حضرت سخی سلطان باھو اور عشق

 عقل کا منبع دماغ اور عشق کا مرکز دِل ہے اور دِل میں اللہ تعالیٰ کی جلوہ گری ہے اور پھر تمام دنیا وی علوم کی بنیاد عقل اور خرد پر ہے اور یہ سب علوم عقل ہی کی بدولت حاصل کیے جاتے ہیں تو بدلے میںیہ عقل وخرد میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔ انسانی عقل اور اس کا علم محدود ہے۔ عقل اور اس کی بِنا پر حاصل علم ہمیں زمان ومکان کی حدودسے باہر نہیں لے جا سکتا اور عقل اور علم کی بِنا پر ہمیں اللہ تعالیٰ کی پہچان حاصل نہیں ہوسکتی جب ہم علم اور عقل کی حدود پار کرکے عشق کی حدود میں داخل ہوتے ہیں توعشق تمام حدود پار کرکے ہمیں ''لامکان'' تک پہنچا دیتا ہے۔

مولانا رومؒ کا قول ہے کہ'' ہم عشقِ الٰہی کو علم وعقل سے بیان نہیں کرسکتے''۔
مولانا روم فرماتے ہیں:

عشق آمد عقل خود آوارہ شد
شمس آمد شمع خود بیچارہ شد

ترجمہ: عشق آگیا تو بے چاری عقل بے کار ہوگئی جیسے سورج نکلا تو شمع کی ضرورت نہ رہی ۔

رہ عقل جز پیچ در پیچ نیست
رہ عاشقاں جز خدا ہیچ نیست

ترجمہ: عقل کا راستہ بہت پیچیدہ اور مشکل ہے اور عاشقوں کا راستہ خدا کے سواکچھ نہیں۔
حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
''علم اور عقل عشقِ الٰہی کی راہ کی بڑی کمزوری ہے عشقِ الٰہی میں وہ لُطف وسرور ہے کہ اگر کسی جید عالم کو اس کا ذرہ سا مزہ مِل جائے تو وہ تمام علمیت بھول کر عشق الہی میں گُم ہوجائے۔''(کلید التوحید کلاں)
آپؒ ایک پنجابی بیت میں فرماتے ہیں:

عشق سمندر چڑھ گیا فلک تے کتول جہاز کچیوے ھو
عقل فکر دی ڈونڈی نوں چا پہلے پوڑ بوڑیوے ھو
کڑ کن کپڑ پون لہراں جد وحدت دچ وڑیوے ھو
جس مرنے تھیں خلقت ڈر دی باھو عاشق مرے تاں جیوے ھو

عشق کا دریا چڑھ کر وحدت کے بحرِبیکراں تک پہنچ گیا ہے۔فقر تو محض عشق کی راہ ہے اس میں عقل کا کیا کام۔ اس لئے عقل و فکر کی ناکارہ کشتی کو پہلے دن ہی ڈبو کر اس سے نجات حاصل کر لینی چاہیے۔ دریائے وحدت میں جب طالب داخل ہوتا ہے تو تکالیف' مشکلات اور مصائب کے خطرات کا تو سامنا کرنا ہی پڑتا ہے اور جس موت سے خلقت ڈرتی ہے عاشق کو اِسی موت کے بعد حیاتِ ابدی نصیب ہوتی ہے۔

عشق کا کھیل ایسا ہی نرالا ہے جسے اﷲ کے عشق میں بے چین وبے قرار' صادق دل طالب' عقل اور خرد کی حدود سے نکل کراپنی زندگی اور مال ومتاع داؤ پر لگاکر کھیلتے ہیں۔اگر جذبے صادق ہوں تو مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی حضوری اور دیدارِ حق نصیب ہوجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیتا۔ یہ عشق ہی ہے جو دیدارِ حق تعالیٰ کا راستہ وا کرتا ہے۔ ورنہ اللہ تعالیٰ کی ماہیت کو سمجھنے کے لیے عقل کے ہزار ہا ہزار قافلے سنگ سار ہوگئے لیکن اللہ تعالیٰ کو نہ پاسکے ۔ فقراء نے عشق ہی کے راستہ سے دیدارِ حق تعالیٰ کی نعمت حاصل کی۔

تحریر : خادم سلطان الفقر حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس
Hamid Jamil
About the Author: Hamid Jamil Read More Articles by Hamid Jamil: 18 Articles with 56353 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.