اسلامی نظریاتی کونسل اور چہرے کے پردے کا استحباب؟؟

مولانامحمدخان شیرانی نے کیاکہااوراس پراسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین بہ شمول محترمہ سمیعہ راحیل قاضی نے کس طرح ’’آمنّاوصدّقنا‘‘کی،اس کی تفصیلات اخبارات اورمیڈیاکے ذریعے سامنے آچکی ہیں،ان کادہراناکارے داردہوگا،ویسے بھی اس دورمیں امت مسلمہ وقت کی قلت کے مسئلے کاشکار ہے ۔میں اس وقت سے اب تک سوشل میڈیاپربڑی حسرت سے اہل علم کے دلائل کامنتظرہوں،مگرانھیں توحب ّ ِیزیداورفسقِ یزیدسے فرصت نہیں،وہ توسانہ کے گزرنے کے بعداب تک یہ لکیرہی پیٹ رہے ہیں کہ حضرت حسین ؓ اورخانوادۂ اہل ِ بیت کوکس نے شہیدکیااورکیوں؟حالاں کہ یہ تمام مباحث تاریخ کاکشادہ سینہ اپنے اندرمحفوظ کرچکاہے۔شیرانی صاحب اوراراکینِ اسلامی نظریاتی کونسل کایہ فیصلہ مستقبل میں بے پردگی کے جس سیلاب کاپیش خیمہ ثابت ہوسکتاہے،جانے کیوں اس جانب توجہ نہیں؟

کیااسلام آج کی کوئی چیزہے؟کیاپردے اورحجاب کاحکم کوئی دورِجدیدکے مسائل میں سے ہے،جسے حل کرنے کی اب ضرورت پیش آگئی ہے؟کیادورِنبوی ؐ میں حجاب کوآزادعورت کاشعارنہیں سمجھاجاسکتاتھا؟غزوہ خیبرسے واپسی پرمقام ِسرف میں حضرت صفیہ ؓ سے حضور ﷺکی شب باشی اورولیمے کے بعدصحابہ کرام ؓ نے یہ طے نہیں کرلیاتھاکہ اگرصفیہ ؓ کونبی ﷺنے پردہ کرالیاتوہم سمجھیں گے کہ وہ ام المؤمنین کے طورپرحرم نبوت میں داخل ہوئی ہیں،پردہ نہ کرایاتویہ اس بات کی علامت ہوگی کہ وہ باندی ہیں۔گویااس دورمیں بے پردہ آزادمسلمان عورت کاکوئی تصورہی نہیں پایاجاتاتھا۔سورہ نورمیں غضِّ بصرکاحکم ماناکہ مردوعورت دونوں کوہے،مگرنگاہ نیچی کرنے کے حکم سے کیاسمجھ میں آتاہے؟کس چیزکے دیکھنے سے روکاجارہاہے؟لباس کو؟جوتوں کو؟یقیناًنہیں،بل کہ چہرے کو۔یہ چہرے کے پردے کاثبوت نہیں تواورکیاہے؟سورہ احزاب میں ازواج وبنات ِ نبی ﷺ سمیت نساء مؤمنین کواپنے اوپرجلباب ڈالنے کاحکم کس چیزکے پردے کی طرف راہ نمائی کرتاہے؟معلوم بھی ہے جلباب کیاہے؟حضرت ابن عباس ؓ،ابن عطیہ اندلسیؒ،ابن کثیرؓمتقدمین میں سے جس کی بھی دل کرے تفسیراٹھاکردیکھ لیں،وہ کیاکہتے ہیں؟یہی ناکہ جلباب ایک موٹی چادرہوتی ہے ،جسے خواتین گھرسے باہرنکلتے وقت اپنے اوپرڈال کراپنے پورے بدن کوڈھانپ لیاکرتی تھیں،قرآن نے اس رواج کوبرقراررکھنے کے ساتھ ساتھ مزیدیہ اضافہ بھی کیاکہ اسے اپنے چہروں پربھی ڈال لیاکریں،یہ نقاب نہیں تواورکیاہے؟اب بھی کئی خواتین بڑی چادرلیاکرتی ہیں۔
شیرانی صاحب!اگرچہرے اورہاتھوں کاپردہ نہیں توپھربتلائیے!پردہ کس بلاکانام ہے؟کیاان دواعضاکے علاوہ بھی جسم کے ظاہری اعضامیں کوئی ایساہے جسے دیکھ کرفسادکاخوف ہو؟جس کی وجہ سے ہیجانی جذبات بھڑکیں؟پیغام ِ نکاح دینے کے لیے چہرے کادیکھ لیناکافی کیوں قراردیاگیا؟اسی لیے ناکہ یہ پورے جسم کادیباچہ ہے۔افسوس !اس عمرمیں آپ سے ایساایمان سوزفیصلہ کرایاگیا۔پھرسمیعہ آنٹی کی خاموشی،اس کی وجہ وہی بہتربتاسکتی ہیں۔

شیرانی صاحب!سورہ ٔ نور،سورہ ٔ احزاب،قرونِ اولیٰ مشہودلہابالخیرکاعمل کیایہ شرعی دلائل نہیں،جوآپ نے فرمایا:اس کی کوئی مستحکم دلیل موجودنہیں ہے۔ماناکہ سورہ ٔ نورمیں ’’الّاماظہرمنھا‘‘سے چہرے اورہاتھ ہی مرادہیں،مگریہ استثناکیوں ہے؟کیاآپ نے مفسرین ِکرام سے اس کوسمجھنے کی زحمت کی؟نہیں۔۔۔۔پھرکسی نشست میں۔۔یارزندہ۔۔صحبت باقی!!!

M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 283234 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More