جھوٹ بولنے کے بیشمار فوائد؟؟

786

ایک سروے کے مطابق گورے یعنی اصلی برٹشرز انگریز جھوٹ بول کر بیماری کی چھٹی لینے میں دنیا میں پہلے نمبر پر پائے گئے ہیں۔ہے نہ حیرت کی بات کہ جتنے بڑے آدمی اتنا بڑا جھوٹ۔ ہمارے تو وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ہمارے پرانے حاکم ، مائی باپ، مہذب، با اخلاق، تہذیب یافتہ اور ترقی یافتہ قوم کہلانے والے لوگ بھی کیا ایسا کر سکتے ہیں؟ہم تو سمجھے تھے کہ جھوٹ صرف ہم پاکستانی ہی یہ سمجھ کر بولتے ہیں کہ اسلام میں تین مواقع پر جھوٹ بولنے کی اجازت ہے ؟ ا ور ا نمیں سے کوئی بھی فٹ کر کے مطمئن ہو جاتے ہیں۔ پر یہ گورے کونسا مکر فٹ کر کے جھوٹ بولتے ہیں، پتہ کرنا پڑیگا؟

ہمارے ہاں تو یہ ہوتا ہے کہ بندہ چھٹی کے چکر میں کبھی نانی مار دیتا ہے ، کبھی دادی۔ کو ئی ساس کو مارے تو کوئی کسی ہمسائے کو مار کر چھٹی لیوے۔ ہمارے ایک دوست تو اپنی نانی کو ہی آدھا درجن بار مار کر چھٹی کھڑ کا چکے ہیں۔کیوں ! ایسا ہوتا ہے نہ؟ایک اور دوست جو کہ ایک چھوکری کے پیچھے لٹو بنے ہوئے تھے انکا تو کام ہی بس چھٹیاں کر نا تھا اور روزانہ انکی چھٹیوں کا نیا بہانہ ہوتا تھا۔ جھوٹی چھٹیاں لینے کے ساتھ ساتھ موصوف جھوٹ بول کر پیسے اینٹھنے میں بھی بہت ماہر تھے۔ کبھی ابا کی ٹانگ تڑائی تو کبھی ماں کو برین ٹیومر، تو کبھی بہن کی شادی تو کبھی جائدا د کا چکر۔ اور مو صوف ہمیشہ لمبا ہاتھ مارنے کی کوشش کرتے تھے، ہزار دو نہیں بلکہ پورے دس ہزار پر بات جا کر ٹکتی تھی۔ ایک بار تو انہوں نے کمر میں درد کا ایسا جھوٹ گھڑا کہ دفتر والوں کو ایمبولینس بلانی پڑی اور اسی حالت میں انہوں نے پین کلر کے ٹیکے بھی لگوالیے۔ کچھ عرصہ بعد پھر آخر کار لاکھ دولاکھ اینٹھ کر موصوف یہ جا وہ جا۔ ہمارے ایک اور مرحوم دوست کو تو جھوٹ بول کر چھٹیاں لینے میں ملکہ حاصل تھا۔ وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ چھٹی لینا میرے لیے کو ئی مسئلہ نہیں اور بائیں ہاتھ نہیں بائیں پیر کا کھیل ہے۔ اور واقعی انکے لیے کوئی مسئلہ نہ تھا کہ ہر بار وہ کوئی ایسا نیا بہانہ تراشتے کہ باس چھٹی دینے پر مجبور ہو جا تا تھا۔ہمارے ایک اور دوست جو اپنی ساس کو تین بار مار کر چھٹیاں کھڑ کا چکے تھے ، اپنی بیوی کے ہاتھوں کئی بار لہولہان ہوئے کہ میر ی اماں کو کیوں مارا اپنی ماں کو کیوں نہیں مارتے اور وہ بھی تین بار۔

تو جناب ؓبات ہو رہی ہو جھوٹ کی تو سیاستدانوں کا ذکر خیر نہ ہو تو یہ عجیب سی بات ہو گی۔ مثلا: ہمارے سیاستدانوں کے جھوٹ دیکھیں کہ : نیا پاکستان بنائیں گے، پہلا سنبھالا نہیں جاتا ایک اور بنائیں گے۔ پھر کہیں گے کہ معاشی طور پر مستحکم بنائیں گے۔ اپنے کاروبار باہر تو یہ سب کیسے ہوگا۔ کہتے ہیں کہ ملک کو فرانس اور سنگا پور بنا دیں گے۔ارے جناب پہلے احسان پور، اور پہا ڑ پور کو تو سنبھال لیں۔ایک اور جھوٹ کہ روٹی کپڑا ور مکان دیں گے ، پر عوام انہی اشیا ء کو ترستے ہیں ہیں۔ پھر کہتے ہیں کہہ ملک اور عوام کی تقدیر بدل دیں گے حالآنکہ 60 سال میں تو نہ بدلی؟ پھر کہتے ہیں کہ سڑکوں پر گھسیٹیں گے: حالآنکہ پہلے بھی کہا تھا۔جھوٹ بولے کوا کاٹے پر یہاں تو کوا کیا کیڑی بھی نہیں کاٹتی۔ان سب سیاستدانوں کا کیا کیا جھوٹ پکٹریں کہ اٹھتے بیٹھتے انکی گھٹی میں بس جھوٹ ہے۔ اسکے علاوہ تنخواہیں بڑھائیں گے ، جھوٹ۔ بونس دیں گے، جھوٹ۔ رمضان میں کہیں گے عید کے بعد تحریک چلائیں گے ، عید کے بعد بقر عید، اسکے بعد محرم، پھر ربیع الا اول ۔۔۔ وغیرو وغیرہ۔۔۔

اسکے علا وہ یہ کہ بیوی کہے کہ میں ایک گھنٹے میں تیار ہو جا ؤنگی ، جھوٹ۔کبھی جیب کی تلاشی نہیں لونگی، جھوٹ۔روزہ خور روزہ رکھے گا ، جھوٹ۔آٹا، گھی، چینی ، چاول کی قیمتیں نیچے آ جائیں گی، جھوٹ۔ ملک سے باہر جانے سے پہلے کہیں گے کہ واپس آکر ایسی تیسی کریں گے۔ جونہی انہیں مال پانی ملے تو انکے تما م شکوے شکایتیں دور اور یہ حکومت کے ساتھ۔ جھوٹ۔ اسکے علاوہ یہ کہ بندہ صرف چھٹی لینے کے لیے ہی جھوٹ نہیں بولتا بلکہ آجکل جھوٹ سے اور بھی بہت سے کارنامے سر انجام دیے جارہے ہیں مثلا: اب یہ کوئی جھوٹ تو نہیں کہ وینا ملک کے لمڈا ہو ا ہے او ر وہ بھی امریکن نیشنل! تو کیسا ؟کلنٹن نانا بن گئے کیسا؟ یہ تو جھوٹ نہیں۔ میرا صاحبہ دھرنے کے آگے دھرنا دینے کے چکر میں تھیں خان صاحب سے شادی کے لیے ، یہ بھی جھوٹ نہیں۔ سلمان خان نے بہن کو شادی پر دس کروڑ کا فلیٹ گفٹ کردیا تو یہ بھی جھوٹ نہیں،

ویسے آپ جیلسی نہ کریں۔ اﷲ ایسے بھائی سب کو دے۔ آمین۔۔۔۔۔۔۔۔۔میڈونا ایک اور شادی ؟؟ کر رہی ہیں۔ خان صاحب نے بھی نئے پاکستان کے ساتھ نئی شادی رچالی (اب ِمیرا کا کیا بنے گا)۔؟

گوگل اور فیس بک کے باپ مارکیٹ میں وارد ہو چکے ہیں ۔ کیا یہ بھی جھوٹ؟ بجلی کے بغیر ٹھنڈک اے سی جیسی۔ فیس بک کا بانی کہتا ہے کہ دنیا کے ہر انسان کو آن لائن لانا چاہتاہوں۔ کیا یہ بھی جھوٹ ہے ۔ خان صاحب نے عزت کے ساتھ دھرنا ختم کر دیا یہ بھی جھوٹ تو نہیں۔ نواز شریف صاحب کی اﷲ پاک نے غائب سے مدد فرمائی کہ طاہر ا لقادری صاحب بیمارے ہوگئے، سانحہ پشاور کی وجہ سے خان صاحب کی عزت اور موجودہ حکومت کی بھی وہ ؟؟ رہ گئی، کیا یہ بھی جھوٹ ہے۔ دھرنے کے بعد میاں صاحب بغیر گولی کے چین کی نیند سوئے کیا یہ بھی جھوٹ ہے۔ سائنسدان کہتے ہیں کہ اگلے دس سال میں مصنوعی دماغ تیار ہو کر مارکیٹ میں آ جائیگا۔ کیا یہ بھی جھوٹ ہے۔ پر دعا ہے کہ یہ مصنوعی دماغ اتنا سستا ہو کہ ہر عورت کے دماغ میں فٹ ہو سکے اور انہیں صراطِ مستقیم پر چلائے ۔ آمین ۔ اگلے چار سال میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائیگی؟؟ کیا یہ بھی جھوٹ ہے۔ کون جئے گا اس زلف کے سر ہونے تک! استادِ محترم جناب عطا ء الحق قاسمی صاحب ایک گردے پر جی رہے ہیں ، کیا یہ بھی جھوٹ ہے؟نہیں یار یہ جھوٹ نہیں ہے!

کہتے ہیں کہ ایک جھوٹ کوچھپانے کے لیے سو جھوٹ ملانے پڑتے ہیں۔ اسی طرح ایک اور تحقیق کے مطابق خواتین چوبیس گھنٹے میں سے پانچ گھنٹے فضول گفتکو میں ضائع کرتی ہیں۔ آپ سوچیں کہ یہ کیا باتیں کرتی ہونگی۔ اسمیں ضرور زیاہ گفت و شنید جھوٹی ہی ہوتی ہوگی۔ ویسے بھی خواتین اور جھوٹ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا لازم و ملزوم تو نہیں۔؟؟ آپ بتائیں ، ہم عرض کریں کے تو شکایت ہو جائیگی۔ کچھ خواتین اور کچھ حضرات عجیب عجیب کمینٹس اور میسج کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ویسے بائی دا وے پانچ گھنٹے فضول گفتگو اگر ریکارڈ کر کے جا نچی جائے تو اسمیں لازما اسی فیصد جھوٹ اور باقی شکوے شکایتیں او رصرف دو فیصد کام کی باتیں ملیں گیں۔ ہے نہ ۔ سیاستدانوں کی دیکھیں کہ ایک دوسرے کو جھوٹا ہونے کا طعنہ دیتے ہیں، حالآنکہ سارے ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔یعنی جھوٹ بولنے میں ماہر۔

اب آپ سوچیں گے کہ میں نے فوائد تو تحریر نہیں کیے۔ تو بھائی لیں فوائد بھی پڑھ لیں: تنخواہ کے معاملے میں بیگم کو جھوٹ بولیں بچت ہی بچت۔ بیگم کی جھوٹی تعریف کریں ، جو مرضی آئے کرالیں۔ فائدہ۔ بچوں سے جھوٹ بول کر انکے جیب خرچ سے بچت۔ باس سے جھوٹ بولیں، چھٹیوں کے مزے لوٹیں ۔ جھوٹ بول بول کر دکاندار مال سیل کرے ، فائدہ ہی فائدہ۔ جھوٹ بولو بھیک مانگو، ادھار مانگو، فائدہ ہی فائدہ۔جھوٹ بولو لڑکی پٹاؤ، جھوٹ بولوشادی کرو۔جھوٹ بولو ویزا لگواؤ۔جھوٹ بولو الو بنا ونگ۔ جھوٹ بولو۔۔۔۔۔۔۔۔ ہے نہ فائدہ ہی فائدہ۔۔۔ا سی طرح سیاستدانوں کے آئے روز کے جھوٹ کہ نیا پاکستان بنائیں گے، معاشی طور پر مستحکم کریں گے، غربت ختم کریں گے، روٹی کپڑا اور مکان دیں گے، دودھ شہد کی نہریں بہائیں گے، دہشت گردی ، بیروزگاری اور لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے ۔ وغیرہ وغیرہ۔۔۔ ہے نہ انہیں جھوٹ بولنے کا فائدہ کہ ہم بار بار ان سے ڈسے ہونے کے باوجود انہیں ہی ووٹ د ے کر دوبارہ لے آتے ہیں ۔ جھوٹ بول بول کر آپ اپنی ٹی وی ریٹنگ بڑھوالیں۔ اب آپکو جھوٹ بولنے کے اور کیا کیا فائدے گنواؤں کہ مطلب فائدہ ہی فائدہ ہے۔جھوٹ بولو تو استاد کی مار سے بچ جاؤ۔ جھوٹ بولو والد کی ڈانٹ اور مار سے بچ جاؤ۔ جھوٹ بولو تو۔۔۔۔۔سنا ہے کہ امریکہ میں کوئی ایسی مشین ہے کہ جو جھوٹ بولنے والے کا جھوٹ فورا پکڑ لیتی ہے۔ یار ! اگر ایسا ہے تو پہلے اس مشین سے ہمارے ملک کی تمام خواتین کو گزارا جائے تاکہ اصلیت سامنے آسکے ۔

بہرحال ! پھر وہی نصیحت کہ ہمیشہ ہنستے مسکراتے رہیں کہ ہنسنا ہی زندگی ہے،اس ناچیز کو اپنی روزمرہ دعاؤں میں یاد رکھیں اور ساتھ ساتھ نیچے دیے گئے بلاگ میں اپنے کمینٹس بھی پوسٹ کریں، جوکہ مزید بہتر لکھنے میں میرے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ویب سائٹ والے تو کچھ دیتے نہیں لکھنے لکھانے کے، آپ لوگ کم ازکم کمینٹس ہی دیا کریں۔ سائٹ پر یا موبائل پر۔شکریہ۔ اﷲ حافظ۔

Mohammad Shafiq Ahmed Khan-0333-6017660
About the Author: Mohammad Shafiq Ahmed Khan-0333-6017660 Read More Articles by Mohammad Shafiq Ahmed Khan-0333-6017660: 93 Articles with 247435 views self motivated, self made persons.. View More