ایک شام ہماری ویب کے نام
(Dr.Nasreen Shagufta, Karachi)
بہت سی شام آتی ہیں اور چلی جاتی
ہیں۔ یہ شام میری زندگی کی یادگار شام میں سے ایک تھی۔
اپریل کی چار تاریخ کو شام چار بجے ہماری ویب کی دعوت پر جب میں آرٹس کونسل
پہنچی تو مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ تعارفی کاوئنٹر پر پہنچی تو
انھوں نے میرا نام پوچھا لسٹ میں میرا نام موجود تھا تو مجھے اپنے بروشر سے
نوازا اور پروگرام میں شرکت کے لئےہال میں بھیج دیا۔ پروگرام کی ابتدا
کروانے کے لئے آخری انتظامات کی کاروائی جاری تھی۔ انتظامیہ کا ہر ممبر
مصروف نظر آرہا تھا۔ چند شرکاء سے سلام اور تعارف کے بعد میں دوسری رو میں
بیٹھ گئی۔ میرے برابر والی کرسی پر میری جامعہ کراچی کی کلاس فیلو پروفیسر
نجمہ سلطانہ موجود تھیں۔ان سے مل کر خوشی ہوئی۔ اسی رو میں میرے استاد
پروفیسر عبدالصمد انصاری، جامعہ کراچی بھی موجود تھے۔
پروگرام کا آغاز ساڑھے چار بجے ہوا۔ اس پر وقار تقریب کی ابتدا تلاوت سے
ہوئی اس کے بعد نعت شریف پیش کی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے
مشہور شاعر و ادیب سحر انصاری تھے۔ عطا محمد تبسم جنرل سیکریٹری ہماری ویب
رائٹر کلب نے تقریب میں نظامت کے فرائض انجام دئے۔ ابرار احمد چیئرمین
ہماری ویب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
ابرار احمد نے ہماری ویب کے قیام کو اپنے ایک خواب کی حقیقت قرار دیا انھوں
نے کہاکہ،" ہم پاکستانی معاشرے کے اعتبار سے ایک صاف ستھری اور فیلی ویب
سائٹ کو لے کر چلیں جو معاشرتی اقدار اور ہماری اپنی قومی زبان میں معلامات
اور مثبت تفریح کا ذریعہ بنے"۔
رضوان شیخ جو ہماری ویب کے پروجیکٹ ہیڈ ہیں نے ہماری ویب کا مختصر تعارف
کرایا اور منفرد خصوصیات بیان کیں۔ عطامحمدتبسم نے بی بی سی کے وسعت اللہ
خاں کو بھی اس تقریب شرکت کی دعوت دی تھی مگر وہ کسی وجہ سے نہیں آسکے۔
پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی صدر ہماری ویب رائٹر کلب نے اس کلب کا
تعارف اور قیام کا مقصد بیان کیا۔ انھوں نے کہاکہ،" اردو کی خدمت کے حوالے
سے ادارے تو بہت ہیں لیکن آن لائن لکھنے والوں کی پذیرائی کے حوالے سے
ہماری ویب رائٹر کلب کو یقینا ایک منفرد مقام حاصل ہے اور اپنے قیام کے تین
ماہ کے اندر ہی اس پر وقار تقریب کا انعقاد یقینا ایک قابل تحسین قدم ہے"۔
تقریب کے مہمان خصوصی راقم الحروف کے استاد پروفیسر سحر انصاری کا کہنا تھا
کہ،"اس معاشرے میں جب ہم اخبار یا ٹی وی پر نظر ڈالتے ہیں تو مایوسی، بے
یقینی اور خوف زدگی کے اثرات ہم پر ہوتے ہیں۔ ایسے ماحول میں ہماری ویب کی
جانب سے انتہائی عمدہ کام ہو رہا ہے اور اسکے بارے میں واقفیت حاصل کرکے
مجھے بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے"۔ انھوں نے کلب کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا
کہ ،"ہماری ویب مرتب کردہ ای بکس کے ساتھ ساتھ ہماری ویب کے کالم نگاروں کی
دیگر کتب کی تقریب رونمائی کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
اردو کی معروف ویب سائٹ ہماری ویب کے تحت پندرا رائٹرز کی برقی کتابوں کا
اجراء ہوا اور پروجیکٹر پر انکی ای بک کی رونمائی کی گئی۔ تقریب کے مہمانوں
نے داد دی۔ ان لکھاری حضرات کو تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔
ہماری ویب اردو کی ترقی و فروغ کے لئے سر گرم عمل ہے اور علم میں اضافہ
کرتے ہوئے دیکھائی دیتی ہے۔ اس کی کامیابی ہم لکھنے والوں کی کامیابی ہے۔
میں تمام ٹیم اور لکھنے والوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پروگرام
کے اختتام پر ہماری ویب کی جانب سے مہمانوں کے لئے ہائی ٹی کا انتظام تھا۔
|
|