بیکنگ پاؤڈر کے وہ کمالات جو آپ کو دنگ کر دیں

کھانے کا سوڈا یا بیکنگ سوڈا گھروں میں عام استعمال ہوتا ہے اور اکثر کھانوں وغیرہ کی تیاری کے لیے ہی اسے استعمال کیا جاتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ سفید پاﺅڈر جیسی چیز آپ کے ہزاروں روپے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے- جی ہاں ڈان سے اخذ شدہ چند ٹوٹکوں کے مطابق اس پاؤڈر کو صحت بہتر بنانے اور گھر کی صفائی جیسے کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے-

ہاتھوں سے بدبو دور بھگائے
مچھلی یا کسی ایسے ہی چیز کو کاٹنے کے بعد اکثر ہاتھوں میں بو بس جاتی ہے جو عام صابن سے ہاتھ دھونے سے جاتی نہیں۔ اگر آپ اس کو دور بھگانا چاہتے ہیں تو ہاتھوں کو گیلا کر کے ان پر بیکنگ سوڈے کو رگڑیں اور پھر گرم پانی سے دھو لیں۔ آپ کے ہاتھوں سے بو دور ہوجائے گی اور اس کی جگہ ایک میٹھی مہک آنے لگے گی۔
 

image


بوسیدہ کتابوں کا تحفظ
اگر تو آپ کی کوئی پرانی کتاب بوسیدہ ہوچکی ہے اور اس کے صفحات جھڑنے لگے ہیں تو اس بیکنگ پاﺅڈر کی معمولی مقدار کو اس کے صفحات کے درمیان چھڑکیں اور پھر اس کتاب کو ایک کاغذی تھیلے میں ڈال دیں جبکہ اس کے باہر مزید سوڈا چھڑک دیں۔ کچھ دن تک انتطار کریں اور پھر کتاب کو باہر نکال کر اس میں موجود سوڈے کو نکال دیں اور پھر کتاب کو کچھ دیر کے لیے سورج کی تیز روشنی میں رکھیں۔اس سے بوسیدگی ختم تو نہیں ہوگی تاہم خشک جگہ پر اسے رکھیں گے تو یہ مزید تباہی سے ضرور بچ جائے گی۔

دھوپ سے جلن سے بچاﺅ
بیکنگ پاﺅڈر کا ایک کپ نیم گرم پانی سے بھری بالٹی میں ڈال دیں اور پھر اس سے نہالیں۔ اس سے آپ کو فوری طور پر دھوپ کی تپش سے ہونے والی جلن یا تکلیف کم کرنے میں مدد ملے گی۔

نومولود بچے کے سر کی جلد کی پرت ہٹانا
ننھے فرشتوں کے سر کی جلد اکثر پرت کی شکل میں جھڑنے لگتی ہے جو کہ نقصان دہ تو نہیں ہوتی اور جلد ہی یہ مسئلہ بھی خودبخود ختم ہوجاتا ہے تاہم کچھ والدین کے لیے یہ نظارہ قابل برداشت نہیں ہوتا تو اس کے لیے اہنی ہتھلی پر دو چائے کے چمچ بیکنگ سوڈا اور ایک چائے کا چمچ پانی ڈال کر مکس کرلیں اور پھر بچے کے متاثرہ حصے پر نرمی سے رگڑیں، اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ محلول آنکھوں کے پاس نہ جائے، پھر خشک کپڑے سے وہ جگہ صاف کردیں اور دو سے تین دن اس عمل کو دہرائیں، اس دوران صابن یا بے بی شیمپو کا استعمال نہ کریں، یہ مسئلہ کافی حد تک حل ہوجائے گا۔
 

image

ہونٹوں کے اندر زخم کو آرام پہنچائے
یہ تصور کرنا ہی مشکل ہے کہ منہ کے اندر ایک چھوٹا سا زخم یا چھالا کتنی تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ اس تکلیف سے فوری نجات کے لیے ایک کپ گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا چمچ سے اچھی طرح مکس کرلیں اور پھر ہر دو گھنٹے بعد اس محلول سے کلیاں کریں۔

مائیکرو ویو کو چمکائیں
کیا آپ کے مائیکرو ویو کی دیواروں پر سالن سے لے کر کافی دیگر مواد چپک گیا ہے؟ اگر ہاں تو ایک کپ پانی اور کچھ چائے کے چمچ بیکنگ سوڈا کسی گلاس میں مکس کرلیں، پھر اس گلاس کو تین منٹ تک مائیکروویو کریں اور پھر اسفنج کو استعمال کرتے ہوئے تمام گندگی کو کچھ منٹوں میں صاف کر کے اپنی مشین کو چمکا دیں۔

وال پیپرز کو نئی زندگی دینا
دیواروں پر لگے اپنے پسندید وال پیپر ہر چکنائی کو دیکھ کر پریشان مت ہوں، ان داغ دھبوں کو نرمی سے بیکنگ سوڈا اور اسفنج استعمال کرتے ہوئے رگڑیں اور پھر دھو کر کپڑے سے خشک کرلیں، وال پیپر میں ایک نئی جان پڑ جائے گی۔
 

image

پیٹ کی تکلیف سے نجات
بیکنگ سوڈا کا محتاط استعمال مخصوص غذاﺅں کو زیادہ کھانے کے قابل بنا دیتا ہے، ایک چٹکی سوڈا کافی، اورنج جوس یا ٹماٹر کے سوپ میں شامل کرنے سے انہیں پینے یا کھانے کے بعد معدے کی تیزابیت سے بچا جاسکتا ہے، مگر یہ احتیاط کرنی چاہئے کہ سوڈے کی زیادہ مقدار شامل کر کے اس غذا کے ذائقے کو خراب نہ ہونے دیں۔

مچھروں کو کاٹنے سے ہونے والی سوزش کو روکنا
اگر تو آپ کو کسی جگہ مچھر نے کاٹ لیا ہے تو ایک چائے کا چمچ اپنی ہتھیلی پر ڈالیں اور اس پر پانی کے چند قطرے ٹپکا دیں، اس کے بعد اس محلول یا پیسٹ کو مچھر کے کاٹنے والی جگہ پر لگادیں، اسے خشک ہونے دیں اور پھر جو پرت جمے اسے صاف کردیں۔ ایسے کرنے سے وہاں پڑنے والا سرخ نشان چھوٹا ہوجائے گا اور خارش بھی روک جائے گی۔ یہی طریقہ کار شہد کی مکھی کے ڈنک میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
 

image

پیروں کی بدبو سے نجات
اگر پیروں سے بو اٹھ رہی ہے یا تھکاوٹ کے باعث انگلیاں درد کررہی ہیں تو اپنے پیروں کو ٹھنڈے پانی سے بھرے کسی برتن میں ڈال دیں اور اس پر کچھ مقدار میں بیکنگ سوڈا چھڑک کر پندرہ سے بیس منٹ تک ڈوبا رہنے دیں۔ پھر پیروں کو دھو کر خشک کرلیں، اس سے پیروں کی بو بھی دور ہوجائے گی اور پیروں میں تکلیف ہے تو اس کی شدت میں بھی کمی آجائے گی۔
YOU MAY ALSO LIKE:

Many of us think of baking soda (sodium bicarbonate) as a handy kitchen staple best suited to leavening our baked goods. But this versatile powerhouse is capable of much more than producing a tasty dessert!