17رمضان جنگِ بدر

ابو الاثر حفیظ جالندھری نے شاہنامۂ اِسلام میں جنگِ بدر کا نقشہ اپنی منفرد شاعری میں بڑے خوبصورت انداز میں مکمل کھینچا ہے ۔
لگایا بدر کے میدان میں کفار نے ڈیرا
یہاں تدبیر کی تزویر کو تقدیر نے گھیرا

حضرت محمد ﷺ نے قریشِ مکہ کی جانب سے پہنچائی جانے والی دن رات کی تکلیفوں کو برداشت کیا اور پھر جب اﷲ کی جانب سے ہجرت کا حکم آن پہنچا تو مدینے کی جانب روانہ ہوگئے۔مدینہ میں مسلمانوں کو کھل کر تبلیغ کرنے کا موقع ملا اور یوں اہلِ مکہ کی راتوں کی نیندیں حرام ہونے لگیں کیونکہ اہلِ اسلام دن بہ دن بڑھنے لگے تھے اور دوسری سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ مکہ آنے جانے والے قافلوں کو مدینہ کے راستے سے گزر کر مکہ آنا پڑتا تھا جو اہلِ مکہ کیلئے انتہائی تشویش ناک بات تھی۔اہلِ مکہ نے مسلمانوں کو(نعوذ با اﷲ) صفحِہ ہستی سے مٹانے کیلئے نت نئے منصوبے بنانا شروع کر دیے اور اِسی سلسلے میں ابوسفیان ( یاد رہے ابھی ابو سفیان نے اسلام قبول نہیں کیا تھا ) کی زیرِ سرپرستی ایک بڑا قافلہ تجارت کی غرض سے بھیجا تاکے منافع کی رقم سے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا جاسکے ۔

حضرت عبد المطلب ( ایسی کوئی روایت نہیں ملتی کہ آپ نے کبھی بت پرستی کی ہو آپ حضرت ابراہیم ؑ کے دین پر قائم رہے) کی ایک بیٹی نے خواب میں دیکھا کہ کئی شتر سوار مکہ پر حملہ آور ہو رہے ہیں انہوں نے یہ خواب حضرت عباس ؓ ( ابھی حضرت عباس ؓ نے اسلام قبول نہیں کیا تھا ) کو سنایا اور کہا کہ یہ بات کِسی سے نہ کہیں لیکن انہوں نے ایک دوست سے ذکر کر دیا اور یوں بات چلتے چلتے پورے مکہ میں پھیل گئی ۔حضرت عبدالمطلب کی بیٹی جو کے غیب گوئی میں پہلے سے ہی اہلِ مکہ میں مشہور تھیں اہلِ مکہ نے جب یہ سنا تو سب کے ہوش اڑتے رہے کہ اہلِ مکہ پر کوئی بہت بڑی آفت ٹوٹنے والی ہے کیونکہ حضرت عبدالمطلب کی بیٹی کی پہلے بھی کئی پیش گو ئیاں درست ثابت ہو چکی تھیں ۔اِس خبر کا سننا تھا کہ اہلِ مکہ میں سنسنی پھیل گئی اور فکر لاحق ہو گئی کہ وہ تجارتی قافلہ جس میں عورتوں نے اپنے زیور تک داؤ پر لگا دیے ہیں کہیں مدینے سے گزرتے ہوئے مسلمانوں کے ہاتھوں لٹ نہ جائے اور اِدھر ابو سفیان کو بھی جب یہ فکر لاحق ہوئی تو اُس نے قافلے کا راستہ مدینے کی جانب سے موڑ کر دوسری جگہ جو اس راستے سے ذرا طویل تھی وہاں کی جانب کر لیا اور لمبا سفر طے کرنا مناسب جانا۔

مکہ میں ایک تنظیم ایسی بھی تھی جس کا کام لوگوں کو اہم خبروں سے آگاہ کرنا تھا اور مکہ کا معمور تھا کہ جب کوئی قافلہ مکہ پہنچنے والا ہوتا تو ایک ہرکارہ پہلے پہنچتا اور قافلے کی آمد کی خبر دیتا لیکن ایسا نہیں ہوا اور کوئی ہرکارہ نہ پہنچا حالانکہ ابو سفیان کے قافلے کے پہنچنے کا وقت بھی گزر گیا اب قریش مکہ کی تشویش اور بڑھی ۔ اہم خبروں سے آگاہ کرنے والی تنظیم کا ایک رکن اسی دوران مکہ میں داخل ہوا ( اسے ڈھنڈورچی ) بھی کہا جاتا تھا ۔وہ ایک ایسے اونٹ پر بیٹھا تھا جِس کے کان کاٹ دیے گئے تھے اور خود اُونٹ کی برہنہ پیٹھ پر بیٹھا تھا ۔ڈھنڈورچی نے کپڑے پھاڑ رکھے تھے اور اس کے بال پریشان حال تھے اور اپنے چہرے پر گرد وغبار ڈال رکھا تھا اور ایسا حال بنا کر مکہ میں داخل ہونا اسی بات کی علامت تھی کہ بہت بڑا خطرہ لاحق ہونے والا ہے ۔ڈھونڈھورچی نے مکہ میں داخل ہوتے ہی چیخ چیخ کر کہنا شروع کردیا ’’ اے قبیلہ قریش کے لوگوں ! باخبر رہو کہ مکہ کا کارواں خطرے میں ہے ۔ مسلمانوں نے تمہارے قافلے کو لوٹنے کا بندو بست کر لیا ہے لحاظہ تم میں سے اگر کوئی بھی غیرت مند ہے تو تلوار اٹھائے اور اپنا مال و زر بچانے کی غرض سے مسلمانوں کے مقابلے کیلئے تیار ہو جائے ــ‘‘ ڈھنڈورچی کا اتنا کہنا تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے نو سو پچاس جنگجو مرد ،سات سو سے اُوپر اونٹ اور دوسو گھوڑوں کی مدد سے مسلمانوں کے مقابلے پر جانے کیلئے تیار ہو گئے ۔

کالم کے دامن میں اس قدر گنجائش نہیں کہ میں تفصیل میں جاسکوں ۔جب ابوسفیان نے اپنے قافلے کا رخ مدینے کی سمت سے موڑ لیا اور مسلمانوں کو ایک جنگجو لشکر کی مکہ کی جانب سے آنے کی خبر ملی تو آپ ﷺ نے اپنے صحابہ اکرام ؓ سے مشورہ کیا اور ہر جانب سے مثبت جواب پا کر مقامِ بدر کا رخ کیا۔خیر ابو سفیان تو اپنا قافلہ مدینہ کی حدود سے بچا کر دوسری جانب سے نکل گیا لیکن مدینے سے اسی کلو میٹر کے فاصلے پر ابو جہل کی قیادت میں مکہ سے آنے والے نو سو پچاس جنگجو تین سو تیرہ مسلمانوں جن کے پاس ستر اونٹ اور صرف دو گھوڑے تھے بدر کے مقام پر مدِ مقابل آگئے ۔ مسلمانوں کا جزبہ شوق دیکھنے کے قابل تھا باوجود اس کے کہ انہوں کے پاس پوری طرح جنگی ہتھیار بھی نہ تھے لیکن انہوں کے دلوں میں اﷲ کا خوف اور محبتِ رسول ﷺ موجود تھی ۔ اﷲ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ نے سترہ رمضان کی رات ( صبح سترہ رمضان تھا ) اﷲ پاک سے مدد کی دعا مانگی اور اﷲ پاک کی جانب سے مدد آن پہنچی اس روز اس زور سے موسلا دھار بارش ہوئی کہ جہاں اہلِ مکہ کھڑے تھے وہ جگہ بارش کی وجہ سے چکنی اور دلدلی ہو گئی جبکہ مسلمانوں کی جگہ جو کے ریتلی تھی بارش کی وجہ سے مزید ٹھوس ہو کر جم گئی ۔ صبح 17رمضان المبارک2ھ کو حضرت محمد ﷺ نے فجر کی نماز کے بعدمسلمانوں کو جہاد کی تلقین کی اور اُن قرانی آیات کی تلاوت کی جن میں جہاد اور جنت کا ذکر ہے یوں مسلمانوں کے حوصلے اور بھی بلند ہو گئے۔ پھر حضور اکرم ﷺ نے مسلمانوں کو ایک انوکھی جنگی صف آرائی سے روشناس کروایا جو اس وقت سے دو ہزار سال قبل اسکندر مقدونی کے زمانے میں کی جاتی تھی ۔ اس جنگی صف آرائی کو یونانی زبان میں ’’ فا لا ثر ‘‘ کہتے ہیں ۔ اس جنگ میں حضور پاک ﷺ نے تمام مسلمانوں جنہوں نے جنگِ بدر میں شرکت کی جنت کی بشارت بھی دی ۔

اﷲ پاک نے نو سو پچاس جنگی ہتھیاروں سے لیس جنگجو وؤں کے مقابلے میں کلمہِ رسول ﷺ پڑھنے والے صرف تین سو تیرہ مسلمانوں جو کہ جنگی ہتھیار بھی پوری طرح ساتھ نہ رکھتے تھے کو فتح سے ہمکنار کروایا ۔ اور ابو جہل سمیت اس جنگ میں کفار کی ستر ہلاقتیں ہوئیں جبکہ مسلمانوں کی جانب سے صرف تیرہ مسلمان شہید ہوئے ۔یہی نہیں بیشمار مشرقین اسیر ہوئے لیکن آپ ﷺ نے اسیرانِ جنگ کے ساتھ انتہائی مخلصانہ رویہ اختیار کیا انہیں کھانا کھلایا گیا اور اچھی رہائش کا بندوبست کیا گیا اور بعد میں فدیہ لے کر رہا کر دیا گیا ۔

غزوہ بدر اسلام اور کفر کی پہلی اہم ترین جنگ تھی اِس جنگ کے ذریعے دنیا پر عیاں ہو گیا کہ نصرت الہی کی بدولت مومنین اپنے سے کئی گناہ بڑی فوج کو شکست دے سکتے ہیں ۔یہ وہی جنگ تھی جِس میں باپ بیٹے اور بیٹا باپ کے مقابلے میں آیا ہر کوئی کِسی نہ کِسی کا رشتہ دار تھا حضرت عمر ؓ نے اپنے ماموں کو اپنے ہاتھوں سے واصلِ جہنم کیا کیونکہ وہ اسلام اور نبی ﷺ کا دشمن تھا ۔پس یہ ثابت ہوا کہ حضور پاک ﷺ کی محبت ہر رشتے اور دنیا کی ہر شے سے بڑھ کر اور پہلے ہے ۔اور جو حضور پاک ﷺ کی محبت میں جہاد کا ارادہ کرتے ہیں اﷲ پاک انہیں کامیابی و کامرانی سے نوازتا ہے خواہ وہ دشمنوں کے مقابلے میں مٹھی بھر ہی کیوں نہ ہوں ۔ اﷲ پاک نے قرآن پاک میں سو مومنوں کو ہزار کافروں پر فتح کی بشارت دی ہے ۔نوٹ :غزوہ بدر ایک طویل اور ایمان افروز واقعہ ہے لیکن یہاں جگہ کی کمی کی وجہ سے واقعہ کو سمیٹ کر مختصر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔
Muhammad Ali Rana
About the Author: Muhammad Ali Rana Read More Articles by Muhammad Ali Rana: 51 Articles with 41377 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.