دنیا کا ہر شہر یا گاﺅں کہیں بھی گلیوں کی موجودگی لازمی
ہوتی ہے اور کچھ مقامات پر انہیں بہت شہرت بھی مل جاتی ہے۔ مگر کچھ انوکھی
یا حیرت انگیز گلیاں ایسی ہوتی ہیں جو کسی نہ کسی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا
مرکز بن جاتی ہیں جیسے ان کا تنگ ہونا یا وہاں کچھ عجیب چیزوں کی موجودگی
وغیرہ۔ تو آئیے ڈان نیوز کی شائع کردہ ایک رپورٹ میں سے اخد کی گئی دنیا کی
ایسی ہی چند سب سے عجیب و غریب گلیوں کی سیر کرتے ہیں جہاں جانے کا تجربہ
ناقابل فراموش ثابت ہوتا ہے۔
|
اینجل پلیس، سڈنی
پرندوں کے چہچانے کی غیرمتوقع آوازیں اس بات کا اشارہ ہوتی ہیں کہ آپ وسطی
سڈنی کی اینجل پلیس نامی گلی میں پہنچ گئے ہیں۔ یہاں پہنچتے ہی آپ کو اپنے
سر کے اوپر 120 خالی پنجرے نظر آتے ہیں جو حیران کردیتے ہیں۔ درحقیقت یہ
پنجرے یہاں ایک گلوکار نے جنگلی حیات کی صورتحال پر توجہ کے لیے لٹکائے تھے
جو اتنے مقبول ہوئے کہ انہیں مستقل جگہ مل گئی اور یہاں کان لگا کر سنیں تو
پورا دن اس گلوکار کا گیت بجتا رہتا ہے جو پچاس یا اس سے زائد پرندوں کی
اقسام کی چہچہاہٹ میں سنائی دیتا ہے جبکہ رات کو وہ آسٹریلین او اور ایسے
ہی رات کو جاگنے والے پرندوں کی آواز میں بدل جاتا ہے۔ |
|
میکلونگ مارکیٹ ریلوے، تھائی لینڈ
یہ مارکیٹ بھی ہے ریلوے لائن بھی اور گلی بھی ہے ناں حیرت انگیز؟ یہاں ایک
لمحہ پہلے ٹھیلوں پر دکاندار لوگوں کو سبزیاں و پھل تھیلوں میں دے رہے ہوتے
ہیں اور دوسرے لمحے وہاں ٹرین کی سیٹی بجتی ہے اور ٹھیلے ہٹنا شروع ہوجاتے
ہیں اور خریدار ٹریک سے باہر نکل کر کناروں میں دبک جاتے ہیں۔ پھر ٹرین
پوری رفتار سے اس ٹریک سے گزرتی ہے جہاں ٹھیلوں و گاڑیوں کی بدولت کچھ دیر
پہلے پاﺅں رکھنے کی جگہ بھی نظر آرہی ہوتی ہے مگر جیسے ہی ٹرین گزرتی ہے
چہل پہل پھر سے ایسے شروع ہوجاتی ہے جیسے وہاں سے کبھی ٹرین گزری ہی نہ ہو۔
|
|
ڈی جولیو ایونیو، ارجنٹائن
یہ دنیا کی سب سے چوڑی گلی ہے جسے دیکھ کر پہلی نظر میں تو کسی موٹروے کا
خیال ذہن میں آتا ہے کیونکہ یہاں گاڑیوں کے گزرنے کے لیے بارہ لین کی سڑک
موجود ہے۔ اس کی تعمیر تیس کی دہائی میں شروع ہوئی اور اسے مکمل ہونے میں
پچاس سال کا عرصہ لگا اور اس کی بدولت ہی ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس کو
لاطینی امریکا کے پیرس کا درہ مل گیا۔ اسی گلی کے آس پاس اس شہر کی بیشتر
تاریخی یادگاریں بھی دیکھ جاسکتی ہیں۔
|
|
نورڈرسٹریب، جرمنی
بے تحاشہ لٹکے ہوئے جوتوں کے نیچے سے گزرتے ہوئے ہوسکتا ہے آپ کو خوف محسوس
ہو مگر شمالی جرمن قصبے فلینسبرگ کی اس گلی میں داخل ہوتے ہی آپ کو اس
تجربے کا سامنا ہوتا ہے۔ یہاں سینکڑوں جوتے سر کے اوپر رسیوں پر لٹکے ہوتے
ہیں اور اس حوالے سے کئی روایات مشہور ہیں جیسے کوئی لڑکا بالغ ہوجاتا ہے
تو اس کے اظہار کے طور پر جوتا لٹکا دیتا ہے۔ تاہم ان تمام تر روایات سے
قطع نظر یہ دنیا کی عجیب ترین گلیوں میں سے ایک مانی جاتی ہے جہاں جانے
والے سیاح اپنے جوتے لٹکانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
|
|
بالڈوین اسٹریٹ، نیوزی لینڈ
یہ دنیا کی سب سے نشیبی گلی قرار دی جاتی ہے جو نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن
میں واقع ہے۔ لمبائی میں کسی فٹبال گراﺅنڈ جتنی بڑی گلی ڈھلان کی شکل میں
اوپر سے نیچے آرہی ہے اور اس پر چلنا لوگوں کو تھکا کر رکھ دیتا ہے اور اسی
لیے یہاں 270 سیڑھیاں موجود ہیں جن پر اوپر چڑھنے کے بعد سیاحوں کی تھکن
اوٹاگو بندرگاہ کے خوبصورت نظارے کو دیکھ کر اتر جاتی ہے۔
|
|
اسپریئرہوفسٹریب، جرمنی
اس گلی میں گزرنا دبلے پتلے افراد کا ہی کام ہے موٹے افراد تو اس میں پھنس
کر رہ جاتے ہیں کیونکہ اسے دنیا کی سب سے پتلی گلی کہا جاتا ہے جو محض 12.2
انچ چوڑی ہے۔ اس گلی کو 1727 میں روٹ لنگن نامی شہر میں بڑے پیمانے پر
آتشزدگی کے بعد تعمیر کیا گیا تھا اور اسے دیکھ کر سمجھ نہیں آتا کہ بلڈرز
نے کیا سوچ کر اس گلی کو بنایا۔
|
|
ہوزر لین، آسٹریلیا
دیواروں پر نقش و نگار بنانا اکثر کافی تنازعات کا باعث بن جاتا ہے مگر
آسٹریلین شہر میلبورن کی ہوزر لین نامی گلی کی شہرت ہی وہاں دیواروں پر
زبردست قسم کے فنکارانہ مصوری کے نمونے ہیں۔ یہاں مقامی اور بین الاقوامی
افراد کو اپنی صلاحیت کے جوہر دکھانے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور وہ کارٹونز
سے لے کر پوسٹرز اور لوگوں کی تصاویر سب کچھ تیار کرسکتے ہیں۔ بس مشکل یہ
ہے کہ وہاں آپ کو جگہ مشکل سے ہی مل پاتی ہے کیونکہ وہاں ہر وقت ہی کئی
آرٹسٹ اپنے کام میں لگے ہوتے ہیں۔
|
|
ریو کوسنا، کینیڈا
کیا آپ نے کبھی ایسی گلی دیکھی جس کے ایک سے دوسرے کنارے پر پہنچ کر پتا
چلے کہ آپ دوسرے ملک میں پہنچ گئے ہیں؟ نہیں ناں مگر کینیڈین شہر کیوبک کی
ریو کوسنا نامی گلی کی وجہ شہرت یہی ہے جو کینیڈا اور امریکا کے درمیان بین
الاقوامی سرحد بھی مانی جاتی ہے۔ یہاں تو ایسا بھی ہے کہ ایک گھر کا باورچی
خانہ کینیڈا اور سونے کا کمرہ امریکا میں ہے۔ ایسے ہی یہاں واقع سینما گھر
کی صورتحال ہے جس کا اسٹیج کینیڈا اور داخلی دروازہ امریکی علاقے میں ہے۔ |
|
ببل گم ایلی، امریکا
کیلیفورنیا کے علاقے سان لیوئس میں واقع ببل گم ایلی نامی گلی میں آپ کو
کہیں کچرا نظر نہیں آئے گا ماسوائے دیواروں پر جہاں رنگا رنگ چیونگمز چپکی
نظر آتی ہیں۔ 15 فٹ لمبی دیوار پر ہر فرد کو چیونگم چبا کر لگانے کی مکمل
آزادی حاصل ہے اور یہاں یہ کام 1950 سے ہو رہا ہے جس کی وجہ سے یہ سیاہ
دیوار اب کسی دھنک جیسی رنگین ہوچکی ہے۔ یہاں پہلی بار آنے والے اکثر اس کو
دیکھ کر گھبرا جاتے ہیں اور کئی لوگوں کو یہ بہت پسند آتی ہے اور وہ یادگار
کے طور پر اپنی ایک چیونگم وہاں چپکا دیتے ہیں۔ |
|
ایسٹراڈا دو بوم جیزز، پرتگال
پرتگالی علاقے براگا کی یہ گلی جادوئی بھی کہی جاسکتی ہے جہاں آپ اپنی گاڑی
نیوٹرل گیئر میں رکھیں تو وہ کشش ثقل کے تمام تر اصولوں کے خلاف اوپر پہاڑی
کی جانب چڑھنے لگتی ہے۔ متعدد افراد کا ماننا ہے کہ یہاں مقناطیسی کشش
گاڑیوں کو اوپر کی جانب کھینچتی ہے جبکہ کچھ کے خیال میں یہاں کوئی ماورائی
طاقت ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ قدرت کا بصری دھوکہ ہے کیونکہ یہاں دو سڑکیں
اکھٹی ہوتی ہیں جو دیکھنے میں ایسی لگتی ہے جیسے یہ ایک جانب سے اونچی ہے
حالانکہ وہ نشیب کی جانب جارہی ہوتی ہے۔ |
|