فائزہ بشیر احمد
ایک کام یاب سیاست دان اور فاتح سپہ سالار وہ نہیں جو صرف میدانِ جنگ میں
دشمن کوشکست فاش سے دو چارکرے، بلکہ در حقیقت اصل کام یاب سیاست دان اور
فاتح سپہ سالار وہ ہے جو میدان مکالمہ میں ایسی شرائط منوا کر او رمان کر
صلح کرے ، جس کے بعد کام یابیوں اور فتوحات کے راستے ہموار ہو جائیں اور
تھوڑے ہی عرصے میں اس صلح کے ثمرات ملک ، قوم اورملت بلکہ آنے والی نسلوں
تک پہنچیں۔ کیوں کہ بسا اوقات میدان جنگ میں فتح پانے والے میدان مکالمہ
میں ایسی مات کھا جاتے ہیں کہ صدیوں تک ان کی فوج اور قوم سنبھالے نہیں
سنبھل سکتی۔ پستی ، ذلت ، رسوائی او رشکست اس قوم کا مقدر بن جاتی ہے اور
میدان جنگ میں فتح ان کے لیے کوئی قابلِ فخر بات نہیں رہتی۔ اس لیے جس
بیدار مغزی، دور اندیشی اور چستی کی ضرورت میدان جنگ میں ہوتی ہے اس سے
کہیں بڑھ کر میدان مکالمہ میں بیدار مغزی، دور اندیشی اور چستی کی ضرورت
ہوتی ہے۔
اسی تناظر میں ہم صلح حدیبیہ کی شرائط کا مطالعہ کریں گے ، کیوں کہ بظاہر
صلح حدیبیہ کی شرائط میں آپ صلی الله علیہ وسلم او ران کے صحابہ کی شکست او
راہل مکہ کی فتح نظر آتی ہے او رایسے لگتا ہے کہ مسلمانوں نے دب کر سخت او
ر کڑی شرائط پر صلح کی، لیکن نتائج مابعد بالکل اس کے برعکس نظر آتے ہیں،
اس لیے ہمیں دیکھنا ہے کہ اس صلح کا کیا پس منظر تھا اور وہ کیا وجوہات اور
مصلحتیں تھیں جن کو سامنے رکھ کر آپ صلی الله علیہ وسلم نے یہ صلح کی اور
آپ صلی الله علیہ وسلم نے کس بیدار مغزی اور دور اندیشی کا ثبوت دیا اور
مستقل قریب میں آپ صلی الله علیہ وسلم کی سیاست خارجہ اور مسلمانوں کی
اجتماعی زندگی پر اس صلح کے کیا فوائد ، نتائج او راثرات مرتب ہوئے؟
صلح حدیبیہ کا پس منظر
صلح حدیبیہ کو صحیح طور پر سمجھنے کے لیے اس کا کچھ پس منظر جاننا ضروری ہے
:” سن چھ ہجری اسلامی تاریخ او رریاست مدینہ کا ایک اہم سال تھا۔ مدنی
ریاست تین اہم دشمن قوتوں کے درمیان واقع تھی ۔ شمال میں خیبر وغیرہ یہودی
قوت کے مرکز تھے ، شمال مشرق میں فزارہ وغطفان کے قبائل خیبر والوں کے حلیف
تھے او ران کی مسلمانوں سے بنتی نہ تھی اور جب بھی انہیں موقعہ ملتا
مسلمانوں کی بستی پرحمله کے درپے رہتے۔ تو جنوب میں مشرکین مکہ او ران کے
حلیف تھے، جو سب کے سب غم وغصے سے بے قرار اور مسلمانوں کے خلاف خارکھائے
بیٹھے تھے اور سابقہ ناکامیوں کی جلن الگ تھی۔ آثار یہ نظر آرہے تھے کہ
خیبر میں جابسے ہوئے ( جلا وطنانِ مدینہ یعنی) بنی نضیر کی کوششیں رنگ
لائیں گی اور یہود ، غطفان اور قریش یہ سہ گانہ قوت مدینہ پر ہلہ بول دے گی
، جس کی مدافعت مسلمانوں کے لیے آسان نہ تھی اور ایک ہی وقت میں تینوں
قوتوں کے ساتھ لڑنا مسلمانوں کے لیے مشکل تھا۔ اگر مسلمان مکہ جاتے تو خطرہ
تھا کہ اہل خیبر او ران کے حلفاء مدینہ پر چڑھ نہ دوڑیں۔ اوراگر مسلمان
خیبر جائیں تو اہل مکہ اپنے حلفاء سمیت مدینہ آکر اسے لوٹ نہ لیں ، کیوں کہ
مدینہ بیچوں بیچ واقع ہے ۔ خیبر اس کے شمال میں کوئی پانچ منزل کی مسافت پر
واقع ہے، تو مکہ اس کے جنوب میں بارہ منزل پر ہے۔ ان حالات میں سیاست دانی
کا اقتضا یہی ہو سکتا ہے کہ ان دشمن قوتوں میں سے کسی ایک سے صلح کر کے
دوسرے کے مقابلہ میں اس کو دوست، ورنہ کم از کم ناطرف دار بنا دیا جائے او
رجب ایک سے فراغت ہو تو دوسرا خود ہی ہتھیار ڈال دے گا، پھر اسے سر زوری کی
جرات نہ ہو گی۔ لیکن سوال یہ تھا کہ صلح مکہ والوں سے کی جائے یا خیبر
والوں سے؟
چوں کہ خیبر کے حلیف ومعاون یعنی فزارہ وغطفان محض لوٹ مار کے شائق اور
بالکل بے اصول خانہ بدوش عرب تھے، جب کہ یہود تمدنی اور نسلی وجود سے عربوں
سے الگ تھے ، ان کو اپنی جلا وطنی اور جائیداد کے لٹنے کا داغ تھا، جو
جائیداد کی واپسی کے بغیر مٹ نہ سکتا تھا۔ سرمایہ داری کی وجہ سے کوئی
معمولی فائدہ ان کو مطمئن نہ کر سکتا تھا اور نہہی ان کی بات پر کوئی
اعتماد کیا جاسکتا تھا بلکہ یوں کہا جاسکتاہے کہ خیبر کا مال دار مرکز
نسبةً ایک غیرجنگ جو قوم کے قبضے میں ہونے سے آسان تر مال غنیمت تھا۔ جب کہ
دوسری طرف مکہ مسلمانوں کے لیے بہت سی رعایتوں کا متقاضی تھا۔ مسلمان
مہاجرین سب ہی مکی تھے اوراہل مکہ سب ان کے رشتہ دار تھے۔ کعبہ مسلمانوں کی
نماز کا قبلہ اورحج کی منزل مقصود تھا۔ اہل مکہ کی تباہی سے زیادہ ان کا
اسلام زیادہ مفید ہو سکتا تھا ، کیوں کہ قریش کے معاشی او رتمدنی تعلقات
تمام عرب سے تھے او ران کی صلاحیتیں پورے عرب میں سب سے زیادہ تھیں ، کیوں
کہ ان میں بات کا پاس تھا، وہ دُھن کے پکے تھے ، قومی مفاد کے لیے تن ، من
دھن سے لگ جاتے تھے۔ طبیعت مہمات پسند تھی ، ادبی ذوق اور انتظام ملک کی
قابلیت وملکہ بھی عام بدویوں کے مقابلے میں ان میں کہیں بڑھا ہوا تھا او
رحالات سے یہ بھی ظاہر ہو رہا تھا کہ اہل مکہ مسلمانوں کے معاشی دباؤ کے
باعث اب واقعی صلح پر آمادہ ہو چکے تھے اور صرف لاج رکھنے کے لیے کسی اچھی
شرط کے منتظر تھے۔
ان حالات میں معلوم ہوتا ہے کہ رسول کریم صلی الله علیہ وسلم نے یہ سوچ کہ
اگر حج کے مہینوں میں مکہ جائیں اور ارادہ طوافِ کعبہ اور قربانی وعمرہ کے
لیے ہو اورقریش کو منہ مانگی شرطیں پیش کر دی جائیں تو کچھ تعجب نہیں کہ وہ
صلح پر آمادہ ہو جائیں ۔“ (
دریں اثنا رسولِ کریم صلی الله علیہ وسلم کو مدینہ کے اندر یہ خواب بھی
دکھلایا گیا کہ آپ صلی الله علیہ وسلم او رآپ صلی الله علیہ وسلم کے صحابہٴ
کرام مسجد حرام میں داخل ہوئے، آپ صلی الله علیہ وسلم نے خانہ کعبہ کی کنجی
لی اور صحابہ سمیت بیت الله کا طواف او رعمرہ کیا، پھر کچھ لوگوں نے سر کے
بال منڈائے او رکچھ نے کٹوانے پر اکتفا کیا۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے
صحابہٴ کرام کو اس خواب کی اطلاع دی تو انہیں بڑی مسرت ہوئی او رانہوں نے
یہ سمجھا کہ اس سال مکہ میں داخلہ نصیب ہو گا۔
چودہ سوصحابہ کرام کے ساتھ عمرہ کا احرام باندھ کر ذی قعده کے شروع میں
خاموشی کے ساتھ مکہ کی جانب روانہ ہوئے ۔ قربانی کے جانور ساتھ تھے ارادہ
محض مصالحانه تھا، اس لیے جنگی ہتھیار تک نہیں تھے، سوائے تلواروں کے جو
نیاموں میں تھیں ۔ ایک جاسوس جو حالات معلوم کرنے کے لیے پیشگی بھیج دیا
گیا تھا اس نے آکر اثنائے راہ میں اطلاع دی کہ قریش کو پتہ چل چکاہے او
رمقابلے کی تیاریاں کر رہے ہیں او رحلیف قبائل کو بھی جمع کر رہے ہیں ۔ اور
خالدبن ولید دو سو سواروں کے ساتھ کراع الغمیم تک پہنچ چکے ہیں ۔ آپ صلی
الله علیہ وسلم خالد سے کترا کر دا ہنی طرف کا دشوار گزار راستہ اختیار
کرکے حدیبیہ تک پہنچ گئے، جو مکہ سے بارہ میل کے فاصلے پر واقع ہے اور وہاں
قیام کیا۔
سفارتی سرگرمیاں او ربیعتِ رضوان
حدیبیہ آتے ہی سفارتی سرگرمیاں شروع ہو گئیں، قریش کے نمائندے او رکارندے آ
آکر مقصد معلوم کرنے لگے ، آخر رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم نے اپنے
دامادحضرت عثمان کو مکہ مکرمہ بھیجا کہ مختارِ کل کی حیثیت سے گفت وشنید
کریں ۔
او رانہیں یہ بات سمجھائیں کہ ہم محض عمرہ کی نیت سے بیت الله کی تعظیم کے
لیے آئے ہیں ، ہمارا جنگ کا کوئی ارادہ نہیں ۔ حضرت عثمان نے آپ صلی الله
علیہ وسلم کا پیغام اہل مکہ تک پہنچا دیا وار اہل مکہ نے حضرت عثمان کو اس
مقصد کے لیے روکے رکھا کہ باہم مشورہ کرکے حضرت عثمان کو ان کے لائے ہوئے
پیغام کا جواب دیں۔ ادھر مسلمانوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ حضرت عثمان کو
اہل مکہ نے شہید کر دیا ہے۔ جب آپ صلی الله علیہ وسلم کو یہ اطلاع ملی تو
آپ صلی الله علیہ وسلم نے حضرت عثمان کے انتقام اور اہل مکہ سے معرکہ آرائی
کرنے پر صحابہ کرام سے بیعت لی۔ کسی نے موت پر تو کسی نے میدان چھوڑ کر نہ
بھاگنے پر بیعت کی۔ اس بیعت کو بیعت رضوان کہتے ہیں۔
اسی کے بارے میں الله تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی :﴿لَقَدْ رَضِیَ اللَّہُ
عَنِ الْمُؤْمِنِیْنَ إِذْ یُبَایِعُونَکَ تَحْتَ الشَّجَرَة․ ( سورہ فتح
:18)
ترجمہ:” الله مؤمنین سے راضی ہوا جب وہ آپ سے درخت کے نیچے بیعت کر رہے
تھے۔“
صلح اور دفعات صلح
بہرحال قریش نے صورتِ حال کی نزاکت محسوس کر لی، لہٰذا جھٹ سُہیل بن عمرو
کو معاملاتِ صلح طے کرنے کے لیے روانہ کیا، تاکید کر دی کہ صلح میں لازماً
یہ بات طے کی جائے کہ آپ صلی الله علیہ وسلم اس سال واپس چلے جائیں اور
ایسا نہ ہو کہ عرب یہ کہیں کہ آپ صلی الله علیہ وسلم ہمارے شہر میں جبراً
داخل ہو گئے اور ہم کچھ نہ کرسکے او رہماری رسوائی ہو)
ان ہدایت کو لے کر سہیل بن عمرو آپ صلی الله علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوئے ،
کچھ گفت وشنید کے بعد صلح کے دفعات یہ طے پائے:
1. رسول الله صلی الله علیہ وسلم اس سال مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے بغیرواپس
جائیں گے، اگلے سال مسلمان مکہ آئیں گے او رتین روز قیام کریں گے اور ان کے
ساتھ سواری کا ہتھیار ہو گا یعنی میانوں میں تلواریں ہوں گی اور ان سے کسی
قسم کا تعرض نہ کیا جائے گا۔
2. دس سال تک فریقین جنگ بند رکھیں گے ، اس عرصے میں لوگ مامون رہیں گے ،
کوئی کسی پر ہاتھ نہیں اٹھائے گا۔
3. قبائل عرب میں سے جومحمد صلی الله علیہ وسلم کے عہد وپیمان میں داخل ہو
نا چاہے داخل ہو سکے گا او رجو قریش کے عہد وپیمان میں داخل ہونا چاہے داخل
ہو سکے گا، جو قبیلہ جس فریق میں شامل ہو گا وہ اس فریق کا ایک جز سمجھا
جائے گا، لہٰذا ایسے کسی قبیلے پر زیادتی ہوئی تو خود اس فریق پر زیادتی
متصور ہو گی ( اس دفعہ کے مطابق بنو خزاعہ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کے
حلیف بنے او ربنو بکر نے قریش کا حلیف بننے کااعلان کیا)۔
4. قریش کا جو آدمی اپنے سرپرست کی اجازت کے بغیر یعنی بھاگ کر محمد صلی
الله علیہ وسلم کے پاس جائے گا، محمد صلی الله علیہ وسلم اسے واپس کریں گے
، لیکن محمد صلی الله علیہ وسلم کے ساتھیوں میں سے جو شخص ( پناہ کی غرض سے
بھاگ کر ) قریش کے پاس آئے گا قریش اسے واپس نہ کریں گے۔
معاہدہ تحریر کیے جانے کے دوران اہل مکہ کے سفیر سہیل بن عمرو کچھ باتوں پر
اَڑتے رہے، لیکن آپ صلی الله علیہ وسلم ان باتوں کو معمولی نوعیت کا سمجھ
کر اہل مکہ کے سفیر کی باتوں کو مانتے رہے، مثلاً: ”بسم الله الرحمن
الرحیم“ پر سہیل نے اعتراض کیا کہ ہم رحمن کو نہیں جانتے ، اس لیے عرب کے
دستور کے مطابق ”باسمک اللھم“ لکھو، آپ صلی الله علیہ وسلم نے مان لیا کیوں
کہ اس میں کوئی شرک یا بت پرستی کی بات نہیں تھی ، جب آپ صلی الله علیہ
وسلم نے یہ لکھوا یا کہ یہ وہ معاہدہ ہے جو محمد رسول الله اور سہیل بن
عمرو کے مابین طے پایا، تو سہیل نے لفظ”رسول الله“ پر اعتراض کیا کہ اگر ہم
آپ کو رسول مانتے تو جھگڑا کس چیز پر ؟ اس لیے رسول الله کا لفظ کاٹ دو۔ آپ
صلی الله علیہ وسلم نے کاٹ دیا کیوں کہ اس میں مسلمانوں کا کوئی نقصان نہیں
تھا۔ اسی اثنا میں سہیل بن عمرو کے بیٹے ابو جندل، جو مسلمان ہو چکے تھے
اورباپ نے ان کو قید کر رکھا تھا ،وہ بیڑیاں گھسیٹتے ہوئے مسلمانوں کے پاس
پہنچے کہ مجھے مشرکین کی قید سے چھڑا کر اپنے ساتھ لے چلو ، لیکن جب سہیل
نے اسے واپس کیے بغیر صلح سے انکار کر دیا تو آپ صلی الله علیہ وسلم نے ابو
جندل کو یہ تسلی دے کر واپس کر دیا کہ آپ تھوڑا اور صبر کریں، الله آپ کے
لیے خلاصی کی راہ نکال لے گا۔ (
اسی دوران قریش کے پرجوش او رجنگ باز ستر اسی کے قریب نوجوانوں نے صلح کی
کوشش کو سبوتاژ کرنے کے لیے مسلمانوں میں گھس کر ہنگامہ برپاکر نے کی، کوشش
کی لیکن آپ صلی الله علیہ وسلم کے جاں بازوں نے انہیں گرفتار کر لیا، مگر
آپ صلی الله علیہ وسلم نے صلح کی خاطر انہیں معاف کر دیا اور چھوڑ دیا
اسی بارے میں الله تعالیٰ کا یہ ارشاد نازل ہوا
وَہُوَ الَّذِیْ کَفَّ أَیْْدِیَہُمْ عَنکُمْ وَأَیْْدِیَکُمْ عَنْہُم
بِبَطْنِ مَکَّةَ مِن بَعْدِ أَنْ أَظْفَرَکُمْ عَلَیْْہِم․ (سورہ فتح،
آیت:24)
ترجمہ:” وہی ہے جس نے بطنِ مکہ میں ان کے ہاتھ تم سے روکے او ر تمہارے ہاتھ
ان سے روکے اس کے بعد کہ تم کو ان پر قابو دے چکا تھا۔“
اس معاہدہ کی دفعات کا حاصل .اس معاہدے ( جسے اہل مکہ اپنی فتح او رعام
مسلمان اپنی شکست سمجھ رہے تھے یہاں تک کہ حضرت عمر جیسے مدبر بھی اپنی بے
چینی چھپا نہ سکے) کے مندرجات پر جب بنظر غائر دیکھا جاتا ہے تو معلوم ہوتا
ہے کہ یہ درحقیقت مسلمانوں کی ایک بہت بڑی فتح اور دوسری فتوحات کے لیے پیش
خیمہ تھا۔ جو شخص بھی اس کی دفعات کا ان کے پس منظرسمیت جائزہ لے گا اسے
کوئی شبہ نہ رہے گا کہ یہ مسلمانوں کی فتح مبین اور نصر عزیز تھی اور رسول
صلی الله علیہ وسلم کی سیاست خارجہ کا شاہ کار تھا۔
دفعہ نمبر:1. اس کے مطابق اگرچہ اہلِ مکہ مسلمانوں کواس سال مسجد حرام سے
روکنے میں کام یاب رہے، لیکن حقیقت میں یہ دفعہ اس پابندی کے خاتمے کا
اعلان تھا جو قریش نے مسلمانوں پر مسجدِ حرام میں داخلے سے متعلق عائد کر
رکھی تھی، مگر ظاہر ہے کہ یہ وقتی اور بے حیثیت فائدہ تھا۔
دفعہ نمبر:2. ( جس کے مطابق دس سال تک جنگ بندی کا اعلان تھا) یہ چیز تو
مسلمان خود چاہتے تھے کہ قریش مسلمانوں سے صلح کر لیں اور مسلمانوں کی
جنگوں میں غیر جانب دار رہیں۔ یہ دفعہ درحقیقت مسلمانوں کی قوت کو تسلیم
کرنا تھا، کیوں کہ قریش نے اب تک مسلمانوں کے وجود کو تسلیم ہی نہیں کیا
تھا او رانہیں نیست ونابود کرنے کا تہیہ کیے بیٹھے تھے، انہیں انتظار تھا
کہ ایک نہ ایک دن یہ قوت دم توڑ دے گی ۔ اس کے علاوہ قریش جزیرة العرب کے
دینی پیشوا ور دنیاوی صدر نشین ہونے کی حیثیت سے اسلامی دعوت او رعام لوگوں
کے درمیان پوری قوت کے ساتھ حائل رہنے کے لیے کوشاں رہتے تھے۔ اس پس منظر
میں دیکھیے تو صلح کی جانب محض جھک جانا ہی مسلمانوں کی قوت کا اعتراف او
راس بات کا اعلان تھا کہ اب قریش اس قوت کو کچلنے کی طاقت نہیں رکھتے۔
دفعہ نمبر:3. (جس میں عرب قبائل کو یہ آزادی دی گئی تھی کہ وہ محمد صلی
الله علیہ وسلم اور قریش میں سے جس کے حلیف بننا چاہیں بن سکتے ہیں ) اس کے
پیچھے صاف طو رپر نفسیاتی کیفیت کار فرما نظرآتی ہے کہ قریش کو دنیاوی صدر
نشینی اور دینی پیشیوائی کا جو منصب حاصل تھا اسے انہوں نے بالکل بھلا دیا
تھا اور اب صرف اپنی پڑی تھی۔ ان کو اس سے کوئی سروکار نہ تھا کہ بقیہ
لوگوں کا کیا بنتا ہے؟ یعنی اگر سارے کا سارا جزیرہ العرب حلقہ بگوش اسلام
ہو جائے تو قریش کو اس کی کوئی پروا نہیں اور وہ اس میں کسی طرح کی مداخلت
نہ کریں گے ۔ اس دفعہ پر غور کیا جائے تو درحقیقت قریش کے عزائم اور مقاصد
کے لحاظ سے یہ ان کی شکست فاش اور مسلمانوں کی فتح مبین کا برملا اظہار
تھا۔ آخر اہل اسلام اور اعدائے اسلام کے درمیان جو خوں ریز جنگیں پیش آئی
تھیں ان کا منشا اورمقصد اس کے سوا کیا تھاکہ عقیدے او ردین کے بارے میں
لوگوں کو مکمل آزادی او رخود مختاری حاصل ہو جائے ، یعنی اہل اسلام یہ
چاہتے تھے کہ اپنی آزاد مرضی سے جو شخص چاہے مسلمان ہو اور جو چاہے کافر
رہے ، کوئی طاقت ان کی مرضی اورارادے کے سامنے روڑا بن کر کھڑی نہ ہو ،
مسلمانوں کا یہ مقصد تو ہر گز نہ تھا کہ دشمن کے مال ضبط کیے جائیں ، انہیں
موت کے گھاٹ اتارا جائے اورانہیں زبردستی مسلمان بنایا جائے، یعنی مسلمانوں
کا مقصد صرف وہی تھا جسے علامہ اقبال نے یوں بیان کیا ہے #
شہادت ہے مطلوب ومقصود مؤمن
نہ مال غنیمت نہ کشور کشائی
دفعہ نمبر:4. اس دفعہ پر غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ قریش نے
مسلمانوں کو مذکورہ تین رعایتیں دے کر صرف ایک رعایت حاصل کی ، جو اس دفعہ
میں مذکور ہے، لیکن یہ رعایت حددرجہ معمولی اور بے وقعت تھی او را س میں
مسلمانوں کاکوئی نقصان نہ تھا، کیوں کہ یہ معلوم تھا کہ جب تک مسلمان
مسلمان رہے گا، الله ، رسول اور مدینة الاسلام سے بھاگ نہیں سکتا، اس کے
بھاگنے کی صرف ایک صورت ہو سکتی تھی کہ وہ مرتد ہو جائے ، خواہ ظاہراً،
خواہ در پردہ اور ظاہر ہے کہ جب مرتد ہو جائے تو مسلمانوں کو اس کی ضرورت
نہیں، بلکہ اسلامی معاشرے میں اس کی موجودگی سے کہیں بہتر ہے کہ وہ الگ ہو
جائے اوریہی وہ نکتہ ہے جس طرف رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے اپنے اس
ارشاد میں اشارہ فرمایا تھا:” انہ من ذھب منا الیھم فابعدہ الله“․ ( صحیح
مسلم مع شرح النواوی، ج5، ص:477) ” جو ہمیں چھوڑ کر ان مشرکین کی طرف بھاگے
اسے الله نے ہم سے دو رکر دیا“۔ باقی رہے مکے کے باشندے جو مسلمان ہوچکے
تھے یا مسلمان ہونے والے تھے تو ان کے لیے اگرچہ اس معاہدے کی رو سے مدینہ
میں پناہ گزیں ہونے کی گنجائش نہ تھی ،لیکن الله کی زمین تو بہرحال کشادہ
تھی۔ حبشہ کی سر زمین تو پہلے بھی مسلمانوں کے لیے اپنی آغوش واکر چکی تھی،
جب مدینے کے باشندے اسلام کا نام بھی نہیں جانتے تھے، اسی طرح آج بھی زمین
کا کوئی ٹکرا مسلمانوں کے لیے اپنی آغوش کھول سکتا تھا۔ اور یہی بات تھی جس
کی طرف رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے اپنے اس ارشاد میں فرمایا:”ومن جاء
نا منھم سیجعل الله فرجاً ومخرجاً“ ․ ” ان کا جو آدمی ہمارے پاس آئے الله
اس کے لیے کشادگی اور نکلنے کی جگہ بنا دے گا“۔ پھر اس قسم کے تحفظات سے
اگرچہ بظاہر قریش نے عزت وقار حاصل کیا تھا ،مگر یہ درحقیقت قریش کی سخت
نفسیاتی گھبراہٹ، پریشانی ، اعصابی دباؤ اور شکستگی کی علامت تھی۔ اس سے
پتہ چلتا ہے کہ انہیں اپنے بت پرست سماج کے بارے میں سخت خوف لاحق تھا او
روہ محسوس کررہے تھے کہ ان کا یہ سماجی گھروندا ایک کھائی کے ایسے کھوکھلے
او راندر سے کٹے ہوئے کنارے پر کھڑا ہے جو کسی بھی دم ٹوٹ کر گرنے والا ہے،
لہٰذا اس کی حفاظت کے لیے اس طرح تحفظات حاصل کر لینا بہت ضروری ہے۔ دوسری
طرف رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے جس فراخ دلی کے ساتھ یہ شرط منظور کی
( کہ قریش کے یہاں پناہ لینے والے کسی مسلمان کو واپس نہ طلب کریں گے) وہ
اس بات کی دلیل ہے کہ آپ صلی الله علیہ وسلم کو اپنے سماج کی ثابت قدمی او
رپختگی پر پورا اعتماد تھا او راس قسم کی شرط آپ کے لیے قطعاً کسی اندیشے
کا سبب نہ تھی۔
صلح حدیبیہ کے فوائد، نتائج واثرات
صلح کے بعد تین دن تک آپ صلی الله علیہ وسلم نے حدیبیہ میں قیام فرمایا،
پھر روانہ ہوئے تو راستے میں یہ سورت اتری:
﴿إِنَّا فَتَحْنَا لَکَ فَتْحاً مُّبِیْناً﴾․ ( سورہ فتح، آیت:1)” ہم نے
تجھ کو کھلی ہوئی فتح عطا کی “ تمام مسلمان جس چیز کو شکست سمجھ رہے تھے
خدا نے اس کو فتح مبین کہا۔ آں حضرت صلی الله علیہ وسلم نے حضرت عمر کو بلا
کر فرمایا: یہ آیت نازل ہوئی ہے۔ انہوں نے تعجب سے پوچھا کہ: کیا یہ فتح
ہے!؟ ارشاد ہوا کہ: ہاں۔ صحیح مسلم میں ہے کہ حضرت عمر کو تسکین ہو گئی او
رمطمئن ہو گئے۔
علامہ شبلی نعمانی فرماتے ہیں: نتائج مابعد نے اس رازِ سر بستہ کی عقدہ
کشائی کی، اب تک مسلمان اور کفار ملتے جلتے نہ تھے۔ اب صلح کی وجہ سے
آمدورفت شروع ہوئی ، خاندانی اور تجارتی تعلقات کی وجہ سے کفار مدینہ میں
آتے، مہینوں قیام کرتے او رمسلمانوں سے ملتے جلتے تھے ، باتوں باتوں میں
اسلامی مسائل کا تذکرہ آتا رہتا تھا۔ اس کے ساتھ ہر مسلمان اخلاص، حسن عمل،
نیکو کاری ، پاکیزہ اخلاقی کی ایک زندہ تصویر تھا۔ جو مسلمان مکہ جاتے تھے
ان کی صورتیں یہی مناظر پیش کرتی تھیں ۔ اس سے خود بخود کفار کے دل اسلام
کی طرف کھنچے آتے تھے۔ اس معاہدہ صلح سے لے کر فتح مکہ تک اس قدر کثرت سے
لوگ اسلام لائے کہ کبھی نہیں لائے تھے۔
اسی دوران حضرت خالد بن ولید، عمروبن عاص او رعثمان بن طلحہ رضی الله عنہم
مسلمان ہو گئے، جب یہ لوگ خدمت نبوی میں حاضر ہوئے تو آپ صلی الله علیہ
وسلم نے فرمایا: ” مکہ نے اپنے جگر گوشوں کو ہمارے حوالے کر دیا ہے ۔“ اس
بارے میں سخت اختلاف ہے کہ یہ صحابہ کرام کس سن میں اسلام لائے۔ اسماء
الرجال کی عام کتابوں میں اسے سن 8ہجری کا واقعہ بتایا گیا ہے۔ لیکن نجاشی
کے پاس حضرت عمروبن عاص کے اسلام لانے کا واقعہ مشہورہے جو سن7 ھ کا ہے۔
اور یہ بھی معلوم ہے کہ حضرت خالد بن ولید اور عثمان بن طلحہ اس وقت مسلمان
ہوئے تھے جب حضرت عمرو بن عاص حبشہ سے واپس آئے تھے ،کیوں کہ انہوں نے حبشہ
سے واپس آکر مدینہ کا قصد کیا تو راستے میں ان دونوں سے ملاقات ہوئی۔ اور
تینوں حضرات نے ایک ساتھ خدمتِ نبوی میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا۔ اس کا
مطلب یہ ہے کہ یہ سبھی حضرات سن7ھ کے اوائل میں مسلمان ہوئے۔
امام زہری کا بیان ہے کہ : صلح حدیبیہ جیسی فتح اس سے پہلے اسلام میں حاصل
نہیں ہوئی تھی۔ اس سے پہلے مسلمانوں او راہل مکہ کی ملاقات صرف لڑائیوں میں
ہوتی تھی، لیکن جب صلح ہوئی او رجنگ نے سامان حرب رکھ دیا اور لوگ ایک
دوسرے سے مامون ہو گئے تو ایک دوسرے سے ملنے لگے ، بات چیت کرنے لگے او
ربحث مباحثہ ہونے لگا اور جوبھی کچھ ہوش حواس اور عقل رکھتا تھا اس نے جب
بھی اسلام کے بارے میں گفتگو کی وہ مسلمان ہو گیا، پچھلے اُنیس سالوں میں
اتنے لوگ مسلمان نہیں ہوئے جتنے ان دو سالوں ( صلح حدیبیہ سے فتح مکہ تک)
میں لوگ مسلمان ہوئے۔
صلح حدیبیہ کے فوائد وثمرات کو مختصراً
اس طرح سمیٹا جاسکتا ہے
اس میں پہلی مرتبہ عرب میں اسلامی ریاست کا وجود باقاعدہ تسلیم کیا گیا۔ اس
سے پہلے تک عربوں کی نگاہ میں محمد صلی الله علیہ وسلم او رآپ کے ساتھیوں
کی حیثیت محض قریش اور قبائل عرب کے خلاف خروج کرنے والے ایک گروہ کی تھی
اور وہ ان کو برادری سے باہر سمجھے تھے۔ اب خود قریش ہی نے آپ سے معاہدہ
کرکے سلطنت اسلامی کے مقبوضات پر آپ کا اقتدار مان لیا اور قبائل عرب کے
لیے یہ دروازہ بھی کھول دیا کہ ان دونوں سیاسی طاقتوں میں سے جس کے ساتھ
چاہیں حلیفانہ معاہدات کر لیں۔
مسلمانوں کے لیے زیارت بیت الله کا حق تسلیم کرکے قریش نے آپ سے آپ گویا یہ
بھی مان لیا کہ اسلام کوئی بے دینی نہیں ہے ، جیسا کہ وہ اب تک کہتے چلے
آرہے تھے، بلکہ عرب کے مسلمہ ادیان میں سے ایک ہے اور دوسرے عروں کی طرح اس
کے پیرو بھی حج وعمرہ کے مناسک ادا کرنے کا حق رکھتے ہیں ۔ اس سے اہل عرب
کے دلوں کی وہ نفرت کم ہو گئی جو قریش کے پروپیگنڈے ا سے اسلام کے خلاف
پیدا ہو گئی تھی۔
دس سال کے لیے جنگ بندی کا معاہد ہ ہو جانے سے مسلمانوں کو امن میسر آگیا
اور انہوں نے عرب کے تمام اطراف ونواح میں پھیل کر اس تیزی سے اسلام کی
اشاعت کی کہ صلح حدیبیہ سے پہلے پورے 19 سال میں اتنے آدمی مسلمان نہ ہوئے
تھے جتنے اس کے بعد دو سال کے اندر مسلمان ہو گئے ۔ یہ اسی صلح کی برکت تھی
کہ یا تو وہ وقت تھا جب حدیبیہ کے موقع پر حضور صلی الله علیہ وسلم کے ساتھ
صرف چودہ سو آدمی آئے تھے ليكن جب قریش کی عہد شکنی کے نتیجے میں حضور نے
مکہ پر چڑھائی کی تو دس ہزار کا لشکر آپ کے ہم رکاب تھا۔
قریش کی طرف سے جنگ بندی ہوجانے کے بعد آں حضرت صلی الله علیہ وسلم کو یہ
موقع مل گیا کہ اپنے مقبوضات میں اسلامی حکومت کو اچھی طرح مستحکم کر لیں
اور اسلامی قانون کے اجرا سے مسلم معاشرے کو ایک مکمل تہذیب وتمدن بنا دیں۔
یہی وہ نعمتِ عظمیٰ ہے جس کے متعلق الله تعالیٰ نے قرآن کریم میں ارشاد
فرمایا:
الْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْْکُمْ
نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الإِسْلاَمَ دِیْناً․ ( سورہ مائدہ،آیت:3)
ترجمہ: ”آج میں نے تمہارے دین کو تمہارے لیے مکمل کر دیا ہے او راپنی نعمت
تم پر تمام کر دی ہے او رتمہارے لیے اسلام کو تمہارے دین کی حیثیت سے قبول
کر لیا ہے۔“
قریش سے صلح کے بعد جنوب کی طرف سے اطمینان نصیب ہو جانے کا فائدہ یہ بھی
ہواکہ مسلمانوں نے شمال عرب اور وسطِ عرب کی تمام مخالف طاقتوں کو بآسانی
مسخر کر لیا۔ صلح حدیبیہ پر تین ہی مہینے گزرے تھے کہ یہودیوں کا سب سے بڑا
گڑھ خیبر فتح ہو گیا او راس کے بعد فدک، وادی القریٰ، تیما اور تبوک کی
یہودی بستیاں اسلام کے زیر نگیں آتی چلی گئیں۔ پھر وسطِ عرب کے تمام قبیلے
بھی ، جو یہود اور قریش کے ساتھ گٹھ جوڑ رکھتے تھے، ایک ایک کرکے تابع
فرمان ہو گئے۔ اس طرح حدیبیہ کی صلح نے دو ہی سال کے اندر عرب میں قوت کا
توازن اتنا بدل دیا کہ قریش اورمشرکین کی طاقت دب کر رہ گئی اور اسلام کا
غلبہ یقینی ہو گیا۔
او رمحض تین سال کے مختصر عرصے میں مسلمانوں نے پرامن ذرائع سے اپنی مملکت
کو تقریباً دس گنا پھیلا کر پورے جزیرہ نما عرب کو اپنا مطیع بنا لیا اور
وہاں سے رومی او رایرانی اثرات بالکل خارج کرکے ایک ایسی مستحکم حکومت قائم
کر دی جو پندرہ ہی سال میں تین براعظموں پر پھیل گئی۔ اور جو اس سے ٹکرایا
پاش پاش ہو کر رہ گیا۔اور جس نے سر تسلیم خم کیا اور اسلام کی رنگ وزبان سے
بالاترقومیت میں برابری کے حصے کے ساتھ شریک ہو گیا۔
یہی وہ صلح حدیبیہ ہے جسے عہدِ نبوی کی سیاست خارجہ کا شاہ کار کہنا بے
جانہ ہو گا۔ |