عید میلاد پاک کے بارے میں
(Gulam Mustafa Razvi, India)
محمد میاں مالیگ [لندن]
قرآن پاک میں چوں کہ اﷲ تعالیٰ کا امر ہے کہ (۱) (مفہوم) اے پیارے ! تبلیغ
کرو (۶۷:۵) (۲) (مفہوم) جہاد کرو (۷۳:۹) (۳) (مفہوم) امر بالمعروف اور نہی
عن المنکر کرو (۱۹۹:۷) (۴) (مفہوم) نیکی کے کاموں میں مدد اور برائی کے
کاموں میں عدم تعاون کرو (۲:۵) اسلئے آج سے کچھ عرصہ پہلے تک ایک بھی عقل
مند اور حقیقت پسند مسلمان یہ کٹ حجتی کرتا نظر نہیں آتا کہ حضرات خلفائے
راشدین ، صحابۂ کرام ، تابعین اور تبع تابعین عظام علیھم الرضوان نے صحاح
ستہ کے مطابق چونکہ اُردو، انگلش، گجراتی یا پنجابی میں تبلیغ نہیں فرمائی
……یا……جہاد شریف ٹینکوں، میزائیلوں، سب مرینوں اور لڑاکا طیاروں کے ذریعے
نہیں فرمایا……یا……لاوڈاسپیکر، ریڈیو، ٹیلی ویزن، ٹیلیفون کے سہارے امر
بالمعروف اور نہی عن المنکر نہیں کیا لہٰذا آج موجودہ دور میں جتنے بھی
مسلمان تبلیغ دین، جہاد فی سبیل اﷲ اور خیر و بھلائی کے دوسرے میدانوں میں
ان زبانوں اور ان اسباب و ذرائع کا استعمال کررہے ہیں وہ سب کے سب بدعتی
ہیں اور جہنمی بھی۔ لیکن کتنے افسوس اور کتنے دکھ کی بات ہے کہ موجودہ
زمانے میں ہم میں بہت سے بھائی اور دوست ایسے بھی پائے جاتے ہیں جو اﷲ کی
سب سے بڑی نعمت اور سب سے عظیم رحمت سیدنا محمد رسول اﷲ ارواحنا فداہ صلی
اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے یافت کے دن ……عید میلاد پاک…… کے نام سے مسلمان
بھائی بہنوں کوایک جگہ جمع کرکے ……اچھے اچھے کھانے پکاکر ان کی تواضع کرکے
…… قرآن و احادیث کی تعلیمات سے روشناس کرانے کے ……امرمسنون ……کو ……بدعت
اور جہنمی کام قرار دینے پر مصر اور بضد ہیں۔ حالانکہ قرآن پاک میں اﷲ
تعالیٰ نے نعمتوں کے حصول پر فرحت و انبساط کے اظہار (۵۸:۱۰) نعمتوں کے
تذکرے (۱۱:۹۳) اور اﷲ کے دنوں کا ذکرکرتے رہنے (۵۸:۱۴) کانہایت ہی واضح اور
غیر مبہم الفاظ میں امر فرمایا ہے۔ پھر ایسا بھی نہیں ہے کہ صحاح ستہ میں
عید میلاد پاک کا ثبوت نہ ہونے کے سبب اسے …… بدعت اور جہنمی…… کام قرار
دینے والے بھائی بہنوں کی زندگی ……سرتاپا……صحاح ستہ…… کے مطابق ہی صد فی صد
بسر ہورہی ہے بلکہ سیکڑوں ہزار ایسے اعمال اور ایسے افعال ان سے رات دن
سرزد ہوتے رہتے ہیں جن کا …… صحاح ستہ …… میں دور دور تک نام و نشان نہیں
موجود۔ مثال کے طور پر انڈیا پاکستان اور بنگلہ دیش کی ہزاروں آنکھوں کے
سامنے تیس چالیس برس سے یہ لوگ نہایت ہی بے باکی سے سترھویں سیرت کانفرنس،
تیسری دعوت کانفرنس، چوبیسویں ختم نبوت کانفرنس اور آٹھویں توحید و سنت
کانفرنس منعقد کررہے ہیں۔ اس لئے سوال کیا جاسکتا ہے کہ صحاح ستہ میں ……
کانفرنس …… کا لفظ موجود نہ ہونے کے باوجود اس کے حاملین اور عاملین بھی
جہنمی دوزخی اور ناری کیوں نہیں؟…… بلکہ ہم تو یہ کہتے ہیں کہ اگر بھائی
ادریس،فضل الرحمن صدیقی ، صفدر حسین، محمد منشاء ، ضیاء المحسن طیب اور ۴؍نومبر
کے جنگ والے بھائی عبدالرشید اولڈہم حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے زمانے سے لے
کر آج تک ہونے والے مسلمانوں میں سے ایک اور ……صرف ایک …… مسلمان ہی ایسا
پیش کردیں جن کے خلاف ہم یہ ثبوت نہ پیش کرسکیں کہ ان کا فلاں اور فلاں کام
صحاح ستہ کے خلاف ہے تو ہم جنگ کے ذریعے اعلان کردیں گے کہ واقعی عید میلاد
پاک بدعت اور جہنمی کام ہے خواہ ہمارے باپ اور ہماری ماؤں کی روحیں ہم سے
راضی رہیں یا ناراض۔ دیکھئے ! کہ ہم بدعتی اور جہنمی کتنی ارزاں اور کتنی
سستی قیمت پر …… عید میلاد شریف …… کو …… بدعت اور جہنمی کام …… تسلیم کرنے
کا جنگ لندن میں اعلان شائع کروانے کا وعدہ کررہے ہیں۔ اے کاش !!! کوئی
توسچا مونس اور سچا ہمدرد ہمارے اس معمولی سے مطالبے کو پورا فرماکر جہنم
کے دائمی عذاب سے ہمیں بچانے کیلئے آگے آتا ۔ورنہ ہم کہہ سکیں گے کہ
گفتگو ہو کہ تحریر اہل نظر
بات جب ہے کہ چٹکی ہی ایک آدھ لیں
ہاں ! اگر گفتگو کی اجازت نہ ہو
سادھوؤں کی طرح آپ دم سادھ لیں
|
|