نمک کی کان میں بنے ریسٹورنٹ سے تو سب واقف ہی ہیں لیکن
اب ایک ایسا انوکھا ریسٹورنٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے جو کہ خود مکمل طور پر
نمک سے بنا ہوا ہے اور وہ نمک جو ہاتھ پر بھی مشکل سے ٹھہرتا ہے حیرت انگیز
طور پر اپنے وجود برقرار رکھے ہوئے٬ لیکن کیسے؟ آئیے بتاتے ہیں-
نمک سے بنا یہ ریسٹورنٹ جنوبی ایران کے شہر شیراز میں تعمیر کیا گیا ہے اور
اس کا نام بھی سالٹ ریسٹورنٹ رکھا گیا ہے- اس ریسٹورنٹ کی دیواریں٬ فرنیچر٬
بار سمیت ہر شے مکمل طور تر سفید نمک سے تیار کردہ ہیں- یہاں تک کہ اس
ریسٹورنٹ کی سیڑھیاں بھی ہموار نمک کی مدد سے بنائی گئی ہیں-
|
|
اس اچھوتے ڈیزائن کے حامل ریسٹورنٹ کی تعمیر ایک ایران سے ہی تعلق رکھنے
والی امتیاز ڈیزائننگ گروپ نامی کمپنی نے کی ہے اور یہ منفرد خیال بھی اسی
کمپنی کا پیش کردہ تھا-
کمپنی نے ریسٹورنٹ کی عمارت کی تعمیر میں نمک کو ایک مرکزی تعمیری مواد کے
طور پر استعمال کیا- انہوں نے یہ عمارت مقامی طور پر موجود سستے نمک٬ پاؤڈر
اور چٹانی پتھروں کی مدد سے تخلیق کی-
کمپنی کے مطابق “ ریسٹورنٹ کی دیواروں اور چھت کا ڈھانچہ نمک سے تیار کیا
گیا ہے اور یہ نمک قریب میں ہی موجود نمک کی کان اور شیراز کی ایک نمکین
پانی کی جھیل سے حاصل کیا ہے“-
“ نمک کے ساتھ قدرتی گوند کو شامل کیا گیا تاکہ اس آمیزے میں سختی پیدا
ہوجائے اور وہ ٹھہر سکے“-
|
|
اس پروجیکٹ کے آغاز سے قبل شیراز میں پائے جانے والی مقامی نمک کی کانوں٬
نمکین جھیل قدرتی گوند پر ایک جامع تحقیق کی گئی اور یہ جانا گیا اس آمیزے
کو تعمیراتی میٹریل کے طور پر استعمال کیا بھی جاسکتا ہے کہ نہیں-
ڈیزائنر نے اپنی تحقیق کی شروعات نمک سے بنائے جانے والے اس ریسٹورنٹ سے
تقریباً 150 اسکوائر کلومیٹر کے فاصلے پر موجود قدرتی نمک کی کانوں اور
نمکین جھیل سے کی-
کمپنی نے یہ تعمیر نمک کی کانوں سے متاثر ہو کر کی اور انہوں نے اپنی تحقیق
کے ذریعے پہلے اسے بات کو یقینی بنایا کہ ریسٹورنٹ کے اندرونی حصوں کو
بالکل ایسے ہی ڈھالا جاسکتا ہے جیسے کہ نمک کی کانوں کا اندرونی نقشہ ہوتا
ہے-
اس تحقیق کا اختتام اس وقت ہوا جب نمک کی مدد سے دیواریں٬ چھت اور سیڑھیاں
تیار کرلی گئیں جس کے بعد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے نمک کانوں کو ایک
جدید شکل دے دی گئی ہو-
|
|
ریسٹورنٹ میں رکھی گئی میزیں ہاتھوں سے تراشی گئی ہیں اور ان کی تیاری میں
چٹانی نمک کا استعمال کیا گیا- اور سیڑھیوں کی سطح بنانے کے لیے ری سائیکل
سوفٹ ڈرنک کے کین استعمال کیے گئے ہیں-
کمپنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ “ ریسٹورنٹ کی تعمیر کے لیے بطور تعمیراتی
میٹریل نمک ایک بہترین انتخاب تھا کیونکہ نمک میں ہوا کو صاف کرنے کی
صلاحیت موجود ہوتی ہے“-
|
|
“ قدیم دور میں نمک کو ایک دوا کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا یہاں تک
کہ اس سے کیے جانے والے علاج انتہائی طاقتور سمجھا جاتا تھا“-
نمک سے بنے اسے انوکھے ریسٹورنٹ کو سیاحوں کی ایک بڑی تعداد دیکھنے آرہی ہے
اور وہ فن تعمیرات کے اس اعلیٰ نمونے پر انتہائی حیران ہے- |