قبضہ اور قبضہ گروپ
(Sarwar Sidduiqi, Lahore)
پریشان ہونا یقینی بات ہے جب اپنا تحریر
کردہ کالم کسی اور کے نام پر چھپاہوا دیکھتاہوں دل سے یہی نکلتاہے
عد م ہم بے سہاروں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے ۔۔۔ یار اتنی دیدہ دلیری تہ چور ،ڈاکو
بدمعاش بھی نہیں کرتے ہوں گے حالانکہ سجادحیدر یلدرم نے توکہا تھا مجھے
میرے دوستوں سے بچاؤ جن کی وقت بے وقت کی ملاقاتوں سے ایک نستعلیق سے ادیب
کا جینا حرام ہوگیاتھالیکن کوئی مشورہ دے سکتاہے ہم کیا کریں۔۔۔کوئی تدبیر
سوجھتی ہے نہ کوئی طریقہ ہی ذہن میں آرہاہے۔۔۔دراصل ہم ان دنوں پریشان اس
لئے ہیں کالم چوروں نے ہمیں اپنا ہدف بنا رکھاہے۔لاہور ،اسلام آباد ،ایبٹ
آباد،پشاور اورفیصل آبادکے کتنے ہی روزنامے ہیں جن میں ہمارے کالم دوسروں
کے نام سے بڑے دھڑلے سے چھپ رہے ہیں اور مزے کی بات ہے کہ ہم ان سرقہ کرنے
والوں کا کچھ بھی بگاڑ سکتے۔۔۔ہمارے کئی کرم فرما فون کرتے ہیں کہ فلاں
اخبار میں کالم آپ کے لوگو کے ساتھ چھپاہے لیکن وہی کالم ایک اور اخبارمیں
اگلے چند روز بعد کسی اور کے نام سے چھپ گیا ۔۔۔یہ کیا چکرہے؟ اب ہم کیا
بتائیں کہ ہم تو کافی مہینوں سے پریشان ہیں بلکہ اپنے کالم کسی اور کے نام
پرچھپنے پر ہمیں چکر پہ چکر آتے رہتے ہیں اور ہم فریادکرتے ہیں -
الہی یہ ماجرا کیا ہے؟ ۔۔۔۔ویسے یہ کالم چور ہیں بڑے ’’بھولے‘‘یا پھر حد
درجہ‘‘ ایماندار‘‘۔۔۔ سیم ٹو سیم وہی الفاظ ۔۔وہی ترتیب۔۔۔حتیٰ کہ عنوان
بھی وہی۔۔کیا مجال ایک لفظ بھی اِدھر ادھر ہوجائے یا شاید پھروہ نقل کیلئے
عقل کا استعمال کرنے کے بھی قائل نہیں۔۔۔ایک مرتبہ ’’ یادوں کی برات‘‘ والے
جوش ملیح آبادی کسی مشاعرے میں شریک تھے ان کی موجودگی میں ایک غیرمعروف
شاعرنے ان کی ایک نظم بڑی ٹھاٹھ سے سناڈالی جس پر داد تو بہت ملی لیکن جوش
ملیح آبادی کو بہت غصہ آیا۔۔۔انہوں نے شاعرکے قریب جاکر پوچھا کیوں میاں
صاحبزادے ے کیا حرکت کی؟
کون سی کیسی حرکت؟شاعرنے بھولے پن سے جواب دیا۔۔۔کمال ہے جوش ملیح آبادی نے
کہا میری نظم میرے ہی سامنے پڑھ ڈالی اور کہتے ہو کون سی حرکت؟
دیکھئے۔۔ غیرمعروف شاعرنے کہا۔۔۔ہو سکتاہے آپ کے اور میرے خیالات ٹکرا گئے
ہوں -
دیکھ بے ۔۔۔جوش ملیح آبادی نے اس کا شانہ جھنجھوڑتے ہوئے کہا کبھی جہاز اور
سائیکل کی بھی ٹکر ہوئی ہے۔۔ خیریہ تو شاعر ِ انقلاب تھے۔۔یقینا ہماری طرح
کئی کالم نگار۔۔ایسے سرقہ کرنے والوں سے تنگ ہوں گے اس لئے کالمسٹ ایسوسی
ایشن کو اس بارے کوئی لائحہ ٔ عمل تیارکرنا چاہیے کیونکہ ہم تو ان سرقہ
کرنے والوں کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔۔اسی حسب ِ حال کا ایک پنجابی شعر
ذہن میں آرہاہے
منگویں دیوے روشن کرکے اوہ ذہناں دیاں قبراں تے
شاعر نئیں پر شاعر بن کے پھردے روز ادیباں نال
ویسے یہ کتنی عجیب بات لگتی ہے کسی کی محنت کوئی دوسرا ہتھیا لے اور حقدار
منہ دیکھتا رہ جائے شاید اسے چوری اور سینہ زوری کہا جا سکتاہے چوری کالم
کی ہو،مال اسباب کی پاپھر نوٹوں یا ووٹوں کی چوری ہی کہلائے گی یہ جو آج کل
دھرنے دئیے جارہے ہیں،جلسے جلوس نکالے جارہے ہیں اس کے پیچھے بھی چوری
کارفرماہے عمران خان کا کہناہے کہ موجودہ حکمرانوں نے دھاندلی کرکے الیکشن
چرایاہے ہم اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔۔۔عمران خان اوران کے ساتھی تو
مسلسل دو ماہ سے روزانہ دھرنا دئیے جارہے ہیں ا ور ہم کالم چراکر اپنے نام
پر چھپوانے والوں کی اس قبیح حرکت پررولاہی ڈال سکتے ہیں دھرنا دینے کی سکت
ہم میں نہیں کہ پہلے دھرنا دینے کا خیال ہی آیا تھا لیکن کسی سیانے نے
سمجھایا کہ اگر عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی دھرنوں کی طرح یہ دھرنا
پھیلتاہی گیا تو پھر کیا کروگے؟ ہم ڈر گئے کہ کہیں دھرنا گلے ہی نہ پڑ
جائے۔۔۔اورپھر خوفزدہ ہوکر ایسا کرنے کا ارادہ ترک کردیا ایک بارہم نے کالم
چوروں کی گوشمالی کیلئے ان کی تصویروں پر نظر دوڑائی یقین جانئے انہوں نے
ایسے ایسے اندازسے پوزبنائے ہوئے تھے جیسے وہ سقراط، بقراط یا ارسطو کے ہم
پلہ ہوں یا پھر علامہ اقبالؒ نے ان سے انداز مستعار لے رکھا ہو نام بھی
ایسے فصیح، بلیغ اورنادر کہ جیسے دستار ِ فضیلت کے حقدارہوں پھر دل نے کہا
دوسروں کا حق مارنے والے اتنی عزت کے حقدارتو نہیں ہوسکتے ان کو تو ناک
ڈبونے کیلئے چلو بھر پانی ہی کافی ہوتاہے۔۔۔جیسے ایک سیاستدان نے کہا تھا
ڈگری ۔۔ ڈگری ہوتی ہے اصلی یا نقلی کیافرق پڑتاہے لگتاہے کالم چوروں کا بھی
یہی مسلک ہے۔۔۔خیر یہ تو ہمارا اپنا رونا تھا جب تک لکھنے لکھانے کا شوق ہے
ان سرقہ کرنے والوں سے پالا تو پڑتے رہنا یقینی ہے لیکن اس خوف سے اپنا مشن
ترک کرنا کوئی دانشمندی نہیں ان چوروں پر چارحرف بھیج کر لکھتے رہنا چاہیے
صبح لکھنا ۔۔۔شام لکھنا۔۔۔ عمر اپنی تمام لکھنا۔۔۔کہ یہی زندگی کی علامت ہے
اورسرقہ کرنے والے بے علامت لوگ جو ساری زندگی نقل مارنے کے باوجود اپنی
ذات میں صلاحیت پیداکرنے سے قاصررہتے ہیں کیونکہ کاغذکے پھولوں سے خوشبو کی
خواہش رکھنے والوں کا یہی حشرہوتاہے اور یہی انجام۔۔۔وقتی طورپر تو ان کی
واہ واہ ہوسکتی ہے لیکن جب حقیقت عالم پر کھلتی ہے تووہ دلوں سے اتر جاتے
ہیں اور قارئین ایک دوسرے کو Messagکرکے کہتے ہیں فلاں کو نہ پڑھو
۔۔۔اعتبارمت کرنا یہ تو کالم چورہے۔۔اگرکسی محفل میں یہی بات کوئی منہ
پرکردے تو کیاحالت ہوگی۔۔کیا درگت بنے گی ۔۔کبھی سوچاہے سرقہ کرنے
والو۔۔۔سجادحیدر یلدرم نے توکہا تھا مجھے میرے دوستوں سے بچاؤ ہم کہتے ہیں
ان نقلچو چوروں سے بچاؤ جو ہماری’’ کمائی‘‘پر قبضہ کررہے ہیں قبضہ گروپ
کہیں کے۔۔۔کہتے ہیں گرمیوں میں چیزیں پھیلتی ہیں اور سردیوں میں سکڑ جاتی
ہیں شاید اسی بناء پر آج کل دھرنے سکڑ سکڑ سے گئے ہیں جبکہ عمران خان اور
ڈاکٹرطاہرالقادری کی دھواں دھار تقریروں نے سیاسی ماحول گرمادیاہے شاید اسی
لئے بڑے بھرپور جلسے ہورہے ہیں نئے نئے نعرے ایجاد کئے جارہے ہیں۔۔۔نغمے
گائے جارہے ہیں شرکاء رنگ برنگے لباس زیب ِ تن کرکے شریک ہوتے ہیں تو جیسے
بہار کا گماں ہونے لگتاہے عمران خان مبینہ طورپرالیکشن چرانے والوں کے خلاف
سراپااحتجاج بنے ہوئے ہیں میاں نوازشریف کا کہناہے ہم نے ووٹ نہیں چرائے
قوم نے ہمیں ہیوی مینڈیٹ دیاہے یہ سیاسی معاملات اپنی جگہ پر ہمیں اس سے
کیا لینا دینا سیاست ۔۔۔تو سیاستدانوں کا کام ہے برسرِ اقتدار ہر سیاستدان
ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت کے لئے سیاست میں آتاہے مخالفین جیلس ہوکر الزامات
لگاتے رہتے ہیں بے صبرے! 5سال آرام سکون سے عوام کی خدمت بھی نہیں کرنے
دیتے ۔۔۔لیکن ہم کیا کریں اگر کالم چرانے والے یہ کہنا شروع کردیں ہم نے
سرقہ نہیں کیا کالم اچھا لگا دل نے ہیوی مینڈیٹ دیدیاہم نے اپنے نام کے
ساتھ چھپوالیا۔۔۔ایویں رولاکیوں ڈالاہواہے؟۔۔۔شورکس بات کا؟تم اور کالم لکھ
لو ہم نے تمہیں کیا روک رکھاہے کالم ہی اپنے نام چھپوایاہے کوئی نوٹ تونہیں
چھینے ۔۔۔کوئی ووٹ تو نہیں چھینے ۔۔جو عمران خان کی طرح تلملاتے پھرتے
ہوسرور صدیقی ! تم کالم نگار نہیں سیاستدان لگتے ہویہ کالم نگاری چھوڑو اور
سیاست کرو ۔۔۔سیاست یاپھر اسلام آباد میں ڈاکٹرطاہرالقادری یا عمران کہیں
دھرنا دیں تو وہاں چلے جانا اور حلق پھاڑکر نعرہ کہنا۔۔انقلابیو!تمہیں ایک
اور ساتھی مبارک ہو۔۔۔ |
|