تاریخ انسانیت حق و باطل کے
معرکوں سے بھری پڑی ہے جہاں حق کی فتح اور باطل کی شکست کے باب تاریخ کی
کتابوں میں نمایاں ہیں وہاں کفروباطل کی سازشوں کا ذکر بھی کثرت سے ملتا ہے
۔کفر بزدلی کی علامت ہے اس لیے ہمیشہ سے چھپ کر اور پیچھے سے وار کرنا کفار
کا شیوہ رہا ہے اس کی واضح مثال موجودہ دور میں بھارت کی شکل میں موجود
ہے۔جو پاکستان سے دو بدوجنگیں ہارنے کے بعد سازشوں میں لگا ہواہے کہ کسی
طرح پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا جا سکے اور ان سازشوں کی بدولت مشرقی
پاکستان ہم سے الگ ہو گیا اس کے بعد سے بھارت مغربی پاکستان میں مسلسل
مداخلت کر رہا ہے بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھی بھارت ملوث ہے اور
کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ۔ اس کے بعد بھی بھارت
پاکستان دشمنی میں اس حد تک چلا گیا کہ اپنے ہی ملک میں ایک ہوٹل پر حملہ
کروا کر اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا اور اس میں پاکستانی شہریوں حافظ
سعید ، ذکی الرحمن لکھوی اور دیگر افراد کو نامزد کر دیا۔ چھ سال تک پوری
دنیا میں مظلوم بننے کا ڈرامہ کیا اورپاکستانی حکومت پر دباؤ ڈال کر ذکی
الرحمن لکھوی کو جیل میں رکھا مگر ان کے خلاف ایک بھی ثبوت فراہم نہ کر
سکااور جو ثبوت فراہم کئے گئے وہ بھی جھوٹے اور میڈیا کی خبریں تھیں۔ انڈین
میڈیا جو کہ پوری دنیا میں ڈرامائی رپورٹنگ کی وجہ سے مشہور ہے بھارتی
سرکار میڈیا کو بطور ثبوت پاکستانی عدالتوں کے سامنے پیش کرتا رہا۔
پاکستانی عدالتوں کے بار بار اصرار کے باوجود بھارت ثبوت پیش کرنے سے قاصر
رہا تو پاکستانی عدلیہ نے ذکی الرحمن لکھوی کو باعزت بری کر دیا۔ بھارت نے
پاکستانی عدالتوں کے فیصلے کو نہیں مانا اور اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا کہ
وہ ذکی الرحمن لکھوی کے معاملہ میں مداخلت کرے اور سزا دلوائے ۔
پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور یہاں قانون کی حکمرانی ہے۔ بھارت نے
پاکستانی عدلیہ کے فیصلے کو نہ مان کر پاکستانی عدلیہ کی توہین کی ہے ۔
یہاں ایک پاکستانی شہری کا معاملہ ہے جس کے خلاف ثبوت بھی نہیں اور دوسری
طرف کشمیری قوم کا مسئلہ ہے ۔ اقوام متحدہ کو پہلے مسٔلہ کشمیر پر توجہ
دینی چاہیے ۔ جہاں بھارت دس لاکھ فوج سے مسلسل انسانی حقوق پامال کر رہا ہے
اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔ بھارت کس منہ سے
اقوام متحدہ میں درخواست دے رہا جہاں ہزاروں کشمیریوں کی درخواستیں اس کے
خلاف پڑی ہیں۔ پاکستان ایک آزاد خود مختار ملک ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ
کا حق رکھتا ہے ۔ بھارت کے پاس ثبوت نہیں اس لئے اسے ممبئی حملوں کا واویلا
بند کر دینا چاہیے اور یہ یا د رکھے کہ عدالتیں خواہشات پر نہیں ثبوتوں پر
فیصلے دیا کرتی ہیں۔ |