انٹرنیشنل چلڈرن بُک ڈے !

بچوں کی کتابوں کے عالمی دن 2 اپریل پر ایک فکر انگیز تحریر!

مجھے نہیں معلوم کہ بچوں کی کتابوں کے عالمی دن کو ہمارے پاکستان میں دھوم دھام سے کیوں نہیں منایا جاتا ،پاکستان میں بچوں کی کتابوں کا عالمی دن ہمیشہ خاموشی سے گزر جاتا ہے۔ہم نے بہت سے دوستوں کو فون کیا جن کا تعلق سکول سے تھا کہ وہ اس دن بچوں کے لیے کتابوں کا سٹال لگائیں لیکن تقریبا سبھی نے اسے فضول سمجھا اور بعض نے تو مذاق اڑایا ۔لیکن ایک بات سب میں مشترک تھی اس دن سے لاعلمی۔اب ہم نے اس پر تحقیق شروع کی اور حیران ہوئے کہ پاکستان میں کبھی یہ دن منایا گیا ہو اس بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملا ۔تاریخ بتاتی ہے کہ جس قوم نے علم و تحقیق کا دامن چھوڑدیا، وہ پستی میں گر گئی۔ دوسری طرف ہم بہت سے مغربی دن بڑی دھوم دھام سے مناتے ہیں جن کی بے شک اسلام میں اجازت بھی نہ ہو اور ایسے دن منانا اپنی شان کے خلاف سمجھتے ہیں جن سے قوم کا بھلا ہوتا ہو۔ بچوں کی کتابوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد بچوں میں کتب کے مطالعہ کا شوق پیدا کرنا ہے ۔ان کی تعلیم و تربیت کے لیے کتابوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اگرچہ آج ٹی وی انٹرنیٹ اور موبائل نے لوگوں کے ذہنوں پر قبضہ کرلیا ہے ، لیکن کتاب کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے ۔

یہ تو ہم جب بچے تھے تب سے سن رہے ہیں کہ بچے قوم کی امانت ہیں ،اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں ،لیکن ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے (یعنی روشن مستقبل کے لیے )ہم کیا کر رہے ہیں ۔ہم نے بچوں کے لیے کیا بہت سا کتابوں کا سرمایہ جمع کر لیا ہے حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ماضی میں شائع ہونے والی بچوں کی کتابوں کو بھی دوبارہ شائع نہیں کیا ۔دکھ کی بات یہ ہے کہ اب ہمارے بچے بھی ہندی کارٹون، فلمیں وغیرہ دیکھتے ہیں ہم بچوں کے لیے کوئی اصلاحی چینل نہ شروع کر سکے ۔ اصل وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے مستقبل کو کیا اہمیت دے رہے ہیں اور ہم کو اپنے نظریہ ،ملک،اسلام سے کتنی محبت ہے اگر ہم اپنے ملک کا موازنہ اس بابت بھارت سے کریں تو حیرت ہوتی ہے کہ انہوں نے اتنا بڑا نیٹ ورک ،میڈیا کھڑا کر دیا ہے کہ اس کی مثال دینا مشکل ہے ۔اب وہ اپنا کلچر،زبان ،مذہب بذریعہ کارٹون،فلمیں ہمارے بچوں کو سیکھا رہے ہیں ۔

پاکستان میں بہت سے ماہنامہ ،پندرہ روزہ،ہفت روزہ رسائل و میگزین بچوں کے لیے شائع ہوتے ہیں اسی طرح تقریبا ہر اخبار بھی ایک دن بچوں کے لیے ایک صفحہ یا میگزین شائع کرتے ہیں ۔ ان میں سے چند ایک کی تعداد اشاعت بھی قابل ذکر ہے ، اکثر ایسے ہیں جن میں بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ، لیکن بچوں کو زیادہ تر فرضی کہانیاں سنائی جاتی ہیں جن میں حقیقت کا عمل دخل بہت کم ہوتا ہے ۔کیا ہی اچھا ہوتا بچوں کو تاریخ ،اسلام،سائنس دانوں کی زندگی وغیرہ پر زیادہ مواد دیا جاتا ۔

پاکستان میں بچوں کے لیے لکھی جانے والی کتب کی تعدا دشرم ناک حد تک کم ہے ،اس کی کئی ایک وجوہات ہیں ،اچھے لکھاریوں کا کم ہونا ،قاری کم ہیں،کتاب شائع کرنے کے لیے سرمائے کا نہ ہونا ،بچوں کے ادب کو اہمیت نہ دینا ،وغیرہ پاکستان میں بچوں کے لیے جو میگزین و رسائل شائع ہو رہے ہیں ان میں سے چند قابل ذکر درج ذیل ہیں ۔

بچوں کا اسلام مشہور اخبار روزنامہ اسلام اسلام آباد کے زیر اہتمام شائع ہوتا ہے ۔ماہنامہ تعلیم و تربیت لاہو۔ یہ رسالہ مشہور اشاعتی ادارے فیروز سنز لمیٹڈ کے زیر اہتمام شائع ہوتا ہے ۔ فیروز سنز لمیٹڈ کے کریڈٹ میں بچوں کے ادب کے حوالے سے اتنی کتب ہیں جو کسی اور اشاعتی ادارے کے حصے میں نہیں آ سکی ہیں۔ماہنامہ ہمدرد نونہال کراچی ۔ یہ پاکستان میں بچوں میں بہت مقبول ہے ۔ اس کی ادارت مشہور طبی اور سماجی شخصیت جناب حکیم محمد سعید (شہید) کی زیرِ نگرانی تکمیل پایا کرتی تھی۔ماہنامہ جْگنو لاہور ۔ یہ رسالہ بادشاہوں۔ شہزادوں ۔ شہزادیوں اور جادوگروں کی کہانیوں پر مشتمل ہے ۔ماہنامہ بچوں کی دنیا لاہور بھی بچوں کی خوبصورت کہانیوں کا گلدستہ ہے ۔

ماہنامہ پھول لاہو یہ رسالہ ادارہ نوائے وقت کے زیراہتمام شائع ہوتا ہے ۔ ایک منفرد پندرہ روزہ ،" روضتہ اطفال "ہے یہ ایک ایساپندرہ روزہ ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے کیونکہ اس میں کوئی جھوٹی کہانی یا واقعہ شائع نہیں کیا جاتا ۔اور اس کی تعداد اشاعت بھی کافی ہے ۔ اس کے علاوہ بھی کثیر تعداد میں بچوں کے لیے میگزین و رسائل شائع ہوتے ہیں ۔موجودہ دور میں بڑھتے نفسیاتی مسائل سے بچنے کے لیے آج ماہرینِ نفسیات بچوں کے لیے مطالعے کو لازمی قرار دے رہے ہیں ۔ہمارے بچے زیادہ تر مارھاڑ سے بھر پور گیم دیکھ رہے ہیں یا کارٹون جن سے تشدد کو پسند کرنے لگتے ہیں اس لیے کتابوں کی طرف بچوں کو راغب کیا جانا ضروری ہے گیم ،کارٹون کی موجودگی میں بچوں کو مطالعے کی طرف راغب کرنا کٹھن کام ہے ۔ اس کا حل یہ بھی ہے کہ بچوں کے لیے ایک چینل ہو جس میں بچوں کو سچی کہانیاں ،مزاحیہ کارٹوں ،ہمارے کلچر ،زبان ،مذہب کی تبلیغ کی جائے ۔اس کے باوجود کتابوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ،کیونکہ اچھی کتابیں شعور کو جِلا بخشنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو بہت سے فضول مشغلوں سے بھی بچاتی ہیں۔بچوں میں مطالعے کا ذوق و شوق پیدا کرنے میں والدین اور اساتذہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ہمارے لکھاریوں کو بھی اس بارے میں لکھنا چاہیے ۔جتنے بڑے لکھاری ہیں ان میں سے اکثر پہلے بچوں کے لیے لکھتے رہے ہیں ،۔مثلا نظیر اکبرآبادی کواردو ادب کا اولین عوامی شاعر کہا جاتاہے جنہوں نے بچوں کے ادب پر بہت ساری اہم نظمیں لکھیں ۔ان کے علاوہ مولانا محمد حسین آزاد ،امتیاز علی تاج ، اسماعیل میرٹھی، حفیظ جالندھری، کرشن چندر، شوکت تھانوی، ڈاکٹر ذاکر حسین، احمد ندیم قاسمی، ڈپٹی نظیر احمد، شبلی نعمانی ، حجاب امتیاز علی، علامہ اقبال ، حالی، عصمت چغتائی، قتیل شفائی ، قیصر تمکین،، واجدہ تبسم، جیلانی بانو ، انوار صدیقی، ڈاکٹر شکیل الرحمن’علی ناصر زیدی’ غلام مصطفیٰ صوفی تبسم‘‘ماہرالقادری’عبدالحمید نظامی ،تنویر پھول ،ڈاکٹر اسلم فرخی‘‘،’’اشتیاق احمد‘نذیر انبالوی‘’ذکیہ بلگرامی ’’ناصرزیدی‘وغیرہ

میں نے خود ایک عرصہ تک بچوں کے لیے لکھا ہے ۔اب بھی کبھی کبھار بچوں کے لیے کچھ نا کچھ لکھنے کی کو شش کرتا ہوں ۔ ہم نے اپنے والدین سے ،دادا سے بچپن میں بہت سی کہانیاں سنیں وہ اب تک یاد ہیں ،ہر کہانی کی ابتدا ایک تھا بادشاہ ۔ سے ہوتی اور اختتام ان الفاظ پر ۔۔ اور پھر سب ہنسی خوشی رہنے لگے ۔آج بھی یہ الفاظ اپنے اندر محبت لیے میرے کانوں میں رس گھولتے ہیں ۔میں کہ رہا تھا کہ عصر حاضر میں بچوں کے ادب پر بہت کم لکھاجارہاہے دور حاضر میں کمپیوٹر ٹکنالوجی اور مختلف گیمز نے بچوں کو مشغول کررکھا ہے ایسے میں والدین کافریضہ ہونا چاہئے کہ اپنی اولاد کوکتابوں سے روشناس کروائیں ۔معروف پبلشرسعیداﷲ صدیق کے مطابق پاکستان میں کتب بینی کے رجحان میں کمی کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔آج والدین اپنے بچوں کو آئس کریم یا برگر کے لیے تو بخوشی پیسے دے دیتے ہی لیکن وہ اپنے بچوں کو کتاب خرید کر بطور تحفہ دینے کو تیار نہیں ہیں ۔اسکے علاوہ اب نئے لکھاریوں میں سے بہت کم ہیں جو بچوں کے لیے لکھتے ہیں ۔دوسری طرف بچوں کے لیے لکھنے والے اب انتہائی بوڑھے ہو گئے ہیں ،وہ عمر کے اس حصے میں ہیں کہ اب ان کے لیے بچوں کے لیے لکھنا مشکل نہیں ہے ۔حالانکہ بچوں کے لیے لکھنا مشکل ترین کام ہے ،بعض خود کو بڑا لکھاری سمجھنے والے بچوں کے لیے نہیں لکھتے اور اس لیے بھی کہ بچوں کے لیے لکھنا ان کی نظر میں اہم نہیں ہے ۔ جہاں تک بچوں کے ادب کا ،کتابوں کا تعلق ہے تو حالت تشویشناک ہے ۔بچوں کی کتابوں کا عالمی دن بہت سے ممالک میں منایا جاتا ہے ۔یہ دن سب سے پہلے IBBY کی طرف سے تجویز کیا گیا ۔اور 2 اپریل کو انٹرنیشل چلڈرن بک ڈے(ICBD )بچوں کی کتابوں کا عالمی دن غالباََ 1967 کو پہلی مرتبہ منایا گیا۔ اس دن دنیا میں بچوں کی کتابوں کے سٹال لگائے جاتے ہیں ،بچوں کا ادب لکھنے والوں کو سراہا جاتا ہے ،ایوارڈ دیئے جاتے ہیں ۔بدقسمتی سے پاکستان میں ایسا کچھ نہیں کیا جاتا ۔اس بارے میں ہماری والدین ،اساتذہ ،صحافیوں ،ادیبوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں ۔تاکہ ہم اپنے ملک و قوم کے مستقبل کی بہتر پرورش کر سکیں ۔
Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
About the Author: Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal Read More Articles by Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal: 496 Articles with 578536 views Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
Press Reporter at Columnist at Kassowal
Attended Government High School Kassowal
Lives in Kassowal, Punja
.. View More