قوم کے کرایہ دار بچے

گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں ڈیڑھ سال کی معصوم بچی خوراک و ادویات کی عدم دستیابی سے زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی کو تدفین کے لئے مقامی قبرستان لے جایاگیا۔ قبرستان انتظامیہ نے بچی کے والدین کا کرایہ دار ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے قبر کی جگہ دینے سے انکار کر دیا انتظامیہ کا کہنا تھا اب تک کوئی ایسی سہولت متعارف نہیں کرائی جاسکی جس سے قبر کے لئے کرایے پر جگہ دی جا سکے۔ بچی کے ورثاء اگلے روز بچی کا جسدِ خاکی لے کر مقامی D.C.O کے آفس پہنچ گئے چار گھنٹے سردی میں بیٹھ کر کسی جانب سے کوئی نوٹس نہ لیے جانے کے بعد مقامی ْصحافی دوست اکھٹے ہو کر باقاعدہ احتجاج کرنے لگے کچھ ہی دیر میں سٹیزن ویلفیئرسوسائٹی کے کارکن پہنچ گئے۔ جنہوں نے بچی کی تدفین کے انتظامات کیے۔ایسی ہی صورتِ حال کا سامنا سندھ کے صحرائی علاقے تھر میں ہے جہاں پچھلے دو مہینوں میں غذا اور ادویات کی عدم دستیابی سے 109 قیمتی جانیں جسم کا ساتھ چھوڑ گئیں جن میں 102 معصوم بچے تھے۔ پاکستان دنیا بھر میں غذائی اجناس پیدا کرنے والا 9 واں بڑا ملک ہے یہاں کی 67 فیصد آبادی دیہاتوں میں رہتی ہے52 فیصد دیہاتی آبادی زراعت سے اپنا روزگار حاصل کرٍتی ہے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے بعدغذائی اجناس کا 24 فیصد حصہ بر آمد کیا جاتا ہے۔ ایسے ملک میں فاقے یا غذائی اشیاء کی قلت کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ پیداوار کم ہے۔قومی ضروریات پوری کرنے کے بعد ایک حصہ برآمد کیا جا تا ہے تو اس کا مطلب ملکی پیداوار ضروریات سے زیادہ ہے پھر بھی بچے فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔ اس غیر طبقاتی سلوک کی وجہ افراطِ زر بن رہاہے ۔سو دی نظام کی تباہ کاریوں اورمعاشی استحصال سے سٹیٹس کَو نے جنم لیا جواجتماعی سطح پر ہمارے اوپر بے حسی کا خول چڑھا رہاہے ۔ پاکستان میں غذائی اشیاء کی قیمتیں رواں مالی سال میں 80 سے120گُنا بڑھ چکی ہیں بے روزگاری کا گراف خطر ناک سطح تک پہنچ رہا ہے اور محنت کش مزدوروں کی ماہانہ تنخواہ اتنی قلیل ہے جس سے وہ اپنے خاندان کی خوراک کا بھی مناسب بندو بست کرنے سے قاصر ہیں ایسے میں گھر کے کسی فرد کا بیمار ہو جانا ایک تکلیف دہ تجربہ ہوتا ہے آپ کا جان سے پیارا موت کے بستر پر پڑا ادویات اور علاج دستیاب نہ ہونے کے سبب آپ کی آنکھوں کے سامنے دم توڑ دے اور آپ کچھ بھی نہ کر سکیں اتنے قابلِ رحم حالات سے گزر کر جب سیاسی صورت ِحال اور قومی ترجیحات پر نظر جاتی ہے تو وہی کرپشن کے میگا سکینڈلز ،ناجائز کمیشن،جعلی ٹینڈر وہی جوڑ توڑ ،ایک دوسرے پر الزامات،جھوٹے سیاسی بیانات،بڑھتے ہوئے بیرونی قرضہ جات ایسا لگتا ہے سبھی جمہوری قوتیں مل کر مقابلے میں قومی اداروں کو کھوکھلا کرنے پر تلی ہیں۔بھلے آپ کو سٹیل مل ،پی آئی اے اور دیگر قو می ادارے خسارے میں جانے کے باعث پرائیویٹا ئز کرنے پڑ رہے ہوں لیکن ان سیاسی سرمایہ داروں کے ذاتی کاروبار تیزی سے ترقی کر تے ہوئے بڑھ رہے ہیں۔ کسی بھی ملک کی اکا نومی تین ڈھانچوں پر استوار ہوتی ہے زراعت ، انڈسٹریل سیکٹراور کامرس تینوں شعبوں میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل زرعی شعبہ ہوتا ہے۔ اس شعبے کی اہمیت زیادہ ہونے کی وجہ لوگوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے غذائی اجناس کی پیداور ممکن بنانا ہوتا ہے جس سے انڈسٹریز کے لئے خام مال پیداہوتا ہے جو 45 فیصد زرمبادلہ فراہم کرکے معاشی بنیادیں مضبوط کرتا ہے ۔ایسے زرخیز ملک میں بھوک وافلاس سے بچے مرنے لگیں اور ان بچوں کی لاشوں پر کھڑے ہو کر اقرباء انواع و اقسام کے کھانے اڑانے لگیں تو اس قوم کی آنے والی نسل کو آنے سے پہلے ہی بھوک و نسل کشی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔اس المیے کا دوسرا رُخ یہ ہے غربت ،جہالت وانتہاپسندی کی باندی دہشت گردی ہمارے تعلیمی اداروں تک پہنچ چکی ہےA.P.S اور با چا خاں یونیورسٹی میں معصوم بچے سفاکی وبربریت کا نشانہ بنے۔سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کی گئی وارننگ میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر اب تک سوالیہ نشان لگا ہوا ہے سکولوں، کالجوں میں ہمارے بچے محفوظ نہیں رہے اور وزارتِ دفاع و وزارتِ داخلہ سیاسی سوتن کا کردار ادا کررہی ہیں ۔ کا سۂ لیسی میں مشغول ہمارے سیاسی اکابرین و قلمی مبصرجن کے اپنے بچے یورپ کے بڑے تعلیمی اداروں میں مہنگی تعلیم حاصل کر رہے ہیں وہ ٹاک شوز میں بیٹھ کر اس بات پر بحث کر رہے ہیں باچا خاں K.P.K میں کیوں دفن نہیں یونیورسٹی ان کے نام پر کیوں ہے؟ ان کی جاہلانہ دانشوری سوال چنا جواب گندم کے مترادف ہے اس وقت دشمن ہمارے تعلیمی اداروں میں ہمارے بچوں پروَار کر رہا ہے انہیں تحفظ فراہم کرنا بے شک سکیورٹی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن جب پولیس فورس کے سربراہ میڈیا بریفنگ میں کہنے لگیں کہ وہ سبھی تعلیمی اداروں کی حفاظت ممکن نہیں بنا سکتے یقیناََ یہ سن کر دشمن قہقہے لگا کر ہنسا ہو گا کیونکہ تعلیمی اداروں کو غیر محفوظ بنانا ہی دشمن کا اصل ہدف ہے۔سچائی کی کڑواہٹ ہونٹوں تک آئے تو زبان جلتی ہے تعلیمی اداروں کو غیر محفوظ کرنے کے بعد دشمن کا اگلا ہدف جوہری اثاثوں کو غیر محفوظ کرناہے عالمی منظر نامے میں پاکستان کی سیکیورٹی کو ناقص اورجوہری اثاثہ جات غیر محفوظ ثابت کرنے کے جواز پیدا کرنے کابندوبست کیا جا رہا ہے پٹھان کوٹ سانحے کے بعد انڈین وزیر کی کھلی دھمکی اورباچا خاں حملے میں استعمال ہونے والے ٹی. ٹی .پی کے سپورٹرز کو آئی ایس پی آر کی جانب سے ثبوتوں سمیت پیش کیا جانا اس حملے کو افغانستان سے براہِ راست آپریٹ کیے جانے کے واضع پروف ثابت کرتے ہیں ہمارے بچوں کو مارنے کے لئے انڈیا سے فنڈنگ کی جا رہی ہے سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ انڈیا میں حملہ ہوتا ہے تو وزارتِ عظمی سمیت وزارتِ خارجہ وداخلہ کو پاکستان کی پوزیشن واضع کرنے کے لئے علیحدہ علیحدہ بیان جاری کرنے پڑتے ہیں لیکن چار سدہ حملے میں آئی ایس پی آر کی جانب سے تمام ثبوت پیش کیے جانے کے بعد بھی اب تک سفارتی سطح پر انڈیا کے خلاف کوئی احتجاجی ردِعمل دیکھنے میں نہیں آیا ایک طرف دہشت گرد بچوں کو نشانے پر لئے ہوئے ہیں تو دوسری طرف ہمارے بچے بھوک کے نشانے پر ہیں دونو ں صورتوں میں نشانے کی زد میں ہمارے معصوم بچے ہیں آپ دہشت گردی کے خلاف بڑے آپریشن کریں ضربِ عضب کی کامیابیوں پر جتنی مرضی خوشیاں منائیں۔آپ تمام ملک کے تعلیمی اداروں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے میں کامیابی حاصل کر لیں لیکن بھوک کے ہاتھوں فاقوں سے مرنے والے میری قوم کے بچوں کو محفوظ کرنے کے اقدام کیے بنا کسی کامیابی کا کوئی کریڈٹ کبھی نہیں سمیٹ سکتے۔بچے پھر بھی مرتے رہیں گے۔
Zahid Mehmood
About the Author: Zahid Mehmood Read More Articles by Zahid Mehmood: 57 Articles with 81615 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.