امریکا کی پاکستان کو فوجی امداد اور بھارت کا شور پاکستان ناکام ریاست ہے

بھارت کا شور امریکا اور دنیا خبردار رہے...! پاکستان ایک ناکام ریاست ہے....؟
بھارتیوں کا خوف پاکستان امریکی فوجی امداد بھارت پر استعمال کرسکتا ہے

بھارت کی نظر میں پاکستان کی کیا حیثیت ہے ....؟یہ بات اَب شائد کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے کہ بھارت پاکستان کو کس نظر سے دیکھتا ہے اور وہ پاکستان کو ساری دنیا میں اپنی اِسی نظر سے دیکھانے کا بھی خواب دیکھ رہا ہے اور وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ دنیا بس یہ جان جائے کہ پاکستان ایک ناکام ریاست ہے جہاں صرف دہشت گرد ہی پیدا ہوتے ہیں اور یہ بھی باور کرنا چاہتا ہے کہ پاکستان ہی سے ساری دنیا میں پھیلے ہوئے دہشت گردوں کو کنٹرول بھی کیا جاتا ہے جبکہ اِن تمام بھارتی سازشوں کے باجود بھی دنیا یہ بات اچھی طرح سے سمجھتی ہے کہ پاکستان کے خلاف پھیلائے جانے والے اِس منفی اور من گھڑت پروپیگنڈے کے پیچھے بھارت کے اپنے کیاعزائم پوشیدہ ہیں اِن سے بھی دنیا اچھی طرح سے خوب واقف ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف اپنے منفی اور من گھڑت پروپیگنڈوں کے حوالے سے خطے میں صرف اپنی ہی چوہدراہٹ قائم کرنے کا موقع تلاش کررہا ہے۔ جس کے لئے یہ لاکھ جتن کرنے کے باوجود بھی اَب تک کامیاب نہیں ہوسکا ہے اور شائد کبھی ہو بھی نہ سکے کیونکہ بھارتی جھوٹ اور فریب سے اَب دنیا اچھی طرح سے واقف ہوچکی ہے۔ بھارت ایک جھوٹا اور مکاری اور عیار ملک ہے جو پاکستان سے دشمنی میں اندھا ہوچکا ہے۔ اور اِس کے ساتھ ہی دنیا یہ بھی جانتی ہے کہ شائد بھارت یہ بھول چکا ہے کہ بھارت کے خود اپنے یہاں علیحدگی پسند اور انتہا پسند ہندو گروپس سمیت دہشت گرد کی کتنی تنظیمیں عرصہ دراز سے بھارت میں متحرک اور سرگرم رہ کر اپنا اپنا فعل کردار ادا کر رہی ہیں کہ اِن قتل وغارت گری کرنے والی تنظمیوں کی اتنی لمبی فہرسرت بھارت میں موجود ہے کہ آج بھی اِس فہرسرت کو دیکھ کر بھارتی حکمران چکرا کر اور اپنا سر تھام کر رہ جاتے ہیں کہ اِن دہشت گرد تنظیموں سے کون پنگا لے گا اور کون اِنہیں نکیل ڈالے گا بس جیسے تیسے حکومت چلتی ہے چلائے جاؤ اور اپنا وقت پورا کر کے کھسک جاؤ بس اِسی میں ہی عافیت ہے اور اگر اِن دہشت گردوں کے بِل میں ہاتھ دے دیا تو اپنی جان سے بھی جائیں گے۔

اور اِسی طرح جب ملک (بھارت) کے کسی بھی کونے یا ریاست میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ رونما ہو جاتا ہے تو اِس کا الزام بھارتی حکمران آسانی سے پاکستان کے سر دے مارتے ہیں اور اپنے یہاں پلنے پھولنے والی کسی بھی قتل وغارت گری کرنے والی تنظیم کا نام تک نہیں لیتے ....اور یوں بھارتی حکمران یہ بات اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ اِن کے ملک بھارت میں جب بھی کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے( بشمول سانحہ ممبئی ہی کیوں نہ ہو)اِس میں پاکستانی نہیں بلکہ اِن کے اپنے ہی ملک کا کوئی علیحدگی پسند، انتہا پسند گروپ یا کوئی نہ کوئی دہشت گرد تنظیم ہی ملوث ہوتی ہے۔ مگر پھر بھی یہ بھارتی حکمران ہیں کہ یہ اپنی اِس نااہلی اور ناکامی کا ساراملبہ یہ کہہ کر پاکستان کے سر دے مارتے ہیں کہ اِن کے یہاں جو بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے اِس میں سرحد پار سے پاکستان کے تربیت یافتہ دہشت گرد ملوث ہوتے ہیں اور پھر یوں بھارت پاکستان کے خلاف دنیا بھر میں اپنی منفی اور بے معنی پروپیگنڈہ مہم شروع کر کے دنیا بھر سے اپنے لئے ہمدردیاں سمیٹتا پھرتا ہے۔ حالانکہ اِس کے یہاں جو کچھ بھی ہوتا ہے اِس میں اِس کے اپنے ہی ملک کے دہشت گرد ملوث ہوتے ہیں۔

اگرچہ گزشتہ ماہ ِمارچ کے آخری عشرے کی 24 تاریخ کو امریکا میں ہونے والے دو روزہ پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات کے مثبت نتائج ابھی پاکستان کی جھولی میں پڑنے بھی نہ پائے تھے کہ اِن مذاکرات سے خائف اور خوفزدہ بھارتی حکمران، سیاستدان۔ میڈیا اور عوام سب نے ہی مل کر ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر اپنے اپنے تئیں باقاعدہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اِن پاک امریکا مذاکرات کے تناظر میں من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کا ایک ایسا گرم بازار لگایا ہے کہ جو صرف بھارت ہی میں نہیں بلکہ ساری دنیا میں بھی بڑی سج دہج سے لگایا جا رہا ہے اور اِن پاک امریکا مذاکرات کے خلاف خاص طور پر اِس کے بدلے میں امریکا کی جانب سے پاکستان کو امریکی فوجی امداد دیئے جانے کو بیس بناتے ہوئے بھارتیوں نے پاکستان کی نیک نیتی کو جارحانہ عزائم کا رنگ دے کر پیش کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔

اور آج اِس حوالے سے یہ بھارتی حکمران، سیاستدان، میڈیا اور عوام خود کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ مظلوم اور کمزور ثابت کرنے کے لئے ایسے ایسے حربے بھی استعمال کرنے سے گریز نہیں کر رہے ہیں کہ جس سے اِن کی مکاری اور عیاری کے باعث اِن کی اِس معصومیت کا لبادہ بھی دنیا کے سامنے کھل کر آنا شروع ہوگیا ہے کہ جو بھارت نے اپنے چہرے پر چڑھا رکھا ہے اور اپنی اِسی دھوکہ باز مکاری اور معصومیت کی وجہ سے بھارت نے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بگاڑنے کا ایک انوکھا رنگ ڈھنگ اپنا رکھا ہے جبکہ اِس بات سے دنیا اچھی طرح سے بھی واقف ہے کہ کہاں.... بھارت جیسا ایک ارب کی آبادی والا بڑا ملک....؟ اور کہاں دوسری طرف صرف ساڑھے سولہ کروڑ کی آبادی والا پاکستان ہے .....؟جو بھلا بھارت کا مقابلہ کسی بھی حوالے سے نہیں کرسکتا ہے....؟ مگر پھر بھی یہ بھارت ہے کہ جو پاکستان سے ہمیشہ ڈرا سہما اور خوفزدہ ہی رہتا ہے اور یہ وقفے وقفے سے پاکستان میں ہونے والے ایٹمی تجربات کے حوالے سے پاکستان کو کچوکے بھی مارتا رہتا ہے کہ پاکستان کا یہ تجربہ بھارت کے خلاف ہے اور یہ کہ پاکستان بیرونی دنیا سے جو بھی ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کر رہا ہے وہ کبھی نہ کبھی بھارت کے خلاف ضرور استعمال کر کے ہی رہے گا ....؟

اور یوں ہمیشہ پاکستان کے خلاف ایسے بہت سے خدشات اور اندیشوں کا اظہار کر کے بھارت جیسا عیار اور مکار ملک اپنے حق میں عالمی رائے عامہ ہموار کرتا رہتا ہے اور اِس صورت ِ حال میں کہ بھارت جو پاکستان کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ آبادی اور وسائل رکھنے والا ملک ہے اپنے سے کئی گنا کم آبادی والے ملک پاکستان سے اِس کی ترقی اور خوشحالی سے اتنا خوفزدہ کیوں رہتا ہے...؟

اگرچہ اِس کی بھی اپنی جگہ ایک اٹل حقیقت ہے اور وہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت دنیا کو اپنے اِس روپ سے چکما دے کر دنیا سے بہت سے فائدے اٹھا رہا ہے پاکستان کا ہتھیار جمع کرنا بھارت کے لئے خطرے کا باعث ہے مگر اِس سے بے خبر کہ بھارت کے اِس فریب سے دنیا میں بھارت کی موجودہ پوزیشن کتنی خراب ہو رہی ہے ...؟اِس کا اندازہ بھارت کو خود بھی نہیں ہے۔

اور یہ بھارت ہے کہ بس اپنی اِس ہی ڈگر پر چلا جا رہا ہے اور پاکستان کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈوں سے اپنے لئے ہمدردیاں تو سمیٹ رہا ہے مگر اُدھر ہی دنیا یہ بھی جاننے کے لئے بیتاب ہے کہ بھارت نے اپنی مظلومیت کا یہ ڈھنگ کس سے سیکھا ہے کہ لگتا ہی نہیں ہے کہ یہ اپنی مظلومیت ظاہر کر کے کیا واقعی مظلوم ہے ....؟یا محض پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے یہ ڈرامہ رچا رہا ہے .... ؟ا ور دنیا کو بے وقوف بنا رہاہے؟ کہ یہ گمان ہی نہیں ہونے دیتا کہ بھارت اپنے اِس ڈرامے سے اپنے لئے کیا کیا فوائد حاصل کر لے گا.....؟

اِس منظر اور پس منظر میں یہ گمان سو فیصد غالب آتا ہے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے اپنے تئیں وہ کچھ بھی کر گزرنے سے دریغ نہیں کرتا کہ جس سے بھلے اِس کی جگ ہنسائی کیوں نہ ہو رہی ہو مگر وہ دنیا کی لاکھ تنقیدوں کے باوجود بھی اپنے اِس نظریے سے کبھی نہیں پھرا ہے اور اُلٹا بھارت اِس پر ڈٹ کر پاکستان کے خلاف دنیا کے ہر شعبہ ہائے زندگی میں ایک مضبوط حیثیت سے سامنے آتا رہا ہے .....جس کا مقصد صرف پاکستان کو ساری دنیامیں بدنام کرنا ہے اور بس.....

اگرچہ اِن دنوں بھارت پاک امریکا مذاکرات کے تناظر میں سب سے بڑا مخالف بن کر سامنے آچکا ہے اور اِن پاک امریکا مذاکرات کو اپنے منفی اور من گھڑت پروپیگنڈوں سے بے نتیجہ بنانے کے لئے بھی بھارت نے اپنے سر دھڑ کی بازی لگا رکھی ہے اور اِس کے ساتھ ساتھ بھارت پاک امریکا مذاکرات کی ساری دنیا میں پرزور انداز سے مخالفت کرتے ہوئے یہ خدشہ ظاہر کر رہا ہے پاکستان کو مستقبل میں امریکا سے ملنے والی فوجی امداد اِس کے خلاف بھی استعمال ہوسکتی ہے اِس حوالے سے بھارت کے اخبارات جن میں ہندوستان ٹائمز سمیت بھارتی ذرائع ابلاغ بھی شامل ہیں اِن کے مطابق بھارت نے امریکا پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد کی نگرانی کرنے کے لئے ایک ایسا میکانزم بنائے کہ پاکستان امریکی آلات بھارت کے خلاف استعمال نہ کرسکے اور اپنے اِن ہی خدشات کو بھارت کے دنیا بھر میں سفارتی سطح پر بھی اٹھانا شروع کردیا ہے جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اپنے اِس پروپیگنڈے سے پاک امریکا مذاکرات کے نتیجے پاکستان کو ملنے والی امریکی فوجی امداد کو کسی بھی طرح سے رکوانا چاہتا ہے۔

اور اُدھر ہی بھارت نے پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات کو ناکام ثابت کرنے کے لئے یہ بھی کہنا شروع کردیا ہے کہ بھارت کا اپنا ایک واضح مؤقف یہ ہے کہ پاکستان اور امریکا کے اسٹرٹیجک مذاکرات اور تعلقات حقیقی نہیں بلکہ محض ضرورت کا تقاضا ہیں اور اِس کے علاوہ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دہلی میں وزارتِ داخلہ نے اپنی سالانہ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا ڈھانچہ اَب بھی قائم ہے اور مقبوضہ کشمیر میں سرحد پار دراندازی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جب بھارت کو اِن الزامات سے بھی کوئی تسکین نہ ملی تو نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کشمیر پر قابض رہنے اور معصوم اور نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے والے بھارت نے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے اور اِسے ایک ناکام ریاست منوانے سے بھی دریغ نہ کیا اور بالآخر بھارتی وزیرداخلہ چدم برم نے یہ تک کہہ ڈالا کہ وہ کشمیر کے لئے آزادی سے کم کسی بھی چیز پر بات کرنے کو تیار ہے اور اِس کے ساتھ ہی اُنہوں نے اپنا سینہ ٹھونک بڑے پرعزم انداز سے یہ دعویٰ بھی (جو کہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے) کیا ہے کہ ایک عام کشمیری پاکستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتا کیونکہ پاکستان ایک ناکام ریاست ہے اور اِس کے ساتھ ساتھ ظالم بھارتی وزیر داخلہ نے یہ جھوٹ بھی اتنہائی اطمینان سے بولا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کو تربیت دے کر بھارت بھیج رہا ہے اور ملک میں ہندو مسلم فسادات پھیلانا چاہتا ہے علاوہ ازیں چنائے میں ایک ہجوم سے اُنہوں نے انتہائی مضحکہ خیز اور حیران کن اپنا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین بھارت کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں اِس لئے ہمیں(بھارت کو) اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا ناگزیر ہوگیا تھا۔

اِس سارے منظر اور پس منظر میں صرف یہ ہی کہا جاسکتا ہے کہ بھارت پاکستان کو کسی بھی حوالے سے مستحکم ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا اور جب اِسے کہیں سے بھی یہ پتہ چل جاتا ہے کہ پاکستان کے دن پھرنے والے ہیں تو وہ پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے سے ایک ناکام ریاست منوانے کی چیخ وپکار شروع کردیتاہے اور خود کو مظلوم اور کمزور ملک ظاہر کر کے دنیا کی توجہ اپنے اُوپر مرکوز کروا کر دنیا کی ساری ہمدردیاں اپنی جھولی میں بھرنا چاہتا ہے اور دنیا کی توجہ فلاحی کاموں کے حوالے سے پاکستان سے ہٹا دیتا ہے اور یوں پاکستان ہر بار اپنی انتہائی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے اپنے خلاف ہونے والے بھارتی پروپیگنڈوں کا منہ توڑ جواب نہیں دے پاتا اور پھر اِسی وجہ سے پاکستان کو اپنا بنتا بناتا کام بگاڑنا پڑ جاتا ہے۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 894086 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.