راولپنڈی کے ایک اچھے عوامی نمائندے کا تعارف

خالد سعید بٹ ---- عوامی خدمت کی ایک مثال
کسی بھی عوامی نمائندے سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے علاقے کی فلاح و بہبود اور لوگوں کی خدمت کو اپنا وطیرہ بنائے رکھے۔ یہ ایک عالمگیر حقیقت ہے لیکن ہمارے ملک میں ایسا کرنے والے لوگ آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ تاہم مایوسی کی بات نہیں ،کہیں کہیں ایسے نمونے مل جاتے ہیں جن کو بطور مثال پیش کیا جا سکتا ہے۔ اگلے دن یہ دیکھ کر میری آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں کہ راولپنڈی کے ایک سابق ڈپٹی میئر گارے میں لت پت ہو کر اپنے علاقے کی ایک سڑک کو مرمت کر وا رہے تھے۔ وہ چاہتے تو کسی کرسی پر بیٹھ کر لوگوں سے یہ کام لے سکتے تھے لیکن انہوں نے خود مزدوروں کے درمیان رہ کر انکی نگرانی کا فریضہ انجام دیا ۔

راقم سے رہا نہ گیا اور ان سے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ وہ اپنی پوشاک کو بھی لت پت کر کے یہ کام کروا رہے ہیں۔ ان کا جواب تھا کہ کوالٹی کو برقرار رکھنا لازم ہوتا ہے اگر اس موقع پر تھوڑی سی بھی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے تو تعمیر شدہ سڑک تیزی سے خراب ہو جاتی ہے اور قومی خزانے کا نقصان ہو تا ہے ۔

بطور مثال پیش کرتے ہوئے فخر سے بتانا لازم ہے کہ ہماری ممدوح شخصیت خالد سعید بٹ ہیں جو راولپنڈی کے سابق ڈپٹی میئر رہ چکے ہیں اور اب یونین کونسل نمبر ۲۳، ڈھوک کشمیریاں ، راولپنڈی کے چیئر مین ہیں۔ اے کاش! دیگر عوامی نمائندے بھی ان کی راہ پر چلیں ۔ راولپنڈی کے اسی علاقے سے جس شخصیت کو چاؤ چونچلے سے رکنِ قومی اسمبلی چنا گیا تھا وہ پورے ملک کو تبدیل کرنے نکل کھڑے ہوئے لیکن اپنے حلقے کی مڑ کر خبر تک نہ لی۔ یہ خالد سعید بٹ طرز کے لوگ ہیں جو اب تک اپنے لوگوں سے دور نہیں ہوئے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ باقی علاقوں کے نمائندگان بھی خالد سعید بٹ کی راہ پر چلیں ۔ خالد سعید بٹ کے ساتھ ساتھ ان کے نائب چیئر مین فرحت عباس شاہ بھی اسی راہ پر گامزن ہیں۔ اُمید ہے کہ ان کے دور میں یونین کونسل نمبر 23ڈھوک کشمیریاں، راولپنڈی ایک مثالی بلدیاتی ادارہ بن جائے گا۔
Syed Muzamil Hussain
About the Author: Syed Muzamil Hussain Read More Articles by Syed Muzamil Hussain: 41 Articles with 68555 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.