سنت، میڈیا، کشکول

سعدی کے قلم سے
اﷲ تعالیٰ رحمت و نصرت فرمائے.... اور مجھے وہ باتیں لکھنے کی توفیق عطاء فرمائے جو اُس کی ”رضا“ کے مطابق ہوں.... اور ان باتوں سے مجھے اور آپ سب کو فائدہ نصیب فرمائے.... آج کئی باتیں جمع ہو گئی ہیں.... آئیے مختصر طور پر ایک ایک کو لیتے ہیں....

ایک پیاری سنت ادا کیجئے
پچھلے سال اپنے عظمت و جلال والے ربّ ”اللہ تعالیٰ“ کے بھروسے پر چوبیس مساجد کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا.... اللہ تعالیٰ کے بندوں نے دل کھول کر خرچ کیا.... اور اللہ تعالیٰ کے جانثاروں نے پوری محنت کی.... مگر کام مکمل نہ ہوسکا.... اموال ختم ہو گئے.... ”مساجد“ کی تعمیر ادھوری رہ گئی.... اِدھر اُدھر سے پیسہ جوڑ کر ان ”مساجد“ کو مکمل کیا جاسکتا تھا مگر یہ عزم تھا کہ ”مساجد“ جیسے مقدس ترین مقامات پر ”مساجد“ کی مدّ کا پیسہ ہی لگایا جائے.... چنانچہ کام روک دیا گیا.... اس پر غور و فکر جاری تھا کہ دوبارہ ”مہم“ چلا کر اِس مدّ کے اموال فراہم کئے جائیں.... یا کیا کیا جائے؟.... کسی مسجد میں دو لاکھ کا کام باقی تھا تو کسی میں آٹھ لاکھ کا.... ان تمام مساجد کی تکمیل کے لیے ”ساٹھ لاکھ“ روپے کی ضرورت تھی.... اپنے ربّ عظیم و جلیل کے سامنے دعاء کر رہے تھے کہ.... یا اللہ! مسجد تو آپ کا گھر ہے.... اُسکی آبادی میں ہماری نصرت فرما.... ”مہم“ کے بارے میں غور جاری تھا کہ.... اللہ تعالیٰ کی عجیب نصرت نور برساتی ہوئی زمین پر اُتر آئی.... اللہ تعالیٰ کے ایک مخلص اور خوش نصیب بندے نے خود کسی ذریعے سے رابطہ کر کے.... مساجد کی تعمیر کے لیے ایک خاطر خواہ رقم دینے کی خواہش ظاہر کردی.... اللہ اکبر کبیرا.... اِن صاحب کو اس بات کا علم بھی نہیں تھا کہ مساجد کی تعمیر ادھوری رہ گئی ہے.... اور نہ اُن کو ہم نے خاص طور پر کوئی ترغیب دی تھی.... بس اللہ پاک نے اُن پر رحمت اور محبت کی نظر فرمائی اور اُن کے مال کے ایک حصّے کو اپنی رضا کے لیے قبول فرما لیا.... انہوں نے اتنی رقم کا اعلان کیا جس سے انشاءاللہ یہ تمام مساجد بھی مکمل ہو جائیں گی.... اور مدرسہ اویس قرنی رحمتہ اﷲ علیہ کی مسجد بھی.... انشاءاللہ.... کافی حد تک تعمیر ہو جائے گی.... الرحمت ٹرسٹ کے شعبہ مساجد نے فوراً تفصیلی اجلاسات بُلائے.... تمام مساجد کے لیے نگران مقرر کئے.... دو کمیٹیاں بنائی گئیں.... اور آج ماشاء اللہ یہ صورتحال ہے کہ اکثر مساجد میں کام شروع ہو چکا ہے.... اور انشاءاللہ تین ماہ میں یہ تمام مساجد اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نصرت سے ”آباد“ ہو جائیں گی.... اس وقت جبکہ میں یہ کالم لکھ رہا ہوں.... جماعت کی دو کمیٹیاں پوری محنت، امانت اور لگن کے ساتھ مساجد کے کام میں نکلی ہوئی ہیں.... والحمد للہ ربّ العالمین.... الحمد اللّٰہ الذی بنعمتہ تتمّ الصّالحات.... اللہ تعالیٰ مال تو بہت لوگوں کو عطاء فرماتا ہے.... مگر اس مال کو اپنے لئے بہت کم لوگوں سے قبول فرماتا ہے.... حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی کامیابی کا بڑا نکتہ یہ تھا کہ .... اللہ تعالیٰ نے اُنکو سمجھا دیا کہ ”جان“ میں نے اس لیے دی ہے کہ اسے میرے لئے قربان کر کے میری رضا حاصل کرو.... اور مال میں نے اس لئے دیا ہے کہ اسے میرے لئے خرچ کر کے ”جنت“ خرید لو.... اُمت میں سے جس کو بھی یہ عقلمندی والا نکتہ سمجھ آگیا وہ کامیاب ہوگیا.... اور جس کو سمجھ نہیں آیا وہ جان اور مال دونوں کی ذلّت اور تکلیف میں مبتلا ہوا.... پلاٹ پر پلاٹ، دکان پر دکان اور مکان پر مکان.... صبح شام مال اور مال.... یہ لوگ جمع کر کر کے تھکتے ہیں، گِن گِن کر مرتے ہیں.... اور پھر سب کچھ یہیں چھوڑ کر مر جاتے ہیں.... حضرات صحابہ کرام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اپنا مال اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے خرچ کیا.... اللہ تعالیٰ نے دنیا میں اُن کو اِس مال سے سینکڑوں گنا زیادہ عطاء فرمایا.... اور آخرت میں اُن کے لیے جنت اور اُس کے محلّات کو سجا دیا.... آپ صرف حضرت جی مولانا محمد یوسف کاندھلوی رحمتہ اﷲ علیہ کی کتاب ”حیاة الصحابہ“ میں حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مال خرچ کرنے کے واقعات پڑھ لیں.... رب کعبہ کی قسم دل روشن ہو جاتا ہے.... اُن کے مَرد اُن کی عورتوں سے اور اُن کی عورتیں مَردوں سے زیادہ سخی تھیں.... اور اخلاص کا یہ عالم تھا کہ اللہ پاک کی رضا اور آخرت کے اجر کے سوا کوئی نیت اُن کے قریب نہ آتی تھی.... پھر سب سے زیادہ مزے کی بات یہ تھی کہ.... جب وہ خرچ کرتے تھے تو ربّ کریم اُن کی تعریف میں قرآن پاک کی آیات نازل فرماتا تھا.... اور رسول پاک صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ انور پر خوشی کی ”بَہَار“ آجاتی تھی.... اور پھر آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم ہاتھ اور جھولی پھیلا کر اُن کو دعائیں اور بشارتیں دیتے تھے.... اللہ اکبر کبیرا، اللہ اکبر کبیرا.... تعمیر مساجد میں رقم خرچ کرنے والے ہمارے بھائی کو بہت مبارک ہو.... قرآن پاک کی آیات اور رسول اللہ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی دعاﺅں کی برکت آپ کو بھی نصیب ہوگئی.... ہم مسافروں نے بھی آپ کے لیے قبولیت اور برکت کی دعائیں مانگی ہیں.... اور اپنے ربّ عظیم سے عاجزی کے ساتھ درخواست کی ہے کہ.... وہ آپ کو اس کا بہترین بدلہ دنیا اور آخرت میں عطاء فرمائے.... پیارے بھائی! جنت کے اتنے سارے مکانات کی خریداری مبارک ہو.... اللہ پاک کی رضا کے لئے مال خرچ کرنے والوں کو ہمارے آقا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم خوب دعاﺅں سے نوازتے تھے.... اور آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم اُن کے اس مقبول خرچ پر بہت خوشی کا اظہار فرماتے تھے.... القلم کے پڑھنے والے تمام مسلمان مرد اور خواتین.... آج آقا مدنی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی اس سنت مبارک کو زندہ کریں.... اور اُس مسلمان بھائی کے لئے اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت، قبولیت اور برکت کی دعاء کردیں.... جس نے اللہ تعالیٰ کے گھر ”مساجد“ کو آباد کرنے کے لئے اِس ضرورت کے موقع پر یہ مال خرچ کیا ہے.... اللہ تعالیٰ تمام دعاء کرنے والوں کو جزائے خیر عطاءفرمائے.... آمین

ویڈیو تو جعلی نکلی
کچھ عرصہ پہلے دنیا کے تمام ذرائع ابلاغ پر ایک ”ویڈیو“ کا شور تھا.... کچھ داڑھی والے لوگ ایک لڑکی کو بدکاری کی سزا کے طور پر کوڑے مار رہے ہیں.... کیا بی بی سی اور کیا سی این این سب نے خوب ماتم کیا.... اور دل کھول کر واویلا.... ہر ٹی وی چینل پر مغرب زدہ دانشور بھونک رہے تھے.... اور بے پردہ عورتوں نے آسمان سر پر اُٹھا رکھا تھا.... کراچی میں لاکھوں لوگوں کو جمع کر کے ریلی نکالی گئی جس میں ”لندن“ کے ایک انگریزی پیر نے رو رو کر بیان کیا.... اور مجمع کو گن پوائنٹ پر رُلایا.... یوں لگتا تھا کہ دنیا میں بس یہی ایک مسئلہ سب سے اہم ہے.... اور تو اور عدالتوں نے بھی نوٹس لینا شروع کر دئیے تھے.... اب راولپنڈی کی پولیس نے ”اُس ویڈیو“ کے ہیرو کو پکڑ لیا ہے.... موصوف ایک مغرب پال ”این جی او“ کے معزز نمائندے ہیں.... اور اُس ہیروئن کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے دو لاکھ روپے لیکر پیٹھ پر کوڑے کھائے.... تمام تفصیلات آپ نے اخبارات میں پڑھ لی ہوں گی.... پوچھنا یہ چاہتا ہوں کہ .... کیا اب بھی آپ ”میڈیا“ پر اعتماد کرتے رہیں گے؟.... چند دن پہلے انڈیا کے ایک بڑے ٹی وی چینل نے ایک تحقیقی رپورٹ جاری کی ہے.... اس میں نقشوں کی مدد سے بتایا گیا ہے کہ.... جیش محمد نے کراچی کے قریب بہاولپور میں اپنا نیا ٹریننگ سینٹر کھول لیا ہے.... یہ رپورٹ اور اس کی ویڈیو میرے پاس موجود ہے.... کیا واقعی ”بہاولپور“ کراچی کے قریب ہے؟.... ہمیں تو جب کبھی کراچی سے بہاولپور جانا ہوتا ہے تو سفر سے کمر دُکھ جاتی ہے.... یقین جانیں اگر اللہ کریم جلّ شانہ کی فرض کردہ نمازیں نہ ہوتیں تو اس سفر سے کمر بالکل اکڑ جاتی.... نماز بھی عجیب تحفہ ہے.... راستے میں رُکے وضو کیا، نماز ادا کی تو بالکل تروتازہ ہوگئے.... مگر اِنٹرنیشنل میڈیا بتاتا ہے کہ.... ”بہاولپور“ کراچی کے قریب ہے.... اب بھی آپ رات دن اسی میڈیا پر اعتماد کر کے مایوس ہوتے رہیں گے؟.... میڈیا بتا رہا ہے کہ.... ہلمند میں امریکہ اور اُس کے اتحادیوں کا ”آپریشن مشترک“ بہت کامیاب جا رہا ہے.... اس آپریشن نے طالبان کی کمر توڑ دی ہے اور وہ چاروں طرف سے گھِر چکے ہیں.... حالانکہ یہ سب کچھ جھوٹ ہے.... آپ ہلمند کے آپریشن سے بحفاظت نکل کر آنے والے مجاہدین کو.... افغانستان اور پاکستان کے کئی علاقوں میں بے فکری کے ساتھ گنڈیریاں چوستے دیکھ سکتے ہیں.... وہ نیٹو فورسز کو انگوٹھا دکھا کر آگئے.... اور کچھ آرام کر کے پھر واپس پہنچ جائیں گے.... ارے دنیا والوں! اللہ تعالیٰ بہت بڑا ہے، اللہ تعالیٰ سب سے بڑا ہے.... اور اللہ تعالیٰ ”ایک“ ہے وحدہ لاشریک لہ.... آئیے ہم سب کہہ دیں.... اللہ اکبر کبیرا

فاتحین واپس آگئے
کئی ماہ سے شور تھا کہ.... ”پاک امریکہ مُذاکرات“ ہونے والے ہیں.... ان مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کو اتنا کچھ ملے گا کہ.... یہاں دودھ کی نہریں بہنے لگیں گی.... شاید امریکہ کے ”مخبر“ حسین حقانی نے حکومتِ پاکستان کو بتا دیا ہوگا کہ.... اس بار ”اوبامہ“ جیب کھول کر اور ”ہیلری“ دل کھول کر دے گی.... ہمارے وزراء ان مذاکرات کی تیاری میں کئی ماہ سے رنگ گورا کرنے والی کریمیں لگا رہے تھے.... اور سیکورٹی فورسز کو حکم تھا کہ.... امریکہ کو خوش کرنے کے لئے نہ جان کی پرواہ کرو نہ ایمان کی.... حضرت ملّا برادر کی دھوکے کے ساتھ گرفتاری بھی انہیں مذاکرات کی تیاری کا حصّہ تھی.... وزیر اعظم صاحب نے کئی بار اجلاسات بُلائے اور اس پر مشورہ ہوا کہ.... امریکہ سے کیا کیا مانگنا ہے اور اِس بار امریکہ کو کس طرح سے دبانا ہے.... اُن طوائف ملکوں کے ریٹ بھی منگوائے گئے جو بہت مہنگے داموں امریکہ کو اپنی عزت بیچتے ہیں.... مثلاً مصر اور ازبکستان وغیرہ.... اور اس پر افسوس کے آنسو بھی بہائے گئے کہ.... امریکہ ہماری ”عزت“ کیوں اتنی سستی خریدتا ہے.... بہرحال کشکولوں، فائلوں اور فہرستوں کے اسلحہ سے لیس ہمارا یہ وفد امریکہ پہنچا.... اور واقعی پہلے دو، تین دن تو امریکیوں کے چھکّے چھُڑا دیئے.... کسی نے امریکیوں سے کہا! ہمیں فوراً پینتیس ارب ڈالر چاہئیں.... دوسرے نے کہا امریکہ جی! ڈرون ٹیکنالوجی ہمارے حوالے کردو.... تیسرے نے کہا ہمیں بھارت کی طرح ایٹمی پلانٹ لگا کر دو.... چوتھے نے کہا دہشت گردی جنگ کے بقایا جات نکالو.... پانچویں نے کہا ہمارا صوبہ تباہ ہوگیا ہے تعمیر کے لئے پیسے دو.... چھٹے نے کہا جہالت کی وجہ سے دہشت گردی پھیل رہی ہے تعلیم کے لئے پیسے نکالو.... ساتویں نے کہا غربت کی وجہ سے لوگ مجاہدین بن رہے ہیں ہمیں مالدار بناﺅ.... آٹھویں نے کہا ملک میں خشک سالی ہے ڈیموں کے لئے پیسے دو.... نویں نے کہا بیماریوں کی وجہ سے لوگ خود کُش حملہ آور بنتے ہیں ہسپتالوں کے لئے پیسے دو.... دسویں نے کہا روشن خیالی پھیلانے کے لیے کچھ ڈالر دو.... وغیرہ وغیرہ.... بیس پچیس موٹے تازے وزراء نے جب پیسہ دو، ڈالر دو کی فائرنگ کی تو امریکی بے چارے اپنے دفتروں میں جا چھُپے.... یہ وقت شاید امریکہ کے لئے ویتنام اور عراق کی شکست سے بھی زیادہ مشکل تھا.... پاکستانی وفد کے ارکان جہاں کسی امریکی وزیر، مشیر یا چپڑاسی کو دیکھتے فوراً کہتے پیسہ نکالو، ڈالر دو.... اور وہ بے چارہ عزت بچا کر بھاگ جاتا.... اور اِدھر پاکستان میں حکومتی صحافیوں نے شور ڈال دیا کہ امریکہ اب کی بار پوری طرح جھُک گیا ہے.... اور چند دن تک پاکستان میں ڈالروں کا سیلاب آجائے گا.... مگر دو چار دن کی پسپائی کے بعد امریکی سنبھل گئے.... انہوں نے پُرانے سفارتکاروں کو بُلا کر پوچھا کہ پاکستانی حکومت کے اس حملے کا کیا توڑ ہو.... پُرانے لوگوں نے بتایا یہ تو بالکل آسان کام ہے.... کسی کے بیٹے کو گرین کارڈ، کسی کی بیٹی کو تعلیمی داخلہ، کسی کو امریکہ میں ایک آدھ فلیٹ.... اور کسی کو بوتل اور ٹھمکا.... مشورے پر عمل ہوا.... اور حالات ہی بدل گئے.... آخری خبریں آنے تک ہمارے حکمران خالی کشکول اٹھائے واپس آچکے ہیں.... پینتیس ارب تو کیا پینتیس لاکھ بھی نہیں ملے.... وہ جو مسلمانوں کے خون کے ڈرم بھر کر لے گئے تھے.... شاید ولائتی شراب کی چند بوتلیں اُس کے عوض لے آئے.... یا اللہ ہم پر رحم فرما.... اور ہمارے حکمرانوں کو ہدایت عطاء فرما

آمین یا ارحم الراحمین
وصلی اﷲ تعالیٰ علیٰ خیر خلقہ سیدنا محمد والہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا کثیرا کثیرا

(source: www.alqalamonline.com)
Haroon
About the Author: Haroon Read More Articles by Haroon: 13 Articles with 14570 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.