تذکرہ ایک انگوٹھی کا ۔!

انسان بننا دُنیا کا سب سے مشکل کا م ہے۔کہتے ہیں کہ جب گھر والے آپ کو مولوی بنانا چاہیں اورآپ سلمان خان بننا چاہتے ہوں تو آپ عامر لیاقت حسین بن جاتے ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ جب گھروالے آپ کو انسان بنانا چاہیں اور آپ شاہ رخ خان بننا چاہتے ہوں تو آپ سحر لودھی بن جاتے ہیں۔۔۔۔۔۔مرد ہمیشہ آگے دیکھتا ہے وہ شادی کرتا ہے تو اگلی شادی کا سوچتا ہے۔ بعض لوگ بیوی کو ٹینشن سمجھتے ہیں اور ٹینشن جتنی کم ہو اتنا ہی اچھا ہے۔اس کے باوجود حصول ٹینشن کی کوشش اکثر جاری رہتی ہے۔مرد ٹینشن بدل بدل کر زندگی گزارنےچاہتے ہیں۔

عمران خان کے ہاتھ میں پہنی ہوئی انگوٹھی

"کھول آنکھ زمیں دیکھ فلک دیکھ فضاء دیکھ
مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کوذرا دیکھ"
علامہ اقبال کایہ شعر کلاس میں سنُا کر استاد نےپوچھا کہ اس سے شاعرکی مراد کیا ہے ۔؟
شاگرد: علامہ اقبال انتہائی مشکل الفاظ میں کہہ رہے ہیں۔’’گڈ مارننگ‘‘

شاگرد کی سوچ کے مطابق شعر کی تشریح گڈ مارننگ ہی بنتی ہوگی۔ممکن ہے شاگر د ا پنا مافی الضمیر پیش کرنے کی صلاحیت نہ رکھتا ہو۔شرم وحیانے زبان کو بیڑی پہنا رکھی ہولیکن میں اکثر سوچتا ہوں کہ صرف 70 گرام وزنی یہ انگ اتنا بھاری کیسےہو جاتا ہےکہ اظہارِ جذبات کی بھی ہمت نہیں بندھتی۔زبان اٹھانی مشکل ہو جاتی ہے۔زندگی میں اگر یہ فلسفہ سمجھ آگیا تومیری اگلی تحقیق آنکھ پر ہو گی کیونکہ آنکھ اٹھانے کی ہمت بھی اکثر نہیں ہوتی۔زندگی ایسے لمحات سے بھری پڑی ہے جب ’’بات کرنی مجھے مشکل کبھی ایسی تو نہ تھی۔‘‘ جیسے اشعار یاد آتے ہیں۔ دلِ مُضطر کی حالت تب کراچی والی ہوتی ہے۔بے قرار کراچی جو ہمیشہ جلتا رہتا ہے۔جذبات کھولتے پانی کی طرح اُبلتے رہ جاتے ہیں۔ دن بھر چبر چبر کرنے کے باوجود الفاظ گونگے ہو جاتے ہیں۔ منہ سے صرف’’گڈمارننگ ‘‘ ہی نکل پاتا ہے۔

پرانی فلموں میں ماں جب بھی بیٹی کو بتاتی کہ لڑکے والے آ رہے ہیں تو وہ شرما کر بھاگ جاتی۔ ہیرو جب کبھی ہیروئن سےاظہارِعشق کرتا تو وہ ڈوپٹے کا پلومروڑنے لگتی اور اتنا مروڑتی کہ دیکھ کر مروڑ اٹھنے لگتے۔میرا عشق بھی کچھ مروڑی سا تھا۔زبان پہلے ہی بیڑی سے بندھی تھی۔پھر شادی ہو گئی توبالکل ہی ’’گُڈمارننگ ‘‘ ہو گیا ۔آج کل میرا مطالبہ ہےکہ ’’ شوہروں کو گھروں میں بولنے کا موقع ملنا چاہیے‘‘۔تاکہ بات گُڈ مارننگ سے آگے بڑھے اوربیوی میں سے رضیہ سلطانہ کی روح کا اخراج ہو جائے ۔ ایک خوفزدہ شوہر سے بیوی نےپوچھا:میں آپ کو چکن بنا دوں۔؟
شوہر: نہیں میں انسان ہی ٹھیک ہوں۔

انسان بننا دُنیا کا سب سے مشکل کا م ہے۔کہتے ہیں کہ جب گھر والے آپ کو مولوی بنانا چاہیں اورآپ سلمان خان بننا چاہتے ہوں تو آپ عامر لیاقت حسین بن جاتے ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ جب گھروالے آپ کو انسان بنانا چاہیں اور آپ شاہ رخ خان بننا چاہتے ہوں تو آپ سحر لودھی بن جاتے ہیں۔پھر بات گڈ مارننگ سے مارننگ شو تک بڑھ جاتی ہے۔ہم ایسے معاشرے کے باسی ہیں جہاں ٹی وی کمرشلز میں ڈائپر بیچنے کی آڑ میں چائے بیچی جاتی ہے اور گدھا دکھا کر موبائل سِم بکتی ہے۔ موبائل کمپنی کی خاتون ملازمہ کی شادی ہوگئی۔شوہر کمرے میں آیا تو
دلہن بولی:حجلہ عروسی کے مینو میں خوش آمدید۔گھونگٹ کے لئے1 دبائیں۔منہ دکھائی کے لئے 2 دبائیں۔انگوٹھی کے لئے 3 دبائیں اورگفتگو کے لئے 4 دبائیں۔
شوہر :غصے سے ۔اور طلاق کے لیے ؟
بیوی :آپ کا بیلنس اس سہولت کے لیے ناکافی ہے۔۔۔۔۔

انگوٹھی کے لئے 3دبانے کا ذکر آیا تو مجھےتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان یاد آگئے ۔ حجلہ عروسی کے مینو میں وہ دوبار داخل ہوئے ۔ ان کے پاس بیلنس کافی تھا سو طلاق ہو گئی۔چند روز قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی ساری توجہ عمران خان کی انگلی میں پہنی ہوئی اس انگوٹھی پر مرکوز رہی جسے وہ مسلسل مروڑ رہے تھے۔آخرصحافیوں نے پوچھاہی لیا۔کیا تبدیلی آنے والی ہے۔؟ کپتان مسکرا ئے ، شرمائے اور بولے ’’ یہ وہ انگوٹھی نہیں جو آپ سمجھے رہے ہیں، اتنی جلدی ہیٹ ٹرک نہیں ہو سکتی ، آپ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں‘‘۔عمران خان کا موقف میں نے سُنا تو پورا لیکن سمجھ صرف گڈ مارننگ آیااورملکہ پکھراج کا گانا’’ابھی تو میں جوان ہوں‘‘ یاد آیا۔63 سالہ عمران خان 1995 میں پہلی بار اور 2015 میں دوسری بارحجلہ عروسی کے مینو میں داخل ہوئے اوربیلنس استعمال کر کے مینو سے باہر نکل آئے۔ ہمارے ہاں لاکھوں لوگ شادی کو۔ سلوربلکہ گولڈن جوبلی تک نبھاتے ہیں۔میرے نزدیک تو خوشگوار شادی کاراز صرف ’’ رن مریدی‘‘ہےلیکن گولڈن جوبلی والے ماہر شوہر کے پاس ایک راز ۔اور بھی تھا۔عمرانی ماہر ین نے اس رازداں شوہر کو لیکچردینے کے لئے یونیورسٹی بلایا۔تو سوال جواب شروع ہو گئے ۔
طالبعلم: انکل آپ کی کامیاب شادی کا رازکیا ہے۔؟
بوڑھا: بیوی کے ساتھ حسن سلوک کیا، اس پر رقم خرچ کی اور سب سے بڑھ کر میں شادی کی بیسویں سالگرہ پر اسے میکے لے گیا۔
طالبعلم :کمال ہے سر۔!اب گولڈن جوبلی پر اپنی بیوی کےلئے کیا کریں گے ۔؟
بوڑھا:میں اسے میکے سے واپس لینے جا رہا ہوں۔

کہتے ہیں کہ مردکبھی بوڑھا نہیں ہوتا ۔ جوان نظر آنے کی خواہش مردوں میں بچپن سےہی پیدا ہوجاتی ہے۔مرد ہمیشہ آگے دیکھتا ہے وہ شادی کرتا ہے تو اگلی شادی کا سوچتا ہے۔ بعض لوگ بیوی کو ٹینشن سمجھتے ہیں اور ٹینشن جتنی کم ہو اتنا ہی اچھا ہے۔اس کے باوجود حصول ٹینشن کی کوشش اکثر جاری رہتی ہے۔مرد ٹینشن بدل بدل کر زندگی گزارنےچاہتے ہیں۔پہلی شادی سلور جوبلی تک چلتی رہے تو میاں بیوی ہم شکل لگنے لگتے ہیں ۔ میاں کسی تقریب میں تنہا چلے جائے تو لوگ ہم شکل کا ضرور پوچھتے ہیں۔پشاور میں جماعت اسلامی کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 70 سالہ رنڈوے مانے خان تنہا گئے تو شادیاں دیکھ کر ہم شکل کی یاد آگئی۔ مانے ۔نے امیر جماعت اسلامی سےدوسری شادی کرانے کامطالبہ کیا تو سراج الحق نہیں مانے۔اوربولےاب 70 سال کی عمر میں آپ کی شادی کراؤں یا نوجوانوں کی۔

شادی زندگی میں تحریک انصاف کے نعرے جتنی تبدیلی لاتی ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق تو کہتے ہیں کہ عمران خان کو انگوٹھی پیر صاحب نے دی ہے۔یہ سچ ہے تو عمران خان پِیر۔ مرید ہو گئے ہیں۔انہوں نے کامیاب شادی کا پہلا راز (رن مریدی)۔دو بار گنوایا ہے ۔وہ تیسری بار دولہا بننا چاہتے ہیں لیکن ایک بار بھی مانے خان نہیں بنے۔ریہام خان کہتی ہیں کہ عمران ذرا بھی رومینٹک نہیں۔شادی کی انگوٹھی تک نہیں دی۔مجھ سے زیادہ کُتے کومحبت کرتے تھے۔عمران کو کریم ، شیمپو اور ڈیوڈرانٹ سےمیں نے متعارف کرایا ۔

شادی عمران کی ہے اور مروڑ لوگوں کو اٹھ رہے ہیں۔ وہ ٹکے ٹکے کی باتیں کرتے ہیں۔ معروف نجومی’ ماموں‘کہتے ہیں کہ عمران خان ستمبر کے بعد تیسری شادی کر سکتے ہیں البتہ ان کی عمر انگوٹھی والی شادی کی نہیں رہی۔ماہر علم الاعداد سامعہ خان نے بھی یہی کچھ کہا اور مشورہ دیا کہ جون تک عمران خان کو لڑکیوں سے دور رہنا چاہیے۔شادی سے دور رہنے کا مشورہ رانا ثنا اللہ نے بھی دیا لیکن شرمیلا فاروقی کہتی ہیں کہ عمران خان کی عمر اب اللہ اللہ کرنے کی ہے۔ایسی ٹکے ٹکے کی باتوں کا جوا ب میرے پاس تو نہیں البتہ میرے پاس کہنے کو ایک بات ہے اورگانے دو ہیں۔ پہلا گانا ملکہ پکھراج کا۔’’ہائے میری انگوٹھیاں‘‘اور دوسرا گانا الن فقیر کا ۔’’اللہ اللہ کر بھیا۔ اللہ ہی سے ڈر بھیا۔‘‘بات چھوٹی سی ہے۔ ’’گُڈ مارننگ ‘‘
ajmal malik
About the Author: ajmal malik Read More Articles by ajmal malik: 76 Articles with 104627 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.