت کرکے جنت میں نہ پہنچ جائے ۔کتنا خوبصورت فرمان ہے میرے اورآپ کے حقیقی رہنماء کااور کس قدر افضل اور اﷲ تعالیٰ کے نزدیک پسندیدہ عمل ہے والدین کی خدمت کرنا ۔ دیکھا جائے تو انسان ا پنے والدین کے بے پناہ احسانات کابدلہ ہی نہیں چکاسکتا چاہے ساری زندگی ان کی خدمت میں گزار دے اور اس پر جنت کے ا نعام کا وعدہ ، کیا یہ ایک اور احسان نہیں میرے اور آپ کے خالق کا؟ کتنے بدقسمت ہیں ہم لوگ جو اپنے والدین کے ساتھ بھلائی کا سلوک نہیں کرتے۔اﷲ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ ہمیں اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی توفیق عطا فرما ۔
Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 564972 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.